وزیراعظم پاکستان کی آذربائیجان کو یومِ فتح کی چھٹی سالگرہ پر مبارکباد

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آذربائیجان کے یومِ فتح کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 نومبر آذربائیجان کی قوم کے حوصلے، عزم اور بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ آذربائیجان نے تقریباً تین دہائیوں کے بعد اپنی علاقائی سالمیت بحال کی، جو اس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی آذربائیجان کے ساتھ کھڑا تھا اور آئندہ بھی اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دوستی مضبوط اور ناقابلِ شکست ہیں۔
وزیراعظم نے گزشتہ سال باکو میں یومِ فتح کی پریڈ میں صدر الہام علیوف کے ہمراہ شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ یہ تقریب پاکستان اور آذربائیجان کے گہرے تعلقات کی عکاس تھی۔
انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں حاصل کرے جبکہ جنوبی قفقاز کا خطہ پائیدار امن اور مشترکہ خوشحالی کی جانب آگے بڑھے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی تعاون اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں





