Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایک خواب سے تعبیر تک،تحریر: عائشہ گُل

نقطہ نظر
ayeshagul

مجھ سے میری پیاری بہنیں اور دوستیں اکثر پوچھتی ہیں کہ معراجِ قلم کا خیال کیسے آیا؟ تو آج میں دل کی بات کہنا چاہتی ہوں۔ میں نے دیکھا کہ ہماری بہنوں کے دلوں میں سمندر جیسے جذبات ہیں، وہ بہت اچھا لکھتی ہیں لیکن ان کے الفاظ ڈائریوں میں قید رہ جاتے تھے، ان کے پاس کوئی اپنا ادارہ نہیں تھا۔ اور اگر کہیں انہیں پلیٹ فارم ملا بھی تو وہاں بھی ان کی آنکھوں میں انتظار ہی رہتا تھا، ہر روز یہی صدا ہوتی تھی کہ ہماری تحریر شائع نہیں ہوئی برائے کرم لگا دیجیے، ایک ایک تحریر کے لیے کئی کئی دن انتظار کرنا پڑتا تھا، یہ بے بسی میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھی۔


تب میں نے سوچا کیوں نہ ایک ایسا ادارہ بنایا جائے جہاں کسی بہن کو اپنی تحریر کے لیے انتظار نہ کرنا پڑے۔ بس اسی معصوم سی دعا سے معراجِ قلم کا بیج بویا تھا۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اللہ اسے اتنی جلدی اتنا بڑا درخت بنا دے گا۔ آج دو ماہ میں یہ ایک گروپ نہیں ایک خاندان بن چکا ہے۔ اور آج میری سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ وہ انتظار والا دور ختم ہو گیا، جب کوئی پیاری بہن آ کر کہتی ہے کہ آج میری تحریر پہلی بار اخبار میں شائع ہوئی ہے تو مجھے بڑے سکون کی نیند آتی ہے، لگتا ہے ہم خدمتِ خلق میں اپنا حصہ ادا کر رہے ہیں۔


الحمدللہ ہمارا ادارہ آج صرف ایک اخبار سے منسلک نہیں بلکہ آل نیوز پیپر کے نام سے مشہور ہے جس میں بہت سے اخبارات آ جاتے ہیں۔ ہمارا اہم اور معتبر اخبار روزنامہ آزاد ریاست ہے، اس کے ساتھ آغازِ صحافت، روزنامہ قائد اخبار سمیت دیگر اخبارات نے ہماری بہنوں کے قلم کو جو عزت دی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ اس سارے خواب کو حقیقت بنانے میں جس ہستی کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا وہ محترم معین کمالی صاحب ہیں، ان کے دم سے اس گروپ کی رونق ہے اور تمام اخبارات کی رونق بحال ہے، ان کی بے لوث خدمت کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔میں ان کی تہہ دل سے مشکور ہوں، اللہ انہیں ہمیشہ سلامت رکھے آمین۔


میں اپنی پیاری اور باہمت انتظامیہ ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں، جو خاموشی سے دن رات اس ادارے کو سنبھالے ہوئے ہے، آپ لوگوں نے اپنی مصروفیات میں سے قیمتی وقت نکال کر جس خلوص اور محبت سے اس کارواں کو اپنا وقت دیا ہے، میں اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتی، آپ سب میری طاقت ہیں، اللہ آپ سب کو سلامت رکھے اور آپ کی اس بے لوث خدمت کا بہترین صلہ عطا فرمائے آمین۔


ہم سب نے مل کر معراجِ قلم کو اس کی حقیقی بلندیوں تک پہنچانا ہے تو اس میں مجھے آپ سب کے ساتھ کی ضرورت ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ جس طرح ان دو ماہ میں آپ سب نے ساتھ دیا، نئے ممبرز ایڈ کروائے، اپنے اخبارات اور اپنی تحریروں کی تشہیر سٹیٹس پر کی، آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا اور ہمارا یہ کارواں ایک دن بہت بڑا قافلہ بن جائے گا ان شاء اللہ الکریم۔ میں تو خود بھی آپ سب کی طرح سیکھنے والی ایک چھوٹی سی لکھاری ہوں، یہ میرا گروپ نہیں ہم سب کا گھر ہے، اللہ اسے سلامت رکھے اور ہم سب کو ایک دوسرے کے لیے آسانیاں بانٹنے والا بنائے۔ آمین یا رب العلمین