ہفتہ، 21 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایک بیج، ایک امید، تحریر: سیدہ الماس فاطمہ

نقطہ نظر
almas fatimah

صبح سویرے جب زید اسکول جانے کے لیے گھر سے باہر نکلا تو چاروں طرف پھیلی گہری دھند اور دھوئیں کی تہہ نے اسے رکنے پر مجبور کر دیا۔ ہوا میں عجیب سی کڑواہٹ تھی اور سانس لینا بھی دشوار محسوس ہو رہا تھا۔ اس نے سوچا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نظامِ زندگی کس قدر بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ہر گزرتے سال کے ساتھ موسمِ سرما کی شدت اور اسموگ میں بے پناہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف اسکولوں میں چھٹیاں ہو جاتی ہیں بلکہ بیماریاں بھی تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

اس دن زید نے دل ہی دل میں ایک پختہ عہد کیا کہ وہ محض شکوہ کرنے کے بجائے عملی قدم اٹھائے گا۔ اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی جیب خرچ سے زیادہ سے زیادہ درختوں کے بیج خرید کر لائے گا، اور اس کے ساتھ ساتھ گھر میں جتنے بھی موسمی پھل آتے ہیں، ان سب کے بیج بھی سنبھال کر جمع کرے گا۔ اس نے منصوبہ بنایا کہ اس طرح گھر کا ہر فرد اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے گا اور وہ محلے کے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی مشورہ دے گا کہ سب مل کر ایک شجر کاری مہم چلائیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے اس ماحول کو بچایا جا سکے۔

گھر واپس آ کر زید نے جب اپنا یہ ارادہ امی کو بتایا تو وہ بہت خوش ہوئیں۔ دراصل زید کی امی کو بھی باغبانی کا بہت شوق تھا اور وہ اکثر پھلوں کے بیج جمع کرتی تھیں، لیکن مسئلہ یہ ہوتا تھا کہ صفائی کرتے وقت کبھی کسی کا ہاتھ لگ جاتا تو وہ بیج گر کر ادھر اُدھر بکھر جاتے اور ضائع ہو جاتے تھے۔ اس بار امی نے زید کے جوش و جذبے کو دیکھتے ہوئے بڑی سمجھ داری سے کام لیا۔ انہوں نے جمع کیے گئے تمام بیجوں کو ایک پرانے مٹی کے گلاس میں احتیاط سے چھپا کر محفوظ رکھا اور جیسے ہی مٹی نم ہوئی، موقع ملتے ہی انہیں گھر کی کیاری میں دبا دیا۔ زید روزانہ اسکول سے آ کر ان کیاریوں کو پانی دیتا اور بڑی بے صبری سے کسی کونپل کے پھوٹنے کا انتظار کرتا۔

کچھ دنوں کی مسلسل دیکھ بھال کے بعد ایک صبح زید کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی، جب اس کے اپنے ہاتھوں سے لگایا ہوا کھجور کا ننھا سا پودا مٹی کا سینہ چیر کر باہر نکلا۔ اس ننھی سی کونپل کو دیکھ کر زید کو یوں لگا جیسے اس کی محنت رنگ لے آئی ہو اور ماحول کو بہتر بنانے کی پہلی کرن پھوٹ پڑی ہو۔ اس نے بڑی محبت اور احتیاط سے اس ننھے پودے کو ایک خوبصورت گملے میں الگ سے منتقل کیا، تاکہ اس کی جڑیں مضبوط ہو سکیں۔ چند ہفتوں بعد جب پودا تھوڑا سنبھل گیا تو زید اسے اٹھا کر باہر لے گیا اور محلے کی مسجد کے پاس ایک محفوظ جگہ پر رکھوا دیا۔

مسجد کے باہر گملا رکھوانے کے بعد زید نے باقی بچے ہوئے کچھ بیج بھی مسجد کی کیاری کی نرم مٹی میں ڈال دیے اور ان پر ہلکا سا پانی چھڑک دیا۔ واپسی پر اس کے چہرے پر ایک عجیب سا اطمینان تھا۔ اس کے دل میں یہ نیک خواہش موجزن تھی کہ جب یہ ننھے بیج اور پودے وقت کے ساتھ بڑے ہو کر گھنے اور سایہ دار درخت بنیں گے، تو گرمیوں کی تپتی دوپہر میں نمازیوں اور راہ گیروں کو ٹھنڈی چھاؤں اور تازہ ہوا میسر آئے گی۔ یہ درخت نہ صرف اسموگ اور آلودگی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ ان کی ٹھنڈی چھاؤں میں بیٹھنے والوں کے دل سے نکلنے والی ڈھیروں دعائیں اس کے لیے صدقہ جاریہ بھی بنیں گی۔ واقعی، ایک چھوٹا سا بیج بھی اگر خلوصِ نیت سے بویا جائے تو وہ پورے معاشرے کے لیے امید کی کرن بن سکتا ہے۔