’’مل کر سیاسی جدوجہد کریں گے‘‘مولانا فضل رحمان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے، علامہ ناصرعباس

اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ ہم نے مولانا صاحب کو عمرے کی مبارکباد دیکر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے،ہم سب ملکر مشترکہ سیاسی جدوجہد کریں گے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستان کے بیٹے ہیں، اس وطن کی مشکلات سے لاتعلق نہیں رہ سکتے،ہروز پاکستان کی صورتحال بد سے بدتر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان ون مین شو کے خلاف کھڑے ہوتے ہیں،سیاستدانوں میں لچک ہوتی ہے اور مایوس نہیں ہوتے،مولانا صاحب کی طرح ہم بھی ایک متفقہ ایجنڈے کے متقاضی ہیں۔ علامہ ناصر کا مزید کہنا تھا کہ جو ایجنڈا مشاورت سے بنے گا اس میں پورے پاکستان کے مسائل کا حل ہو گا،جہاں سیاسی عمل روک دیا جائے وہاں انتہا پسند رویے پروان چڑھتے ہیں،مولانا صاحب نے کے پی میں گورنر راج اور ایمرجنسی کو مسترد کر دیا،مولانا کے مطابق کے پی میں گورنر راج اور ایمرجنسی مسائل کا حل نہیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ اس ملک میں عوام اور ریاست کے درمیان جبر کے رشتے کو ختم ہونا چاہیے،مذاکرات کے لیے مزید وقت آئے گا،مہنگائی اور بیروزگاری کے مسائل ہیں ہم نے ان تمام زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔ سلمان اکرم راجا کامزید کہنا تھا کہ عمران خان کے لیے آئین و قانون کی لڑائی ہے، ہمیں یہ لڑائی جیتنی ہے۔





