دنیا کے مذاہب اور معاشرتی نظاموں میں اسلام وہ دین ہے جس نے عورت کو عزت و احترام کے ساتھ اس کے بنیادی حقوق عطا کیے اور وراثت میں بھی اس کا حصہ مقرر کیا۔ اسلام سے پہلے عرب معاشرے میں عورت کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ تھی۔ بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، عورت کو وراثت کا حق حاصل نہیں تھا اور اسے اکثر خاندان کی ملکیت سمجھا جاتا تھا۔ ایسے دور میں اسلام نے عورت کو عزت، تحفظ اور معاشرتی مقام عطا کیا اور اس کے حقوق کو واضح طور پر متعین کیا۔ عورت چاہے ماں ہو، بہن، بیٹی یا بیوی، اسلام نے ہر رشتے کی حیثیت سے اس کے حقوق بیان کیے ہیں، جن میں وراثت کا حق بھی شامل ہے۔
اسلام میں وراثتی معاملات میں مرد کو عورت کے مقابلے میں دوگنا حصہ دیا گیا ہے، یعنی عورت کا حصہ مرد کے حصے سے نصف ہوتا ہے، اس کے باوجود ہمارے معاشرے میں عورت کو اس مقررہ حصے سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔ قرآنِ پاک کی سورۃ النساء، آیت نمبر 7 میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
ترجمہ: مردوں کے لیے بھی اس مال میں حصہ ہے جو والدین اور قریبی رشتہ دار چھوڑ جائیں اور عورتوں کے لیے بھی اس مال میں حصہ ہے جو والدین اور قریبی رشتہ دار چھوڑ جائیں، خواہ وہ مال تھوڑا ہو یا زیادہ۔ یہ حصہ مقرر کیا ہوا ہے۔ (النساء: 7)
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ وراثت میں عورت کا حق کسی کی مہربانی یا احسان نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ شرعی حق ہے، جسے کسی رسم و رواج، خاندانی روایت یا ذاتی فیصلے کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔
افسوس کہ آج بھی ہمارے معاشرے میں عورت کو وراثت سے محروم کرنے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔ بعض علاقوں اور قبائلی معاشروں میں تو عورت کو زبردستی اس کے حق سے دستبردار کروا دیا جاتا ہے۔ کہیں اس سے خالی کاغذات یا دستبرداری کی دستاویزات پر دستخط کروا لیے جاتے ہیں اور کہیں محبت، رشتوں اور خاندانی عزت کا واسطہ دے کر اس کی آواز دبا دی جاتی ہے۔ یہ رویہ صرف غیر تعلیم یافتہ طبقے تک محدود نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کے پڑھے لکھے اور باشعور سمجھے جانے والے لوگ بھی بعض اوقات اس ناانصافی میں شریک ہوتے ہیں۔
سب سے زیادہ افسوس ناک صورت اس وقت سامنے آتی ہے جب والدین اپنی بیٹیوں کو ہی وراثت کے حق سے دستبردار ہونے پر مجبور کرتے ہیں۔ انہیں یہ کہہ کر خاموش کروا دیا جاتا ہے کہ تم نے شادی کے بعد اسی بھائی کے گھر آنا ہے، کیا اپنے بھائی سے وراثت کا حصہ مانگتے ہوئے تمہیں اچھا لگے گا؟ ہمارے مرنے کے بعد تم نے اپنے بھائیوں کے سہارے ہی رہنا ہے، اگر آج حصہ مانگو گی تو کل اس گھر میں تمہاری عزت اور جگہ کہاں باقی رہے گی؟ بعض اوقات تو یہاں تک کہہ دیا جاتا ہے کہ اگر تم نے حصہ مانگا تو بھائیوں سے تعلقات خراب ہو جائیں گے اور تمہارا اس گھر سے رشتہ ختم ہو جائے گا۔
یہ دراصل جذباتی اور نفسیاتی دباؤ کے وہ حربے ہیں جن کے ذریعے عورت کو اس کے جائز حق سے محروم کیا جاتا ہے۔ رشتوں کی محبت کو وراثت کے مطالبے کے خلاف استعمال کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ کیا ایک بیٹی کا اپنے والدین کی جائیداد میں حصہ مانگنا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ اپنے بھائیوں سے محبت نہیں کرتی؟ کیا اپنے شرعی حق کا مطالبہ کرنا رشتوں سے بے وفائی ہے؟ یقیناً نہیں۔ محبت اور حق دو الگ معاملات ہیں۔ ایک بہن اپنے بھائیوں سے محبت بھی کر سکتی ہے اور اپنے شرعی حصے کی حق دار بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام نے تو اس معاملے میں کسی ابہام کی گنجائش ہی نہیں چھوڑی۔ سورۃ النساء، آیت نمبر 11 میں اللہ تعالیٰ نے وراثت کی تقسیم کے اصول بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلَادِكُمْ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنثَيَيْنِ
ترجمہ: اللہ تمہیں تمہاری اولاد کے بارے میں حکم دیتا ہے کہ ایک مرد کا حصہ دو عورتوں کے حصے کے برابر ہے۔ (النساء: 11)
یہاں یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ وراثت کی تقسیم کے احکامات مختلف رشتوں اور حالات کے مطابق ہیں۔ کیونکہ بعض معاملات میں ایک بیٹی ہونے کی صورت میں وراثت کے حق میں اور رشتے دار بھی شامل ہو جاتے ہیں۔ اس لیے وراثتی معاملات میں قرآن اور قانون کی رہنمائی بہت ضروری ہے
قرآنِ پاک نے صرف عورت کا حصہ مقرر نہیں کیا بلکہ دوسروں کے حقوق پر ناجائز قبضے سے بھی روکا ہے۔ سورۃ النساء، آیت نمبر 29 میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
وَلَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُم بَيْنَكُم بِالْبَاطِلِ
ترجمہ: اور آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق طریقے سے نہ کھاؤ۔ (النساء: 29)
اس حکم کی روشنی میں کسی کا جائز وراثتی حصہ دبانا بھی ایک سنگین ناانصافی ہے۔ اسی طرح سورۃ النساء، آیت نمبر 19 میں عورتوں کے ساتھ زبردستی اور ناروا سلوک سے منع کیا گیا ہے اور ان کے ساتھ بھلے طریقے سے زندگی گزارنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ہمارے معاشرے میں ایک اور عام غلط فہمی یہ ہے کہ شادی کے موقع پر بیٹی کو جہیز دے دینے کے بعد اسے وراثت کا حق نہیں ملنا چاہیے۔ حالانکہ جہیز اور وراثت دو الگ معاملات ہیں۔ جہیز والدین کی طرف سے شادی کے موقع پر دیا جانے والا سامان ہے، جبکہ وراثت اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ حق ہے۔ ایک چیز دوسری کا متبادل نہیں بن سکتی۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی سوچ اور رویوں میں تبدیلی لائیں۔ بیٹیوں کو بوجھ نہیں بلکہ اپنی ذمہ داری اور امانت سمجھیں۔ بہنوں کو محبت کے نام پر ان کے حقوق سے محروم نہ کریں اور بیٹوں کی ایسی تربیت کریں کہ وہ اپنی بہنوں کا حق خوش دلی سے ادا کرنا سیکھیں۔ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی زندگی میں ہی وراثت کے معاملات واضح اور شرعی اصولوں کے مطابق طے کریں تاکہ ان کے بعد اولاد میں ناانصافی اور اختلافات جنم نہ لیں۔
عورت کا وراثتی حق کسی بھائی کی سخاوت، والدین کی مرضی یا خاندان کی روایت کا محتاج نہیں۔ یہ وہ حق ہے جو اللہ تعالیٰ نے خود مقرر کیا ہے۔ اگر ہم واقعی اپنی بیٹیوں کو عزت دینا چاہتے ہیں تو انہیں صرف محبت بھرے رشتے ہی نہیں بلکہ ان کے جائز حقوق بھی دینے ہوں گے۔ کیونکہ عورت کو عزت دینے کا دعویٰ اس وقت تک ادھورا ہے جب تک اسے اس کا حق نہ دیا جائے۔
عورت کو وراثت میں حصہ دینا احسان نہیں، اللہ کے حکم کی تعمیل ہے۔
مزید پڑھیں






