منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اپنی معیار زندگی سادہ کیجئے،تحریر:ندیم یعقوب گوہر

نقطہ نظر
nadeem yaqoob gohar

شام کا وقت تھا، جب سورج ڈھل رہا تھا اور میں اپنے گھر کے برآمدے میں چائے کا کپ ہاتھ میں لیے بیٹھا تھا سامنے والے گھر کی طرف نگاہ گئی تو وہاں ایک بہت بڑی گاڑی کھڑی تھی جس سے نئے اور چمکتے ہوئے گھریلو سامان کی بڑی بڑی پیٹیاں اور ڈبے اتاریں جا رہی تھیں۔ یہ دیکھ کر مجھے اپنا پچھلا ہفتہ یاد آ گیا جب میں نے خود بازار جا کر کتنی ہی ایسی چیزیں خرید لی تھیں جن کی مجھے کوئی خاص ضرورت نہیں تھی، بس وہ دیکھنے میں اچھی لگ رہی تھیں یا بازار میں ان کا چرچا تھا۔ اس کو دیکھ کر لوگ داد دیےبغیر نہیں رہ سکتے تھے پھر اس منظر کو دیکھ کر اچانک میرے دل میں ایک عجیب سا سوال اٹھا کہ آخر ہم انسانوں نے اپنی زندگی اتنی الجھا کیوں رکھی ہے؟ کیوں ہم نے سادگی کو چھوڑ کر اس بے مقصد دوڑ کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا ہے؟ کیا زندگی واقعی اتنی ہی بھاری اور تھکا دینے والی ہے جتنا ہم نے اسے خود اپنے لیے بنا لیا ہے؟


یہ سوال مجھے اندر تک ہلا گیا۔ میں نے سوچا کہ ہم بچپن سے لے کر بڑھاپے تک بس جمع کرنے کی دھن میں لگے رہتے ہیں۔ کبھی دولت، کبھی سامان، کبھی تعلقات اور کبھی محض دکھاوے کے رشتے۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ جس زمین پر ہم چل رہے ہیں، یہاں ہمارا قیام عارضی ہے۔ جب میں نے اپنے کمرے کے گردونواح پر نظر ڈالی تو الماریاں ایسی چیزوں سے بھری ہوئی تھیں جو پچھلے کئی سالوں سے استعمال ہی نہیں ہوئی تھیں۔ وہ الماریاں صرف جگہ گھیر رہی تھیں بلکہ میرے ذہن پر بھی ایک بوجھ بنی ہوئی تھیں۔ اس دن مجھے احساس ہوا کہ زندگی کی خوبصورتی زیادہ چیزوں میں نہیں بلکہ کم چیزوں میں چھپی ہے۔ سادگی کوئی محرومی یا مجبوری کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ ایک شعوری انتخاب ہے، ایک ایسا فن ہے جو انسان کو مادی زنجیروں سے آزاد کر کے روح کا سکون بخشتا ہے۔


اگر ہم اپنی زندگی کو قریب سے دیکھیں تو پتہ چلے گا کہ ہماری زیادہ تر پریشانیوں کی جڑ ہماری مالیاتی بے اعتدالی ہے۔ ہم اپنی چادر دیکھے بغیر پاؤں پھیلانے کی عادت میں مبتلا ہیں۔ معاشرے میں اپنی دھمک جمانے یا دوسروں کو دکھانے کے لیے مہنگے فون، گاڑی اور لگژری سامان خریدنے کی خاطر ہم کریڈٹ کارڈز اور قرضوں کے ایسے چکر میں پھنس جاتے ہیں جو عمر بھر کی فکری غلامی بن جاتا ہے۔ ہم "خواہشات" اور "ضروریات" کا فرق ہی بھول چکے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ جو چیزیں ہماری بنیادی ضرورت نہیں ہیں، ان کے بغیر بھی ایک پرسکون زندگی گزاری جا سکتی ہے۔ سادگی کا پہلا اصول یہی ہے کہ انسان اپنے اخراجات میں اعتدال پیدا کرے، نقد ادائیگی کو ترجیح دے اور فضول خرچی سے توبہ کرے۔ جب ہم یہ طے کر لیتے ہیں کہ ہم نے دکھاوے کی زندگی نہیں گزارنی، تو دل کا ادھا بوجھ تو ویسے ہی ہلکا ہو جاتا ہے۔


مالیاتی سادگی کے بعد ہماری زندگی کا دوسرا بڑا میدان ہمارا ڈیجیٹل اور وقت کا استعمال ہے۔ آج کے دور میں ٹیکنالوجی نے ہمیں سہولت کم اور غلام زیادہ بنا دیا ہے۔ ہمارے ہاتھ میں موجود فون ہر لمحہ بیپ کرتا رہتا ہے، اور ہم بے اختیار ہر نوٹیفیکیشن کو دیکھنے کے لیے دوڑ پڑتے ہیں۔ دن بھر سوشل میڈیا کی خبروں، فالتو پیغامات اور بے مقصد سکرین ٹائم نے ہمارے دماغ کو ایک جنگ میدان بنا دیا ہے۔ اس ذہنی انتشار سے نکلنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ غیر ضروری نوٹیفیکیشنز ہمیشہ کے لیے بند کر دیے جائیں۔ ایک وقت میں ایک ہی کام پر توجہ دینے کی عادت ڈالی جائے، کیونکہ بیک وقت کئی کام کرنے کا مغالطہ ہمارے اعصاب کو چھلنی کر دیتا ہے۔ دن میں کم از کم پندره بیس منٹ ایسے ہونے چاہیے جب فون، ٹی وی اور دنیا کا شور ہم سے کوسوں دور ہو؛ صرف ہم ہوں، ہماری تنہائی ہو اور ہمارا اپنا دل ہو۔


ہمارا گھر اور ماحول بھی ہمارے اندرونی سکون پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ اگر ہمارے اردگرد سامان کا انبار لگا ہے، کمرے بند اور گھٹن زدہ ہیں، تو ہمارا دل بھی گھٹن محسوس کرے گا۔ ہمیں اپنے گھروں میں کھلی فضا اور قدرتی روشنی کا استقبال کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ایک بہت زبردست اصول یہ ہے کہ گھر میں کوئی بھی نئی چیز لانے سے پہلے پرانی یا غیر ضروری چیز کو صدقہ کر دیا جائے تاکہ سامان کا ڈھیر نہ لگے۔ بالکل اسی طرح، ہمارے رشتے بھی سادگی کے متقاضی ہیں۔ ہم لوگوں سے بے پناہ توقعات باندھ لیتے ہیں اور جب وہ پوری نہیں ہوتیں تو دل شکستہ ہو جاتے ہیں۔ نیکی کریں اور بدلے میں شکریہ یا صلے کی امید بالکل نہ رکھیں، کیونکہ توقعات کا نہ ہونا ہی مایوسی کے دروازے بند کر دیتا ہے۔ ہر بات کا جواب دینا یا ہر بحث میں جیتنا ضروری نہیں ہوتا؛ کئی مقامات پر خاموشی اختیار کر لینا انسان کو بہت بڑے ذہنی سکون سے نوازتا ہے۔


جب انسان اپنی سوچ اور نیت کو سادہ کر لیتا ہے، تو اس کی آدھی بیماریاں خود بخود ختم ہو جاتی ہیں۔ ہم یا تو گزرے ہوئے کل کے پچھتاووں میں گھیرے رہتے ہیں یا آنے والے کل کی فکروں میں گھلتے رہتے ہیں۔ ہم اس حقیقت کو بھول جاتے ہیں کہ نہ تو گزرا ہوا کل ہمارے اختیار میں ہے اور نہ آنے والا کل۔ ہمارے پاس جو کچھ ہے، وہ صرف اور صرف یہ موجودہ لمحہ ہے، اور اسی کو بہترین بنانا ہماری اصل ذمے داری ہے۔ قناعت وہ دولت ہے جو انسان کو دنیا کا سب سے امیر ترین شخص بنا دیتی ہے۔ جب دل میں یہ احساس بیٹھ جائے کہ اللہ نے ہمیں ہماری ضرورت سے کہیں زیادہ عطا کیا ہے، تو حرص اور حسد کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔ سادگی انسان کو ہلکا پھلکا کر دیتی ہے، اس کے قدموں میں بوجھ نہیں رہتا اور وہ زندگی کی اصل مٹھاس کو محسوس کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔