یومِ اقبالؒ: عقیدت کے پھول یا عمل کے چراغ؟تحریر: یاسمین اختر طوبیٰ
نقطہ نظر
نومبر کی خنک ہواؤں میں جب یومِ اقبالؒ آتا ہے تو فضا میں ایک مانوس گونج سنائی دینے لگتی ہے۔ کہیں اقبالؒ کے اشعار پڑھے جاتے ہیں، کہیں تقریری مقابلے اور سیمینار منعقد ہوتے ہیں، تعلیمی اداروں میں تقریبات سجتی ہیں اور سوشل میڈیا پر عقیدت کے پیغامات کا سیلاب آ جاتا ہے۔ مگر کیا اقبالؒ کو یاد کرنے کا حق صرف چند اشعار پڑھنے اور رسمی خراجِ عقیدت پیش کرنے سے ادا ہو جاتا ہے؟ کیا وہ آج بھی ہم سے کسی عملی تبدیلی کے منتظر نہیں؟
اقبالؒ محض شاعر نہیں بلکہ ایک عہد ساز مفکر اور ملت کے نبض شناس رہنما تھے۔ ان کی شاعری میں ایک سوئی ہوئی قوم کو جگانے، غلام ذہنوں کو آزادی کا شعور دینے اور انسان کو اس کی حقیقی عظمت سے روشناس کرانے کا پیغام موجود ہے۔ انہوں نے انسان کو اپنی ذات پہچاننے، صلاحیتوں پر اعتماد کرنے اور اپنی منزل خود متعین کرنے کا درس دیا۔ ان کا فلسفۂ خودی کیا صرف کتابوں اور اشعار تک محدود رہنے کے لیے تھا یا اس کا مقصد انسان کو خوددار، باعمل اور ذمہ دار بنانا بھی تھا؟
اقبالؒ کا شاہین بلند پروازی، خودداری، جرأت اور مسلسل جدوجہد کی علامت ہے۔ مگر کیا ہماری نئی نسل کو بھی وہی بلند پروازی نصیب ہو رہی ہے جس کا خواب اقبالؒ نے دیکھا تھا؟ کیا ہم بچوں کو محنت، تحقیق اور خود اعتمادی کا سبق دے رہے ہیں یا انہیں محض نمبروں، ڈگریوں اور ملازمت کی دوڑ میں شامل کر کے اپنی ذمہ داری سے پوری طرح عہدہ برآ ہو جاتے ہیں؟ شاہین کی پرواز صرف نظموں میں اچھی لگتی ہے یا اسے عملی زندگی میں بھی جگہ ملنی چاہیے؟
اقبالؒ نوجوانوں کو قوم کا مستقبل سمجھتے تھے۔ ان کا نوجوان مایوسی کا اسیر نہیں بلکہ امید کا علم بردار اور حالات کا رخ بدلنے کا حوصلہ رکھنے والا ہے لیکن آج بے روزگاری، معاشی دباؤ، تعلیمی عدم مساوات اور محدود مواقع نے نوجوانوں کے خوابوں کو متاثر کر رکھا ہے۔ کیا ہم نے ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے مناسب مواقع پیدا کیے ہیں؟ کیا انہیں صرف اقبالؒ کے اشعار سناتے ہیں یا ان کے خوابوں کی تعبیر کے لیے راستے بھی ہموار کرتے ہیں؟
یہ سوال صرف نوجوانوں کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے۔ اقبالؒ نے خودی، اتحاد، یقینِ محکم اور عملِ پیہم کا درس دیا مگر کیا یہ ہماری اجتماعی زندگی کا حصہ بن سکے؟ کیا ہمارے معاملات میں دیانت داری، رویوں میں برداشت، فیصلوں میں انصاف اور کردار میں ذمہ داری دکھائی دیتی ہے؟ ہم اتحاد کی بات کرتے ہیں مگر اختلافِ رائے کو دشمنی بنا لیتے ہیں۔ ترقی کے خواب دیکھتے ہیں مگر اجتماعی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرتے ہیں۔ آخر یہ تضاد کب تک جاری رہے گا؟
اقبالؒ کے نزدیک تعلیم محض معلومات جمع کرنے یا سند حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ شخصیت کی تعمیر اور صلاحیتوں کو بیدار کرنے کا ذریعہ تھی۔ آج ہمیں اپنے تعلیمی نظام کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ آیا ہماری درس گاہیں سوچنے، سوال کرنے، تحقیق کرنے اور مسائل کا حل تلاش کرنے والی نسل تیار کر رہی ہیں؟ اگر تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود معاشرے میں بدعنوانی، عدم برداشت اور خود غرضی بڑھتی رہے تو ہمیں اپنے تعلیمی مقاصد پر نظرثانی ضرور کرنی چاہیے۔
اقبالؒ نے انسان کو عمل، جدوجہد اور مسلسل ارتقا کا پیغام دیا۔ وہ تقدیر کے نام پر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھنے کے قائل نہیں تھے مگر ہماری اجتماعی روش یہ ہے کہ مسائل کا حل تلاش کرنے کے بجائے دوسروں کو ذمہ دار ٹھہرا کر مطمئن ہو جاتے ہیں۔ کبھی حالات کو کوستے ہیں، کبھی نظام کو اور کبھی قسمت کو۔ حالانکہ تبدیلی کا آغاز اپنی ذات سے ہوتا ہے۔ اگر ہر فرد اپنی ذمہ داری دیانت داری سے ادا کرے تو معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
یومِ اقبالؒ ہمیں اپنی ترجیحات کا جائزہ لینے اور مستقبل کی تعمیر کا عہد کرنے کا موقع دیتا ہے۔ ہمیں جھوٹ کے بجائے سچ، ناانصافی کے بجائے انصاف، نفرت کے بجائے محبت اور مایوسی کے بجائے امید کو فروغ دینے کا عہد کرنا چاہیے۔ اپنے بچوں کو صرف اقبالؒ کے اشعار یاد کروانے کے بجائے ان کے کردار اور پیغام سے بھی روشناس کرانا چاہیے تاکہ گھروں، تعلیمی اداروں اور معاشرتی رویوں میں ان کے افکار کی جھلک دکھائی دے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ اقبالؒ کو تقریبات، تقاریر اور تعریفی جملوں تک محدود نہ رکھا جائے۔ ان کے کلام کو سمجھا جائے، افکار پر غور کیا جائے اور تعلیمات کو زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ عقیدت اپنی جگہ اہم ہے مگر ایسی عقیدت کیسے مکمل ہو سکتی ہے جس میں عمل کی روشنی شامل نہ ہو؟ پھول چند لمحوں کے لیے تازگی اور خوشبو دیتے ہیں لیکن چراغ راستوں کو روشن کرتے ہیں۔ ہمیں اقبالؒ کی یاد میں عقیدت کے پھول بھی پیش کرنے چاہییں مگر اس سے بڑھ کر ان کے افکار کے چراغ اپنے کردار میں روشن کرنے چاہییں۔
آخر میں سوال یہی ہے کہ ہم اقبالؒ کو صرف یاد کرنا چاہتے ہیں یا ان کے خوابوں کی تعبیر بھی بننا چاہتے ہیں؟ کیا ہم ان کے اشعار پر داد دینے کے ساتھ ان کے پیغام پر چلنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں؟ اگر جواب ہاں میں ہے تو آغاز آج، اسی لمحے اور اپنی ذات سے ہونا چاہیے کیونکہ اقبالؒ کو حقیقی خراجِ عقیدت الفاظ کے ہار پہنانے میں نہیں بلکہ اپنے کردار کو ان کے افکار کے سانچے میں ڈھالنے میں ہے۔ قوموں کی تقدیر تقریبات سے نہیں بلکہ کردار، عمل اور مسلسل جدوجہد سے بدلا کرتی ہے۔
مزید پڑھیں





