حساب کے چار اصول اور انسان کی چار غلطیاں،تحریر:سید ضیغم حسن عابدی
نقطہ نظر
بچپن میں جب ہم پہلی بار ریاضی کی کتاب کھولتے ہیں تو ہمیں چار بنیادی اصول سکھائے جاتے ہیں: جمع، تفریق، ضرب اور تقسیم۔ استاد تختۂ سیاہ پر چند ہندسے لکھ کر ہمیں سمجھاتا ہے کہ کسی چیز میں اضافہ کیسے ہوتا ہے، کسی مقدار میں سے کچھ کم کیسے کیا جاتا ہے، ایک عدد کو کئی گنا کیسے بڑھایا جاتا ہے اور کسی چیز کو برابر حصوں میں کیسے بانٹا جاتا ہے۔ اس وقت ہمیں شاید اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ یہ چار اصول محض ریاضی کی کتاب تک محدود نہیں، بلکہ پوری زندگی کا حساب کتاب انہی کے گرد گھومتا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اسکول میں ہم ان کے سوال حل کرنا سیکھتے ہیں اور عملی زندگی میں اکثر ان کے معنی بھول جاتے ہیں۔
ہم بڑے ہوتے ہیں تو ہمارے پاس تجربات بڑھتے ہیں، تعلقات بنتے ہیں، رشتوں میں قربت اور فاصلے پیدا ہوتے ہیں، مگر عجیب بات ہے کہ ہماری ریاضی کہیں پیچھے رہ جاتی ہے۔ ہم نفرتیں جمع کرنے لگتے ہیں۔ کسی نے ایک مرتبہ برا کہا تو ہم اس جملے کو برسوں اپنے اندر محفوظ رکھتے ہیں۔ کسی نے ہمارے ساتھ ناانصافی کی تو ہم اس واقعے کو اپنی یادداشت میں اس طرح سنبھال کر رکھتے ہیں جیسے کوئی قیمتی اثاثہ ہو۔ وقت گزر جاتا ہے، لوگ بدل جاتے ہیں، حالات اپنی جگہ سے آگے نکل جاتے ہیں لیکن ہم پرانے دکھوں کو جمع کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں یہ احساس نہیں ہوتا کہ نفرت کا ہر نیا اضافہ دراصل ہماری اپنی زندگی سے سکون کی ایک مقدار منفی کر رہا ہوتا ہے۔
محبت کے معاملے میں ہمارا حساب اس سے بھی زیادہ عجیب ہے۔ جہاں کسی کے لیے دل میں گنجائش پیدا کرنی چاہیے وہاں ہم اپنی انا کو درمیان میں لے آتے ہیں۔ کسی نے محبت کا اظہار کیا تو ہم نے اسے معمولی سمجھا، کسی نے خلوص دکھایا تو ہم نے اس کے پیچھے کوئی غرض تلاش کرنا شروع کر دی۔ ہم محبت کو نفی کرتے رہتے ہیں اور پھر ایک دن شکایت کرتے ہیں کہ دنیا میں خلوص باقی نہیں رہا۔ حالانکہ بعض اوقات خلوص ہمارے دروازے پر دستک دے رہا ہوتا ہے اور ہم اپنی انا کے شور میں اس کی آواز تک نہیں سن پاتے۔
بدلے کی باری آئے تو ہماری صلاحیتیں ضرب کے اصول پر کام کرنے لگتی ہیں۔ کسی نے ایک تلخ جملہ کہا تو ہم دس سنا دیتے ہیں۔ کسی نے ایک مرتبہ نظرانداز کیا تو ہم اسے بار بار اس کی حیثیت یاد دلاتے ہیں۔ ایک غلطی کا جواب کئی غلطیوں سے دیتے ہیں اور پھر خود کو حق بجانب بھی سمجھتے ہیں۔ شاید ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ ضرب صرف اعداد کو بڑا نہیں کرتی، بعض اوقات ایک چھوٹی سی تلخی کو پورے رشتے کی تباہی میں بھی بدل دیتی ہے۔ ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں ہوتا اور ہر لڑائی جیتنا بھی کامیابی نہیں کہلاتی۔ بعض اوقات خاموشی اختیار کرنا شکست نہیں بلکہ اپنے اندر کے انسان کو محفوظ رکھنے کا طریقہ ہوتا ہے۔
تقسیم کا معاملہ آئے تو ہم وہاں بھی انصاف نہیں کرتے۔ کسی پر احسان کریں تو اسے یاد دلانے کے لیے پوری زندگی کافی نہیں ہوتی۔ ایک مرتبہ کسی کی مدد کی ہو تو بار بار اس کا تذکرہ کرتے ہیں، جیسے سامنے والا ہماری مہربانی کا مقروض ہی پیدا ہوا تھا۔ ہم احسان کو تقسیم کرنے کے بجائے اس کے ٹکڑے کر کے بار بار دوسرے کے سامنے رکھتے ہیں۔ کسی کی ضرورت پوری کرتے ہیں تو اس کی خودداری کا خیال نہیں رکھتے۔ حالانکہ اصل سخاوت صرف کسی کو کچھ دے دینے کا نام نہیں، بلکہ اس طرح دینے کا نام ہے کہ لینے والے کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ رزق، علم، وقت اور محبت جتنی خوش دلی سے بانٹے جائیں، اتنی ہی زندگی میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔
ہماری روزمرہ زندگی میں ان چاروں اصولوں کی کتنی ہی مثالیں موجود ہیں۔ ایک گھر اس وقت خوبصورت بنتا ہے جب اس کے افراد ایک دوسرے کی خوشیوں میں اضافہ کریں، چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو نظرانداز کریں، محبت کو کئی گنا بڑھائیں اور اپنی سہولتوں میں دوسروں کے لیے بھی حصہ نکالیں۔ ایک معاشرہ تب ترقی کرتا ہے جب لوگ ایک دوسرے کی کامیابیوں سے حسد کرنے کے بجائے ان کی خوشیوں میں شریک ہوں۔ دفتر ہو یا کاروبار، دوستی ہو یا رشتہ، ہر جگہ یہی اصول کارفرما ہیں۔ جہاں لوگ دوسروں کی کامیابی سے اپنی محرومی کا حساب لگاتے ہیں وہاں مقابلہ نفرت میں بدل جاتا ہے، اور جہاں ایک دوسرے کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جاتا ہے وہاں اجتماعی ترقی کے راستے کھلتے ہیں۔
زندگی کا ایک المیہ یہ بھی ہے کہ ہم حساب ہمیشہ دوسروں کا رکھتے ہیں، اپنا کبھی نہیں کرتے۔ ہمیں یاد رہتا ہے کہ کس نے ہمارے لیے کیا نہیں کیا، مگر یہ یاد نہیں رہتا کہ ہم نے کسی کے لیے کیا کیا۔ ہم دوسروں کی غلطیوں کا حساب کتاب بڑی باریک بینی سے کرتے ہیں لیکن اپنی کوتاہیوں کے معاملے میں حساب دان کی بجائے وکیل بن جاتے ہیں۔ اپنے لیے ہر دلیل موجود ہوتی ہے اور دوسروں کے لیے کوئی رعایت نہیں۔ شاید زندگی کے سکون کا آغاز اسی دن ہو جب ہم دوسروں کا کھاتہ کھولنے سے پہلے اپنا حساب دیکھنا شروع کر دیں۔
بچپن میں پڑھی ہوئی یہ چار بنیادی چیزیں بظاہر بہت معمولی معلوم ہوتی ہیں، مگر ان میں زندگی گزارنے کا ایک مکمل فلسفہ پوشیدہ ہے۔ محبتیں جمع کیجیے، نفرتیں منفی کیجیے، خوشیوں کو ضرب دیجیے اور اپنے حصے کی نعمتیں دوسروں میں تقسیم کیجیے۔ ہر معاملے میں فائدہ نقصان کا حساب لگانا چھوڑ دیجیے، کیونکہ کچھ رشتے منافع کے لیے نہیں بلکہ زندگی کو خوبصورت بنانے کے لیے ہوتے ہیں۔ آخر میں انسان کے پاس نہ وہ تمام دولت رہتی ہے جسے اس نے جمع کیا ہوتا ہے، نہ وہ تمام بدلے جو اس نے لیے ہوتے ہیں۔ یاد رہ جاتے ہیں تو چند لوگ، چند رویے اور چند لمحے جن میں کسی نے ہمیں اہم سمجھا ہوتا ہے۔
شاید ہمیں زندگی میں کسی نئی کتاب، کسی بڑے فلسفے یا کسی پیچیدہ نظریے کی ضرورت نہیں۔ کبھی کبھی پہلی جماعت کی ریاضی کی کتاب دوبارہ کھولنے کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ ممکن ہے ہم نے حساب تو بہت پہلے سیکھ لیا تھا، مگر زندگی کا حساب آج تک نہیں سیکھ سکے۔
مزید پڑھیں




