اسٹیٹ لائف صرف ایک عمارت نہیں، ایک زندہ فیلڈ سٹرکچر ہے،تحریر: شبنم مرزا
نقطہ نظر
اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کو اگر صرف سیمنٹ، ریت، اینٹوں اور مٹی سے بنی ہوئی عمارت سمجھا جائے تو شاید اس ادارے کی اصل حقیقت ہماری نظروں سے اوجھل ہو جائے۔ اسٹیٹ لائف دراصل ایک زندہ فیلڈ سٹرکچر کا نام ہے، جس کی بنیاد گلی، محلے، شہر اور گاؤں میں کام کرنے والے سیلز نمائندوں، سیلز آفیسرز، سیلز منیجرز اور ان سے جڑے ہزاروں کارکنوں پر قائم ہے۔
یہ وہ لوگ ہیں جو کسی بڑے دفتر میں بیٹھ کر کاروبار نہیں کرتے۔ یہ لوگ گھر گھر جاتے ہیں، لوگوں کو بچت، تحفظ اور مستقبل کی منصوبہ بندی کا شعور دیتے ہیں، انہیں قائل کرتے ہیں کہ اپنی محنت کی کمائی کو ایک محفوظ مالی منصوبے میں لگائیں اور اس ادارے سے وابستہ ہوں جس پر حکومت پاکستان کی ضمانت کا اعتماد بھی موجود رہا ہے۔
ایک پالیسی فروخت کرنے والے نمائندے کے لیے یہ محض ایک کاروباری لین دین نہیں ہوتا۔ وہ اپنے کلائنٹ کے سامنے دراصل پورے اسٹیٹ لائف ادارے کا چہرہ ہوتا ہے۔ پالیسی ہولڈر کو کسی مشکل کا سامنا ہو تو وہ سب سے پہلے اسی نمائندے سے رابطہ کرتا ہے۔ قسط، بونس، کلیم، پالیسی کی معلومات یا کسی بھی معاملے میں سوال ہو تو انگلی اسی نمائندے کی طرف اٹھتی ہے۔ عوام کے لیے اسٹیٹ لائف کا پہلا تعارف اور پہلا اعتماد یہی فیلڈ فورس ہے۔
یہی فیلڈ فورس سالہا سال سے اس ادارے کے لیے اربوں، بلکہ کھربوں روپے کا کاروبار پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی آئی ہے۔ بڑے عہدوں پر بیٹھے افسران پالیسیوں کے مجموعی اعداد و شمار دیکھتے ہیں، لیکن ان اعداد و شمار کے پیچھے موجود اصل محنت وہ نمائندہ کرتا ہے جو شدید گرمی، سردی، مہنگائی، سفری مشکلات اور معاشی دباؤ کے باوجود نئے کاروبار کی تلاش میں نکلتا ہے۔
کیا فیلڈ فورس کو سوال کرنے کا حق بھی نہیں؟
یہاں ایک نہایت اہم اور تشویش ناک سوال بھی سامنے آتا ہے۔
اگر فیلڈ سٹرکچر کا کوئی کیڈر ادارے کے مستقبل، اپنے حقوق، پالیسی ہولڈرز کے تحفظ یا مجوزہ تبدیلیوں کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرے تو کیا اسے جواب دینے کے بجائے ٹرمینیشن کی دھمکی ملنی چاہیے؟
فیلڈ فورس میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ جو لوگ ان معاملات پر سوال اٹھاتے یا اپنے تحفظات بیان کرتے ہیں، انہیں ملازمت یا سروس ختم کیے جانے کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر یہ تاثر درست ہے تو یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، کیونکہ کسی بھی ادارے میں اصلاح اور بہتری کا راستہ سوالات کو دبانے سے نہیں بلکہ سوالات کے جواب دینے سے نکلتا ہے۔
اختلافِ رائے کو ادارہ دشمنی سمجھنا اور سوال کرنے والے کو خاموش کرانے کی کوشش کرنا کسی بھی مضبوط ادارے کے لیے صحت مند علامت نہیں۔
یوں محسوس ہوتا ہے جیسے فیلڈ سٹرکچر پر ایک طرح کا خاموش مارشل لا نافذ ہو—یعنی سوال نہ کرو، تحفظات بیان نہ کرو اور فیصلوں پر بات نہ کرو، ورنہ ملازمت ختم ہونے کا خطرہ مول لو۔
اگر واقعی ایسا ماحول موجود ہے تو یہ صرف فیلڈ فورس کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے ادارے کے انتظامی کلچر اور شفافیت کا سوال ہے۔
ایک سیلز نمائندہ یا سیلز آفیسر جو روزانہ عوام کے سوالات کا سامنا کرتا ہے، اگر وہ اپنے ہی ادارے سے اپنے مستقبل کے بارے میں سوال نہیں کر سکتا تو پھر وہ اپنے کلائنٹ کے سوالات کا جواب کیسے دے گا؟
فیلڈ فورس کا مستقبل، پالیسی ہولڈر کا اعتماد
یہ سوال اس لیے اہم ہے کہ اگر اسٹیٹ لائف کے مستقبل کے بارے میں کوئی بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے تو اس کے اثرات صرف ایک عمارت، چند دفاتر یا انتظامی عہدوں تک محدود نہیں رہیں گے۔
اس کا سب سے گہرا اثر اسی فیلڈ سٹرکچر پر پڑ سکتا ہے جس نے اس ادارے کو عوام تک پہنچایا اور عوام کا اعتماد حاصل کیا۔
اگر کارپوریشن کی حیثیت تبدیل ہوتی ہے، نجکاری کی طرف پیش رفت ہوتی ہے یا حکومت کی موجودہ ضمانت کے کردار میں تبدیلی آتی ہے تو سب سے پہلے یہ سوال پیدا ہوگا کہ اسٹیٹ لائف کے ساتھ جڑے لاکھوں پالیسی ہولڈرز کا اعتماد کیسے برقرار رہے گا؟
اور جب پالیسی ہولڈر کا اعتماد متاثر ہوگا تو اس اعتماد کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے میدان میں کون جائے گا؟
وہی سیلز نمائندہ۔
لیکن اس مرتبہ اس کے پاس عوام کے سوالات کے کیا جواب ہوں گے؟
وہ شخص جس نے برسوں عوام سے کہا کہ اس ادارے پر اعتماد کریں، آج اگر اس سے پوچھا جائے کہ کیا ہماری پالیسی اسی طرح محفوظ ہے؟ کیا حکومت کی ضمانت پہلے جیسی ہے؟ ہمارے پیسے کا کیا ہوگا؟ تو اسے واضح، تحریری اور قانونی جواب ملنا چاہیے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں فیلڈ فورس کا مستقبل براہ راست پالیسی ہولڈر کے مستقبل سے جڑ جاتا ہے۔
اسٹیٹ لائف کے فیلڈ کارکن صرف کاروبار پیدا کرنے والے افراد نہیں بلکہ ادارے اور عوام کے درمیان اعتماد کا پل ہیں۔ اس پل کو کمزور کرکے کسی بھی اصلاح، تنظیم نو یا نجکاری کو کامیاب قرار دینا آسان نہیں ہوگا۔
مزید اہم بات یہ ہے کہ اگر حکومت پاکستان اس ادارے کی ضمانت کے عوض فیس وصول کرتی رہی ہے تو پھر یہ معاملہ صرف ایک تجارتی ادارے کی انتظامی تبدیلی نہیں رہتا۔ یہ ایک ایسے ادارے کا معاملہ بن جاتا ہے جس کے ساتھ عوام نے ریاستی ضمانت کے تصور پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی زندگی بھر کی بچتیں وابستہ کیں۔
لہٰذا کسی بھی تبدیلی سے پہلے سب سے اہم سوال یہ ہونا چاہیے:
پالیسی ہولڈرز سے مشاورت کہاں ہے؟
اور دوسرا سوال:
فیلڈ فورس سے مشاورت کہاں ہے؟
اور تیسرا سوال:
اگر فیلڈ فورس اپنے تحفظات بھی بیان نہیں کر سکتی تو پھر اس تبدیلی کے بارے میں آزادانہ رائے سامنے کیسے آئے گی؟
جو لوگ روزانہ عوام کے درمیان جا کر اسٹیٹ لائف کا نام، اعتبار اور کاروبار بناتے ہیں، کیا انہیں یہ حق نہیں کہ ان کے مستقبل، ان کے کمیشن، ان کے سروس اسٹرکچر، ان کی ملازمت اور ان کے کلائنٹس کے مستقبل کے بارے میں انہیں اعتماد میں لیا جائے؟
نجکاری یا کارپوریٹ تبدیلی کے حامی یقیناً اس کے معاشی فوائد بیان کر سکتے ہیں۔ ادارے میں اصلاحات بھی ہونی چاہئیں، جدید ٹیکنالوجی بھی آنی چاہیے، انتظامی بہتری بھی ضروری ہے اور ادارے کو بدلتے ہوئے انشورنس مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ بھی ہونا چاہیے۔
لیکن اصلاح اور بنیادی اعتماد کے خاتمے میں فرق ہوتا ہے۔
اگر اصلاحات پالیسی ہولڈر کے تحفظ، فیلڈ فورس کے حقوق، ادارے کی شفافیت اور بہتر کارکردگی کے لیے ہوں تو ان کا خیرمقدم ہونا چاہیے۔ لیکن اگر تبدیلی کا نتیجہ یہ ہو کہ حکومت کی ضمانت کا کردار کمزور ہو، پالیسی ہولڈر غیر یقینی کا شکار ہو، فیلڈ فورس اپنے مستقبل کے بارے میں پریشان ہو اور عوام کے سامنے اسٹیٹ لائف کے نمائندے کے پاس جواب نہ ہو، تو پھر اس تبدیلی پر سنجیدہ سوالات اٹھنا فطری امر ہے۔
اور اگر ان سوالات کے جواب دینے کے بجائے سوال اٹھانے والے فیلڈ کارکن کو ٹرمینیشن کی دھمکی دی جائے تو پھر مسئلہ صرف تبدیلی کا نہیں رہتا، بلکہ اظہارِ رائے، ادارہ جاتی شفافیت اور کارکنوں کے بنیادی حقوق کا بھی بن جاتا ہے۔
ہمیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہیے کہ کسی ادارے کی اصل طاقت اس کی عمارت نہیں ہوتی۔
اصل طاقت اس کے لوگ، اس کے کلائنٹس اور اس پر عوام کا اعتماد ہوتے ہیں۔
اسٹیٹ لائف کی عمارتیں تبدیل ہو سکتی ہیں، دفاتر منتقل ہو سکتے ہیں، انتظامی ڈھانچے بدلے جا سکتے ہیں، نام اور قانونی حیثیت بھی تبدیل کی جا سکتی ہے، لیکن وہ فیلڈ فورس جو برسوں سے عوام کے گھروں تک اس ادارے کا نام لے کر جاتی رہی ہے، اسے نظرانداز کرکے اسٹیٹ لائف کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
اگر کسی تبدیلی کے نتیجے میں نقصان ہوتا ہے تو اس کا بوجھ صرف اوپر بیٹھے عہدیدار نہیں اٹھائیں گے۔ اس کا پہلا سامنا وہی فیلڈ نمائندہ کرے گا جو عوام کے درمیان اس ادارے کا چہرہ ہے۔
اس لیے ضرورت کسی جذباتی مخالفت کی نہیں بلکہ شفاف، جامع اور بامعنی مشاورت کی ہے۔
پالیسی ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔
فیلڈ فورس کے نمائندوں کو سنا جائے۔
سوال کرنے والوں کو خاموش کرانے کے بجائے ان کے سوالات کے جواب دیے جائیں۔
ٹرمینیشن کی دھمکیوں کے بجائے قانونی اور ادارہ جاتی تحفظ فراہم کیا جائے۔
*مستقبل کی ضمانت اور ذمہ داریوں کو واضح کیا جائے۔
ملازمین اور فیلڈ کارکنوں کے حقوق کو قانونی تحفظ دیا جائے۔
اور سب سے بڑھ کر یہ بتایا جائے کہ تبدیلی کے بعد اسٹیٹ لائف کے ساتھ موجود پالیسی ہولڈر کا اعتماد کس طرح محفوظ رہے گا۔
کیونکہ آخر میں سوال صرف یہ نہیں کہ اسٹیٹ لائف کارپوریشن رہے گی یا کمپنی بنے گی۔
اصل سوال یہ ہے کہ:
ا سٹیٹ لائف پر عوام کا اعتماد رہے گا یا نہیں؟
اور ایک اور بنیادی سوال بھی ہے:
کیا اس ادارے کے فیلڈ کارکن اپنے مستقبل کے بارے میں سوال کرنے کا حق بھی رکھتے ہیں یا نہیں؟
اگر عوام کا اعتماد ہی کمزور ہوگیا تو وہ فیلڈ فورس جو آج گلی گلی، نگر نگر اس ادارے کا کاروبار کھڑا کر رہی ہے، کل عوام کے سامنے کیا جواب دے گی؟
اسٹیٹ لائف کو صرف ایک عمارت سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔
اسٹیٹ لائف ایک ادارہ، ایک اعتماد اور ایک زندہ فیلڈ سٹرکچر ہے۔
اس کے مستقبل کا فیصلہ کرتے وقت اینٹوں اور عمارتوں سے زیادہ ان انسانوں کو دیکھنا ہوگا جو برسوں سے اس ادارے کو عوام کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
اور جو لوگ اس ادارے کے لیے اپنا پسینہ بہاتے ہیں، انہیں خاموش کرانے کے بجائے سنا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں




