جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں،تحریر: نیہا علی

نقطہ نظر
Kitchen and Me, written by: Neha Ali

رات کی سیاہی شہر کے بوسیدہ مکانوں سے لے کر بلند و بالا عمارتوں تک پھیل چکی تھی۔ کہیں روشنیوں کے سیلاب تھے اور کہیں غربت کے اندھیرے کہیں دسترخوانوں پر نعمتوں کی فراوانی تھی اور کہیں مائیں اپنے بچوں کو پانی پلا کر سلانے پر مجبور تھیں۔ یہ وہی سرزمین تھی جس کے تصور میں ایک عظیم شاعر نے ایک آزاد، خوددار اور باوقار قوم کا خواب دیکھا تھا۔حارث اپنی میز پر رکھی علامہ اقبال کی کتاب کھولے بیٹھا تھا۔ کتاب کے اوراق پلٹتے ہوئے اچانک اس کی نگاہ ایک شعر پر ٹھہر گئی۔ وہ دیر تک اس شعر کو دیکھتا رہا پھر بے اختیار اس کی زبان سے نکلا اقبال اگر آج تم زندہ ہوتے تو اپنے خوابوں کی اس سرزمین کو دیکھ کر کیا کہتے۔

اس نے کتاب بند کی اور کھڑکی سے باہر جھانکا۔ گلی کے نکڑ پر ایک نحیف العمر شخص کوڑے کے ڈھیر میں سے روٹی کے ٹکڑے تلاش کر رہا تھا۔ اس کے قریب ہی دو بچے پھٹے ہوئے لباس میں کھڑے تھے۔ حارث کا دل کسی انجانی کسک سے بھر گیا۔وہ گھر سے باہر نکلا اور اس شخص کے قریب جا کر بولا بابا! آپ اس عمر میں یہ سب کرنے پر کیوں مجبور ہیں ۔بوڑھے نے اپنی دھندلی آنکھیں اٹھائیں اور ایک تلخ مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا۔بیٹا عمر تو آرام کرنے کی ہوتی ہے مگر جب اولاد کے پیٹ کی آگ بجھانی ہو تو بڑھاپا بھی مزدوری کرنے نکل پڑتا ہے۔یہ کہہ کر اس نے روٹی کا ایک ٹکڑا اپنے پوتے کے ہاتھ میں تھما دیا۔

حارث کے پاس الفاظ نہیں تھے۔ اسے محسوس ہوا کہ جس ملک میں محنت کش اپنی زندگی کی آخری سانسوں تک آسودگی سے محروم رہے، وہاں ترقی کے بلند بانگ دعوے کس قدر کھوکھلے ہیں۔اگلے روز وہ ایک سرکاری درس گاہ پہنچا۔ عمارت کی دیواریں شکستہ تھیں، چھت سے پلستر جھڑ رہا تھا اور بچوں کے بیٹھنے کے لیے مناسب انتظام بھی موجود نہ تھا۔ ایک ننھی بچی زمین پر بیٹھی تختی پر حروف لکھ رہی تھی۔ حارث نے پوچھا بیٹی تم بڑی ہو کر کیا بننا چاہتی ہو۔

اس نے معصومیت سے جواب دیا استاد بنوں گی تاکہ میرے جیسی بچیوں کو پڑھنے کے لیے اتنی دور نہ آنا پڑے۔حارث کی نگاہیں جھک گئی۔ اس بچی کے خواب میں ایک پورا معاشرہ آباد تھا مگر اس کے خواب کی تکمیل کے لیے وسائل کا دروازہ ابھی تک بند تھا۔

چند قدم آگے بڑھا تو ایک نوجوان بے روزگاری کے ہاتھوں پریشان بیٹھا دکھائی دیا۔ اس کے ہاتھ میں اسناد کا ایک پلندہ تھا۔ چہرے پر مایوسی اور آنکھوں میں بجھتے ہوئے خواب صاف دکھائی دے رہے تھے۔

حارث نے دریافت کیا کوئی ملازمت نہیں ملی۔

نوجوان نے تلخ لہجے میں کہا قابلیت میرے پاس ہے ڈگری میرے پاس ہے محنت کا جذبہ بھی ہے مگر یہاں کبھی سفارش درکار ہوتی ہے اور کبھی رشوت غریب کا بچہ آخر کب تک اپنی اہلیت کا ماتم کرتا رہے حارث کو یوں لگا جیسے اس نوجوان نے کسی ایک فرد کا نہیں پورے نظام کا نوحہ پڑھ دیا ہو۔

شام کو ایک ادبی تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔ اسٹیج پر اقبال کے افکار پر تقاریر ہو رہی تھیں۔ مقررین کی آوازوں میں جوش تھا الفاظ میں عقیدت تھی مگر تقریب کے اختتام پر ہال کے باہر ایک غریب مزدور کو معمولی معاوضے کے لیے ذلیل کیا جا رہا تھا۔ وہی لوگ جو چند لمحے پہلے اقبال کی خودی کے قصیدے پڑھ رہے تھے اب ایک محنت کش کی عزتِ نفس روندنے میں مصروف تھے۔حارث نے دل ہی دل میں سوچا، ہم نے اقبال کو یاد رکھنے کے لیے دن تو مختص کر لیے، مگر ان کے پیغام کو اپنانے کے لیے اپنے کردار میں کوئی جگہ نہ چھوڑی۔

رات گئے وہ اپنے کمرے میں واپس آیا۔ میز پر اقبال کی کتاب اب بھی کھلی پڑی تھی۔ اس نے قلم اٹھایا اور ڈائری کے اوراق پر اپنے دل کا بوجھ اتارنے لگااقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں؟ یہاں لفظوں میں غیرت ہے، مگر کردار میں مصلحت زبانوں پر انصاف کے نعرے ہیں، مگر ایوانوں میں مفاد کی حکمرانی۔ یہاں علم کی عظمت پر خطبے دیے جاتے ہیں، مگر غریب کا بچہ کتاب سے پہلے روٹی کی فکر میں جوان ہو جاتا ہے۔ یہاں بیٹیوں کے تحفظ کی باتیں ہوتی ہیں مگر ان کے خواب آج بھی معاشرتی پابندیوں کی دہلیز پر دم توڑ دیتے ہیں۔ یہاں محنت کرنے والا اپنی محنت کا صلہ مانگتے ہوئے شرمندہ ہوتا ہے اور حق مارنے والا بڑے وقار سے سر اٹھا کر چلتا ہے۔اس کی آنکھوں میں نمی اتر آئی۔

تم نے شاہین کی پرواز کا خواب دکھایا تھا، مگر ہم نے اپنی نسلوں کے پروں میں خوف، بے یقینی اور مصلحت کے دھاگے باندھ دیے۔ تم نے خودی کا درس دیا تھا، مگر ہم نے اپنی عزتِ نفس کو چند سکوں اور عارضی مفادات کے عوض گروی رکھ دیا۔ تم نے عمل کی تلقین کی تھی، مگر ہم نے تبدیلی کی ذمہ داری ہمیشہ کسی دوسرے کے سپرد کر دی۔

حارث نے قلم روک دیا۔ کچھ دیر خاموش بیٹھا رہا، پھر اس کے اندر ایک نیا عزم بیدار ہوا۔مگر اقبال میں صرف شکوہ لکھ کر اپنے فرض سے دست بردار نہیں ہونا چاہتا۔ اگر میرے حصے میں ایک چراغ روشن کرنا بھی آیا ہے تو میں اسے بجھنے نہیں دوں گا۔ اگر ایک بچے کو تعلیم دے سکتا ہوں تو دوں گا، اگر ایک مظلوم کی آواز بن سکتا ہوں تو بنوں گا، اگر کسی بھوکے کو روٹی کھلا سکتا ہوں تو اپنے دسترخوان میں اس کے لیے جگہ ضرور نکالوں گا۔

اگلی صبح حارث نے اپنے چند دوستوں کے ساتھ مل کر محلے کے نادار بچوں کے لیے مفت تعلیمی مرکز قائم کیا۔ ابتدا میں وسائل کم تھے، جگہ مختصر تھی اور حوصلے آزمانے والے بہت؛ مگر ان کے ارادے پختہ تھے۔ چند ہی ہفتوں میں وہاں بچوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہونے لگی۔ایک روز وہی ننھی بچی اپنی تختی لیے اس کے سامنے کھڑی تھی۔ اس نے مسکراتے ہوئے کہا، استاد صاحب آج میں نے اپنا نام پورا لکھ لیا ہے۔

حارث نے اس کی تختی دیکھی تو اس کی آنکھیں بھر آئیں۔ اسے محسوس ہوا کہ شاید اقبال کے خوابوں کی تعبیر ایسے ہی چھوٹے چھوٹے چراغوں سے ممکن ہے۔اس رات اس نے اپنی ڈائری کا آخری جملہ لکھا

اقبال! تیرے دیس کا حال سناتے ہوئے دل لہو لہو ضرور ہے، مگر میں اس سرزمین سے مایوس نہیں۔ یہاں ابھی کچھ ضمیر زندہ ہیں، کچھ آنکھیں خواب دیکھتی ہیں اور کچھ ہاتھ اندھیروں کے خلاف چراغ اٹھانے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ ہمیں کسی مسیحا کا انتظار نہیں، ہمیں اپنے اندر کے انسان کو بیدار کرنا ہے۔اس نے کھڑکی کھولی۔ دور مشرق کے افق پر روشنی پھیل رہی تھی۔

شاید صبح ہو چکی تھی، مگر حارث جانتا تھا کہ اس قوم کے لیے اصل صبح اس دن طلوع ہوگی جب ہم اقبال کے اشعار کو صرف زبان سے نہیں، اپنے کردار سے بھی پڑھنا سیکھ جائیں گے۔

کیونکہ قومیں اپنے محسنوں کی یاد منانے سے نہیں ان کے خوابوں کی حفاظت کرنے سے زندہ رہتی ہیں۔