جھگی نشینوں کی زندگی کا نوحہ،تحریر: ڈاکٹر شجاع اختر اعوان
نقطہ نظر
اٹک شہر کی مصروف سڑکوں، گنجان آباد محلوں اور کاروباری مراکز سے ذرا ہٹ کر نظر دوڑائیں تو زندگی کا ایک ایسا منظر دکھائی دیتا ہے جو ہمارے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔ یہ منظر ان جھگی نشین خاندانوں کا ہے جو برسوں سے اٹک شہر کے مختلف علاقوں، خصوصاً محلہ نیو ٹاؤن، محمود آباد، ریلوے گراؤنڈ، تین میلہ چوک اور محلہ اعوان شریف کے گرد و نواح میں محکمہ ریلوے کی اراضی پر قائم کچی جھگیوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔
ان خاندانوں کی زندگی مستقل ٹھکانے، بنیادی سہولتوں اور تحفظ سے محروم ہے۔ گرمی کی تپتی دھوپ ہو یا سردیوں کی یخ بستہ راتیں، بچے، خواتین اور بزرگ انہی عارضی جھگیوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کے سروں پر نہ پختہ چھت ہے اور نہ ہی مستقبل کے حوالے سے کوئی یقین۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے وقتاً فوقتاً تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں تو ان کی کچی جھگیاں مسمار کر دی جاتی ہیں اور یہ خاندان ایک بار پھر بے سروسامانی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ دوسری طرف ریلوے اسٹیشن اٹک کے گرد و نواح میں ریلوے کی سینکڑوں کنال اراضی غیر آباد اور ویران پڑی ہے۔ یقیناً سرکاری اراضی اور ریلوے املاک کا تحفظ ضروری ہے، لیکن اس مسئلے کا کوئی ایسا انسانی اور قابلِ عمل حل بھی تلاش کیا جا سکتا ہے جس سے سرکاری زمین محفوظ رہے اور یہ بے وسیلہ خاندان بھی چھت سے محروم نہ ہوں۔
ان خاندانوں کے افراد شہر کے رہائشی اور کاروباری علاقوں، پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈوں، نجی ہسپتالوں کے باہر، بازاروں، دکانوں اور گلی محلوں میں بھیک مانگتے دکھائی دیتے ہیں۔ خواتین، بچے، نوجوان اور بعض بزرگ شہریوں سے مالی مدد طلب کرتے ہیں۔ ان کی گزر بسر کا ایک بڑا ذریعہ لوگوں کی خیرات اور صدقہ ہے۔ اہلِ علاقہ اپنی استطاعت کے مطابق انہیں نقد رقم، اشیائے خورونوش اور موسم کی مناسبت سے کپڑے فراہم کرتے ہیں۔ شہر کے بہت سے لوگ ان خاندانوں اور ان کی کئی نسلوں سے واقف ہیں، کیونکہ ان کا یہ طرزِ زندگی برسوں سے جاری ہے۔ تاہم افسوس کہ ان کی حالت بدلنے اور انہیں خود کفیل بنانے کے لیے کوئی منظم اجتماعی کوشش سامنے نہیں آ سکی۔
یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ ان خاندانوں کے تمام افراد کا ذریعہ معاش صرف بھیک ہے۔ بعض مرد گانا بجانا کرکے جبکہ کچھ افراد بندر کا تماشا دکھا کر روزی کمانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ ساٹھ سالہ مرید حسین نے بتایا کہ وہ سوات سے ایک بندر خرید کر چوری چھپے اٹک لایا تھا۔ اس نے چند روز اٹک کے دیہات میں بندر کا تماشا دکھایا، لیکن محکمہ جنگلی حیات نے بندر قبضے میں لے لیا اور اس پر دس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ اسی طرح بعض نوجوان لڑکے گاڑیوں میں استعمال ہونے والا آرائشی اور ڈیکوریشن کا سامان فروخت کرکے اپنے خاندانوں کی کفالت میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ یہ نوجوان محدود وسائل کے باوجود محنت کے ذریعے روزگار حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے بھیک مانگنے کی ممانعت سے متعلق قانون پر عمل درآمد کے باعث بھی یہ خاندان پریشانی کا شکار ہیں۔ پیشہ ورانہ گداگری کی روک تھام اور بچوں کو استحصال سے محفوظ رکھنا اپنی جگہ ضروری ہے، لیکن ایسے خاندانوں کے لیے متبادل روزگار کا انتظام کیے بغیر سخت کارروائی ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں بھیک سے ہٹ کر محنت مزدوری اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
ان خاندانوں کی معاشی محرومی کے ساتھ صحت کے مسائل بھی انتہائی تشویش ناک ہیں۔ مستقل آمدنی اور مناسب رہائشی سہولت نہ ہونے کے باعث یہ لوگ اکثر شہر کے سستے ہوٹلوں سے کھانا کھانے پر مجبور ہوتے ہیں، جہاں انہیں بعض اوقات غیر معیاری اور غیر صحت بخش خوراک میسر آتی ہے۔ ناقص غذا اور غذائی قلت ان کی جسمانی صحت کو متاثر کرتی ہے۔ ان میں سانس کی بیماریوں اور تپِ دق (ٹی بی) کے مریض بھی پائے جاتے ہیں۔ صاف پینے کے پانی کی عدم دستیابی سے ہیپاٹائٹس، پیٹ اور معدے کے امراض سمیت پانی سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ان کی رہائشی جھگیوں میں صفائی کا مناسب انتظام بھی موجود نہیں۔ نکاسی آب، بیت الخلا اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کی سہولتیں نہ ہونے کے باعث گندگی اور تعفن پھیلتا ہے۔ مچھروں اور جراثیم کی افزائش کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو جاتا ہے، جس سے جلدی امراض اور دوسری بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض افراد معذوری اور مختلف دائمی بیماریوں کا شکار ہیں، لیکن ان کے لیے باقاعدہ طبی معائنے اور علاج کا کوئی مستقل نظام موجود نہیں۔
ایک اور اہم مسئلہ ان خاندانوں کے بعض مردوں اور نوجوانوں میں نشے کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔ معاشی بدحالی، بے روزگاری، تعلیم کی کمی اور مایوسی اس رجحان کو بڑھانے والے عوامل ہو سکتے ہیں۔ نشے کی لت نہ صرف فرد کی صحت اور زندگی تباہ کرتی ہے بلکہ پورے خاندان کو معاشی اور سماجی مشکلات میں مبتلا کر دیتی ہے۔ ایسے افراد کو محض نظرانداز کرنے یا سزا دینے کے بجائے طبی رہنمائی، علاج اور بحالی کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خاندانوں میں سے بیشتر کا تعلق میانوالی، بھکر، تونسہ شریف اور مظفرگڑھ سے بتایا جاتا ہے، جبکہ بعض خاندان سرگودھا کے نواحی علاقوں سے بھی آئے ہوئے ہیں۔ ان لوگوں کا اپنے آبائی علاقوں میں آنا جانا رہتا ہے اور وہ ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب یہ اپنے آبائی علاقوں میں عزیز و اقارب سے ملنے جاتے ہیں تو ان کا لباس اور ظاہری حلیہ اٹک میں ان کی روزمرہ زندگی سے مختلف ہوتا ہے۔ تاہم یہاں ان کی زندگی غربت، محرومی اور عدم تحفظ کے گرد گھومتی ہے۔
تعلیم کی صورت حال بھی قابلِ توجہ ہے۔ ان خاندانوں کے بچوں کی بڑی تعداد اسکولوں سے دور ہے۔ والدین کی عدم دلچسپی، غربت، مستقل رہائش نہ ہونے اور روزمرہ ضروریات پوری کرنے کی جدوجہد کے باعث بچوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے۔ بعض بچے بھی اپنے بڑوں کے ساتھ مختلف مقامات پر بھیک مانگتے یا چھوٹے موٹے کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ یوں ایک نسل کی محرومی اگلی نسل کو منتقل ہو رہی ہے۔ اگر ان بچوں کو تعلیم، تربیت اور بہتر ماحول فراہم نہ کیا گیا تو ان کا مستقبل بھی اسی غربت اور بے یقینی کی نذر ہو جائے گا۔ محض خیرات اور بھیک پر انحصار کسی خاندان کا مستقبل نہیں بدل سکتا۔ اس کے لیے تعلیم، ہنر، روزگار اور شعور کی فراہمی ناگزیر ہے۔
اس تمام صورت حال کا تقاضا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریلوے، محکمہ سوشل ویلفیئر، محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم مل کر ان خاندانوں کا جامع سروے کروائیں۔ ان کی اصل تعداد، خاندانی پس منظر، رہائشی حالات، صحت، تعلیم اور معاشی ضروریات کا درست اندازہ لگایا جائے تاکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے محض وقتی امداد کے بجائے مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کی جا سکے۔
سب سے پہلے ان خاندانوں کے لیے کسی مناسب سرکاری یا متبادل مقام پر منظم عارضی بستی یا رہائش کا انتظام کیا جائے، جہاں صاف پانی، بیت الخلا، نکاسی آب، صفائی اور بجلی جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ محکمہ ریلوے اور ضلعی انتظامیہ باہمی مشاورت سے ایسا انتظام کریں جس سے ریلوے کی اراضی اور املاک کا تحفظ بھی یقینی ہو اور ان خاندانوں کو بار بار بے دخلی اور بے گھری کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔
محکمہ صحت کی جانب سے ان خاندانوں کے لیے باقاعدگی سے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں۔ ٹی بی، سانس کی بیماریوں، ہیپاٹائٹس اور جلدی امراض کی تشخیص اور علاج کا انتظام کیا جائے۔ صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور پانی کے معیار کی جانچ کو بھی ترجیح دی جائے۔ نشے کے عادی افراد کے لیے علاج اور بحالی کے مراکز سے رابطہ قائم کیا جائے تاکہ انہیں اس عادت سے نجات دلا کر معمول کی زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔
تعلیم کے شعبے میں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ ان بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں قریبی سرکاری اسکولوں میں داخل کروایا جائے۔ جن بچوں کے لیے فوری طور پر اسکول جانا ممکن نہ ہو، ان کے لیے عارضی تعلیمی مراکز قائم کیے جائیں۔ کتابیں، یونیفارم اور دیگر ضروری سامان فراہم کرنے کے ساتھ والدین میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کی جائے تاکہ نئی نسل کو جہالت اور محرومی کے اس دائرے سے نکالا جا سکے۔
اسی طرح نوجوانوں اور بالغ افراد کے لیے فنی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ جو نوجوان گاڑیوں کے ڈیکوریشن کا سامان فروخت کرتے ہیں، انہیں چھوٹے کاروبار کے لیے مناسب جگہ، سامان اور مالی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے۔ دیگر افراد کو ان کی صلاحیت اور دلچسپی کے مطابق ہنر سکھائے جائیں۔ خواتین کے لیے بھی گھریلو دستکاری اور دیگر باعزت روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ بھیک کی ممانعت سے متعلق قانون پر عمل درآمد کے ساتھ ایسے خاندانوں کی بحالی اور متبادل روزگار کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ قانون کی پابندی ان کے لیے مزید معاشی مشکلات کا سبب نہ بنے۔
اس سلسلے میں غیر سرکاری تنظیموں، فلاحی اداروں، مخیر حضرات اور سماجی کارکنوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہیں محض راشن، کپڑے اور نقد امداد دینے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ایسے منصوبے شروع کرنے چاہئیں جو ان خاندانوں کو مستقل بنیادوں پر خود کفیل بنا سکیں۔ خصوصاً بچوں کی تعلیم، خواتین کی صحت، نوجوانوں کی فنی تربیت اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔ ان خاندانوں کی بحالی کے لیے ایک مربوط نظام قائم کیا جائے تاکہ مختلف اداروں کی کوششیں ایک دوسرے سے جڑی رہیں اور امداد کے اثرات دیرپا ثابت ہوں۔
یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ ہر شہری قانون اور سرکاری املاک کے احترام کا پابند ہے، لیکن ریاست کی ذمہ داری صرف قانون نافذ کرنا نہیں بلکہ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنا بھی ہے۔ تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہو سکتا ہے، مگر اس کے ساتھ متبادل رہائش، روزگار اور انسانی بحالی کا راستہ اختیار کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔ غربت کو جرم سمجھنے کے بجائے اس کے اسباب دور کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔
جھگی نشین بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں۔ ان کے بچے بھی بہتر مستقبل کے خواب دیکھنے کا حق رکھتے ہیں۔ انہیں بھی تعلیم، صحت، صاف پانی، محفوظ رہائش اور باعزت روزگار کی ضرورت ہے۔ ہمیں ان کی غربت کو تماشا بنانے یا محض خیرات کا مستحق سمجھنے کے بجائے ان کی محرومیوں کا مداوا کرنا ہوگا۔
آخر کب تک یہ خاندان جھگیوں سے بے دخلی، بھوک، بیماری، نشے اور بے یقینی کے سائے میں زندگی گزارتے رہیں گے؟ کیا ہم ان کے بچوں کو بھی اسی محرومی کی میراث دے کر رخصت ہو جائیں گے؟ یہ صرف چند جھگی نشین خاندانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی احساسِ ذمہ داری، انسانی ہمدردی اور معاشرتی انصاف کا امتحان بھی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ان لوگوں کو محض خیرات کا مستحق نہیں بلکہ ایک بہتر، باوقار اور خودمختار زندگی کا حق دار سمجھا جائے۔
ان کی جھگیاں گرانا آسان ہے، لیکن ان کی زندگیوں کو سنوارنا اصل خدمتِ انسانیت ہے۔
مزید پڑھیں




