اقبال! تیرے دیس کا کیا حال سناؤں؟ تحریر: مبراء عبدالقیوم
نقطہ نظر
اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا، وہ محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ایک ایسی ریاست کا تصور تھا، جہاں انسان خوددار ہو۔ قوم باوقار ہو، نوجوان بلند حوصلہ رکھتے ہوں اور معاشرے کی بنیاد عدل، اخوت اور دیانت پر قائم ہو۔ آج جب ہم اپنے اردگرد نظر دوڑاتے ہیں تو ایک سوال بار بار ذہن میں ابھرتا ہے: کیا یہ وہی قوم ہے جس کے لیے اقبال نے اپنے خوابوں میں ایک روشن مستقبل دیکھا تھا؟
انہوں نے نوجوانوں کو شاہین کا استعارہ دیا۔ انہیں بلند پروازی، خودی، غیرت اور عمل کا درس دیا۔ وہ چاہتے تھے کہ نوجوان دوسروں کے سہارے جینے کے بجائے اپنی صلاحیتوں پر بھروسا کریں۔ مشکلات سے لڑیں اور اپنی منزل خود متعین کریں۔ لیکن آج کا نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے روزگار کی تلاش میں دربدر ہے۔ قابلیت کے بجائے سفارش کو اہمیت دی جاتی ہے، محنت کے بجائے تعلقات کامیابی کا راستہ بن جاتے ہیں۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہماری خودی کہاں کھو گئی؟
آج اس ملک میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جس کے لیے دو وقت کی روٹی حاصل کرنا ایک مستقل جدوجہد بن چکی ہے۔ آٹے، چینی، بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ ایک باپ اپنے بچوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنی خواہشات قربان کرتا ہے۔ ایک ماں گھر کے اخراجات میں توازن پیدا کرنے کے لیے، اپنی ضروریات کو نظر انداز کرتی ہے مگر اس کے باوجود مہینے کا آخری ہفتہ ایک امتحان بن کر سامنے آتا ہے۔
دوسری طرف دولت کی نمائش، غیر ضروری اخراجات اور طبقاتی تفاخر کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک ہی شہر میں کہیں کھانے کی فراوانی ہے تو کہیں بچے بھوکے سوتے ہیں۔ یہ صرف معاشی مسئلہ نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی ضمیر کے لیے بھی ایک سوال ہے۔
اقبال علم کو قوموں کی تعمیر کا بنیادی ذریعہ سمجھتے تھے۔ ان کے نزدیک نوجوانوں کی فکری تربیت اور شعوری بیداری کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے ضروری تھی۔ ہمارے ہاں تعلیم بھی طبقاتی تقسیم کا شکار ہے۔ ایک طرف جدید سہولیات سے آراستہ تعلیمی ادارے ہیں جہاں بھاری فیسیں ادا کرنے والے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں، دوسری طرف سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں۔
کیا غریب کا بچہ خواب دیکھنے کا حق نہیں رکھتا؟ کیا اس کی ذہانت صرف اس لیے کم اہم ہو جاتی ہے کہ اس کے والدین مہنگے تعلیمی اداروں کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے ہیں؟ تعلیم کو کاروبار بنانے کے بجائے اسے ہر بچے کا بنیادی حق سمجھنا ہوگا، ورنہ ہم آنے والی نسلوں کے ہاتھوں میں کتابوں کے بجائے محرومیوں کی داستانیں تھما دیں گے۔
ہمیں اقبال تو یاد ہیں، ان کا پیغام یاد نہیں ہے۔
ہر سال یومِ اقبال پر تعلیمی اداروں میں تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ بینرز سجائے جاتے ہیں، تقاریر ہوتی ہیں، اشعار پڑھے جاتے ہیں اور سوشل میڈیا پر اقبال کی تصاویر شیئر کی جاتی ہیں۔ چند گھنٹوں کے لیے ہر طرف اقبال کا ذکر ہوتا ہے۔ تقریب ختم ہوتے ہی ہم اپنی پرانی روش پر واپس آ جاتے ہیں۔
ہم اقبال کے اشعار تو یاد کرتے ہیں لیکن ان کے پیغام کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی کوشش بالکل نہیں کرتے۔ ہم خودی کی بات کرتے ہیں مگر معمولی فائدے کے لیے اپنے اصول چھوڑ دیتے ہیں۔ ہم اتحاد کے نعرے لگاتے ہیں مگر زبان، نسل، علاقے اور طبقے کی بنیاد پر ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں۔ ہم دیانت داری کو پسند تو کرتے ہیں مگر عملی زندگی میں اس کے تقاضے پورے کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
یہی ہمارا سب سے بڑا المیہ ہے کہ ہم تبدیلی چاہتے ہیں، اپنی اصلاح کے لیے تیار نہیں ہوتے ہیں۔
تبدیلی کا آغاز کہاں سے ہو؟
اکثر لوگ حالات کی خرابی کا ذمہ دار حکومت، سیاست دانوں، اداروں اور معاشرتی نظام کو قرار دیتے ہیں۔ بلاشبہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انصاف، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات فراہم کریں۔ حکمرانوں کو اپنے فرائض کا احساس ہونا چاہیے اور قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔ لیکن کیا ہماری اپنی کوئی ذمہ داری نہیں؟ کیا ہم اپنے روزمرہ معاملات میں سچ بولتے ہیں؟ کیا ہم دوسروں کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں؟ کیا ہم اپنے کام میں دیانت داری اختیار کرتے ہیں؟ کیا ہم کسی ضرورت مند کی مدد کرتے ہوئے اس کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہیں؟ کیا ہم اپنے بچوں کی تربیت میں سچائی، برداشت اور ذمہ داری کو اہمیت دیتے ہیں؟
قوموں کی تعمیر صرف حکومتی پالیسیوں سے نہیں ہوتی، اس کے لیے ہر فرد کا کردار بھی اہم ہوتا ہے۔ جب استاد اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، تاجر ناپ تول میں دیانت اختیار کرے گا، افسر اختیارات کو امانت سمجھے گا، والدین بچوں کی درست تربیت کریں گے اور نوجوان محنت کو اپنا شعار بنائیں گے تو تبدیلی کے آثار نمایاں ہونے لگیں گے۔
اقبال کا پیغام آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں ان کے خواب کو محض تقریروں اور کتابوں تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔ ہمیں اپنے اندر خودی، خودداری، عمل اور ذمہ داری کا شعور بیدار کرنا ہوگا۔ آخر میں سوال صرف یہ نہیں کہ اقبال! تیرے دیس کا کیا حال سناؤں؟ بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ اقبال! ہم نے تیرے خواب کی تعبیر کے لیے اپنا کردار کتنا ادا کیا ہے؟
شاید اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اقبال سے حالات کا شکوہ کرنے کے بجائے اپنے ضمیر سے سوال کریں۔ وطن کی تقدیر بدلنے کے لیے ہر فرد کو اپنے حصے کا چراغ جلانا ہوگا۔
مزید پڑھیں




