جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

چائے کے ہوٹل پر بیٹھا پاکستان،تحریر: پیر انتظار حسین مصور

نقطہ نظر

​اگر آپ نے آج کے پاکستان کے مزاج، سوچ اور معاشرتی رویوں کو قریب سے سمجھنا ہے تو آپ کو پارلیمنٹ کے ایوانوں یا کسی بڑی درسگاہ جانے کی قطعی ضرورت نہیں، آپ کو بس کسی بھی محلے یا چوراہے پر بنے ایک چائے کے ہوٹل پر جا کر بیٹھ جانا ہے۔ وہاں اڑتے ہوئے سگریٹ کے دھوئیں اور چائے کی پیالیوں کی کھنک میں آپ کو پورا پاکستان چلتا پھرتا، بولتا اور سانس لیتا ہوا مل جائے گا۔

​ایک طرف جدید دنیا ہے جو علم، تحقیق اور ہنر کی بدولت ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ وہاں کے لوگ کچرے کو بھی سونا بنا رہے ہیں، کوئی ٹماٹر کے چھلکے سے اعلیٰ معیار کا لیدر تیار کر کے عالمی منڈیوں میں بیچ رہا ہے تو کوئی ناکارہ پلاسٹک سے سڑکیں تعمیر کر رہا ہے۔ وہ قومیں جن کے پاس شاید ہمارے جتنے قدرتی وسائل بھی نہیں، وہ اپنی محنت اور ہنر سے اپنے ملک کی معیشت کو مضبوط سہارا دے رہی ہیں۔ کوئی دودھ اور زراعت کی جدید پیداوار سے اپنے ملک کا خزانہ بھر رہا ہے، تو کوئی چھوٹی سی کارآمد شے بنا کر پوری دنیا کو برآمد کر رہا ہے۔

​اور دوسری طرف ذرا اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں؟

​ہم چائے کے ہوٹل کی ٹوٹی ہوئی کرسی پر بیٹھ کر گھنٹوں یہ بحث کر رہے ہیں کہ "یار، اس موبائل ایپ پر اشتہار دیکھنے سے روزانہ کتنے پیسے ملتے ہیں؟" کوئی ساتھی سے پوچھ رہا ہے کہ آن لائن جوا کہاں سے لگے گا، کوئی آن لائن گیم میں اڑنے والے جہاز کے داؤ پیچ سیکھ رہا ہے، تو کوئی دبے لفظوں میں یہ پوچھ رہا ہے کہ نشہ آور آئس کیسے اور کہاں سے تیار کی جاتی ہے۔

​یہ ہے ہمارا اور دنیا کی زندہ قوموں کا بنیادی فرق۔ وہ قومیں ٹماٹر کے چھلکے سے لیدر بنا کر اپنی معیشت کو سہارا دے رہی ہیں، اور ہم چائے کے ہوٹل پر بیٹھ کر آئس بنانے اور جوا کھیلنے کے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں۔ وہ دودھ اور محنت کی کمائی بیچ کر ملک کو پیروں پر کھڑا کر رہی ہیں، اور ہم نشے کے عادی ہو کر اپنی نسلوں اور ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔

​افسوسناک امر یہ ہے کہ ہوٹل پر بیٹھا ہر دوسرا شخص آج کل شارٹ کٹ کی تلاش میں ہے۔ محنت اور پسینہ بہانے کے بجائے فراڈ، چالاکی اور مکاری کو ہی عقل مندی سمجھا جانے لگا ہے۔ کوئی کسی سادہ لوح کو جعلی ایپ میں پیسے لگانے کا لالچ دے رہا ہے، کوئی بیرونِ ملک جعلی نوکری کا جھانسہ دے کر غریب کی جمع پونجی لوٹنے کے منصوبے بنا رہا ہے، تو کوئی راتوں رات رقم ڈبل کرنے کے سبز باغ دکھا رہا ہے۔ ہمیں ہنر سیکھنا نہیں ہے، ہمیں مشقت کرنی نہیں ہے، ہمیں بس بغیر کچھ کیے راتوں رات امیر ہونا ہے، چاہے اس کا راستہ جوئے سے ہو کر گزرے یا کسی غریب کا حق مارنے سے۔

​ذرا سوچیے! جو نوجوان اپنا چائے کا خالی کپ خود اٹھا کر کاؤنٹر تک رکھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتا، وہ ملک کا بوجھ اپنے کندھوں پر کیسے اٹھائے گا جو نسل سارا دن موبائل اسکرین پر انگلیاں گھما کر مفت کے پیسے بٹورنے کے خواب دیکھتی ہے، وہ ٹماٹر کے چھلکے سے لیدر بنانے یا کوئی نئی ایجاد کرنے کا سوچے گی بھی کیسے؟ جو جوانی نشے کی لت میں ڈوب کر اپنی صلاحیتیں راکھ کر رہی ہے وہ محنت کر کے خاندان اور معیشت کا سہارا کیسے بنے گی

​ہوٹل کی میز پر بیٹھا ہر شخص خود کو عقلِ کل سمجھتا ہے۔ ہر کوئی یہی دعویٰ کرتا نظر آتا ہے کہ "مجھے بس ایک بار وزیراعظم بنا دو، میں ایک ہفتے میں ملک کے سارے حالات ٹھیک کر دوں گا حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اس نے ابھی تک اپنی پی ہوئی چائے کے پیسے بھی ادا نہیں کیے ہوتے۔ اسے حکومت نظام اور دوسروں کی ہر غلطی دوربین لگا کر نظر آتی ہے، مگر اپنی کام چوری، جھوٹ اور چالاکی پر کبھی نظر نہیں جاتی

​میں یہ نہیں کہتا کہ مل بیٹھ کر حالات پر تبصرہ کرنا یا باتیں کرنا کوئی جرم ہے۔ مگر کھوکھلی باتوں کے ساتھ ساتھ ایک چھوٹا سا عملی قدم بھی تو اٹھنا چاہیے۔ اگر چائے کے ہوٹل پر بیٹھے دس نوجوان آج یہ پختہ عہد کر لیں کہ ہم فراڈ اور دھوکہ دہی سے توبہ کرتے ہیں جوئے اور نشے کے قریب نہیں جائیں گے، اور اس قیمتی وقت میں کوئی ایک باعزت ہنر سیکھیں گے، تو یقین جانیے پاکستان کی تقدیر بدلنے کا عمل اسی لمحے شروع ہو جائے گا

​زندہ قومیں بنجر زمین سے بھی رزق اگا لیتی ہیں اور ہم زرخیز ذہنوں کو بے مقصد بحثوں میں بنجر بنا رہے ہیں۔ دنیا والے وقت کے ایک ایک لمحے کو قیمتی بنا کر تاریخ رقم کرتے ہیں، اور ہم ہوٹلوں کی کرسیوں پر بیٹھ کر اپنی جوانی اور صلاحیتوں کو ضائع کر رہے ہیں

​پاکستان چائے کے ہوٹل پر بیٹھ کر تبصرے کرنے سے ہرگز نہیں بدلے گا پاکستان اس دن بدلے گا جب چائے کے ہوٹل سے اٹھ کر ہر فرد اپنے حصے کا سچا اور ایمانداری کا کام کرے گا

​اس لیے آج سے خود سے ایک سچا وعدہ کریں۔ دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر چائے ضرور پیئیں، مگر جب ہوٹل سے باہر قدم رکھیں تو خود سے یہ سوال ضرور پوچھیں کہ آج میں نے کسی سے فراڈ کی بات کی ہے یا محنت کی؟ آج میں نے نشے اور جوئے کا تذکرہ کیا ہے یا کسی ہنر اور تعمیر کا؟

​اگر ہم سب نے ہوٹل کی فضول نشستوں کو چھوڑ کر عمل کی کرسی سنبھال لی، تو ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب چائے کے ہوٹل پر بیٹھا ہوا یہی بے بس پاکستان، اپنے مضبوط پیروں پر کھڑا ایک باوقار اور خوددار پاکستان بن جائے گا