جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تبصرہ کتب،خوشبوئے سیدِ عالم ،تبصرہ نگار: ظفر اقبال ظفر

نقطہ نظر
zafar iqbal zafar

کتاب "خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ" کائنات کی جس محبوب ہستی سے منسوب ہے اُنہی کی صورت وسیرت کی خوشبودارعکاسی پر مبنی ہے۔مصنفہ فائزہ بنت معراج دین نے جس طرح اس کتاب میں خود کو چھپایا اور سرکار دوعالم ؑکو دیکھایا،میں بھی اسی انداز کو پیش کرنا چاہوں گا،یہ تبصرہ درحقیقت انہی حوالوں شہادتوں کا تزکرہ ہے جو فائزہ بنت معراج دین نے ایمان و محبت کی راہوں پہ چلتے ہوئے ساڑھے چودہ سو سال پیچھے جا کر جمع کیے۔

کتاب "خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ" جس کی تالیف فائزہ بنت معراج دین نے کی ہے۔جس میں حضور نبی کریم ﷺ کے جسدِ اطہر، اعضائے مبارکہ، عرقِ مطہر اور مدینہ طیبہ کی بے مثال خوشبو نیز آپ ﷺ کے حسن و جمال اور حلیہ مبارک کا ایمان افروز تزکرہ جس میں شامل ہیں جسمِ اطہر کی قدرتی خوشبو: پسینہ مبارک، گیسو، دستِ اقدس، لعابِ دہن اور قدمین شریفین کی معطر خصوصیات۔ مدینہ منورہ کی مٹی، فضا، سحر کی مہک اور قبرِ انور کی خوشبو۔ حسن و جمال (حلیہ مبارک اور تبرکات)سراپائے اقدس کی تفاصیل چہرہ انور، چشمانِ مقدس، ابرو، ریش مبارک، قد و قامت اور اعتدالِ اعضاء کا محدثانہ بیان۔ احادیثِ مبارکہ، سیرت کی معتبر کتب (مثلاً مدارج النبوۃ، الشفا، المواہب اللدنیہ، السبل والہدٰی) اور جلیل القدر محدثین و ائمہ کے اقوال کی روشنی میں تالیف۔ روایاتِ حدیث کے ساتھ ساتھ امام احمد رضا خان اور دیگر شعراء کے نعت و عقیدت سے لبریز اشعار کا حسین امتزاج۔ قاری کے دل میں حبِ رسول ﷺ، تعظیمِ سیرت اور اتباِ سنت کا شوق اجاگر کرنا۔محمد مصطفیٰ ﷺ کے جسمِ اطہر، پسینے، اور لباس سے ان کی خوشبو کے معجزاتی ظہور پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ کتاب کے مختلف ابواب میں احادیث، تاریخی روایات، اور قرآنی آیات کی روشنی میں حضور اکرم ﷺ کے حسن و جمال، اعضاءِ مبارک، اور پاکیزہ صفات کا حسین تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، اس میں فقہی احکام، الکحل کی شرعی حیثیت، اور پرفیوم یا خوشبو کے استعمال سے متعلق اہم مسائل بھی بیان کیے گئے ہیں۔ مصنفہ نے انورادیان، مدارج النبوت، اور دیگر معتبر اسلامی کتب کے حوالے سے اس بات کو واضح کیا ہے کہ آپ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ سے وابستہ خوشبو وقت اور مکان کی قید سے آزاد تھی۔ اس طرح، یہ تحریر عقیدت، محبت، اور سیرتِ طیبہ کے مختلف لطیف پہلوؤں کا ایک جامع اور مستند مجموعہ ہے۔ مدینہ منورہ کے اسماء اور مٹی کی خاص خوشبو،مدینہ منورہ کو طابہ، طیبہ، طائبہ اور مطیّبہ جیسے مقدس ناموں سے یاد کیا جاتا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ اس شہر کی پاکیزہ اور طیب خوشبو ہے۔ علامہ ابن بطال کے مطابق جو شخص اس شہر میں رہتا ہے، وہ اس کی در و دیوار اور کوچہ و بازار سے حسین خوشبو محسوس کرتا ہے۔ علامہ شبلی فرماتے ہیں کہ مدینہ طیبہ کی مٹی میں ایک ایسی خاص خوشبو پائی جاتی ہے جو دنیا کی کسی اور چیز میں نہیں ملتی۔ مدینہ منورہ کی فضا میں مشک اور دیگر قدرتی خوشبوئیں مہکتی رہتی ہیں، خصوصاً سحر کے وقت اس کا احساس زیادہ نمایاں ہوتا ہے یہاں کے دائمی باشندوں پر یہ خوشبو اس لیے مخفی محسوس ہوتی ہے کیونکہ وہ ہمہ وقت اس معطر ماحول میں رہتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ایک عطر فروش ہر وقت خوشبو میں رہنے کی وجہ سے عطر کو الگ سے محسوس نہیں کر پاتا۔. سیدنا انس رضی اللہ عنہ اور سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ مدینہ منورہ کے جس راستے سے بھی گزر جاتے، تو لوگ وہاں پھیلی پیاری خوشبو اور مہک سے فوراً پہچان لیتے کہ یہاں سے رسول اللہ ﷺ کا گزر ہوا ہے۔

حضور سید عالم ﷺ کے وصال کے بعد سیدۃ النساء حضرت فاطمہ الزہراء رضی اللہ عنہا قبرِ انور پر حاضر ہوئیں اور قبرِ مطہر کی مٹی مبارک کو اٹھا کر اپنی آنکھوں سے لگایا۔ اس موقع پر آپ رضی اللہ عنہا نے یہ تاریخی شعر پڑھا(یعنی جس شخص نے احمد مجتبیٰ ﷺ کی قبرِ انور کی مٹی سونگھ لی ہو، وہ اگر تمام زندگی کوئی اور عمدہ عطر یا خوشبو نہ بھی سونگھے تو اس پر کیا حرج ہے؛ وہ کسی اور خوشبو کا محتاج ہی نہیں رہتا). دنیا کی ہر خوشبو سے برتر ہونا: امام بوصیری رحمۃ اللہ علیہ اس شعر کی شرح میں فرماتے ہیں کہ دنیا کی کوئی خوشبو اس مٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی جس مٹی نے حضور اکرم ﷺ کے اعضائے مبارکہ کو مس کیا ہوا ہے۔ وہ ہستیاں نہایت خوش نصیب ہیں جنہوں نے اس مبارک خاک کو سونگھا اور چوما۔علماء کرام کا عقیدہ اور تصریح ہے کہ جو مٹی حضور سید عالم ﷺ کے جسدِ اطہر سے متصل (مس) ہے، وہ کعبہ معظمہ (بیت اللہ)، مسجدِ اقصی، اور عرش و کرسی سے بھی افضل ہے۔ کیونکہ ہر ذی روح جس خاک میں دفن ہوتا ہے وہ اس کا جزو بنتی ہے، اور تمام کائنات، عرش و کرسی اور لوح و قلم آپ ﷺ ہی کے طفیل تخلیق کیے گئے ہیں۔

حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ اور حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے پسینہ مبارک کی خوشبو عمدہ مشک و کستوری سے بھی زیادہ لطیف اور معطر تھی۔ ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ آپ ﷺ کے پسینہ مبارک کی مہک مشکِ اذفر سے بھی زیادہ عمدہ اور پیاری ہوتی تھی۔روایات کے مطابق آپ ﷺ کے چہرہ مبارک پر پسینے کے قطرات خوبصورت درخشندہ موتیوں کی طرح دکھائی دیتے تھے۔ سابقہ آسمانی کتب میں بھی حضور اکرم ﷺ کی یہ صفت بیان کی گئی تھی کہ آپ کا پسینہ مبارک چہرے پر موتیوں کی مانند چمکے گا جس سے مشک کی خوشبو مہکے گی۔ سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب حضور نبی کریم ﷺ کسی راستے سے گزر جاتے تو آپ کے بعد آنے والا شخص آپ ﷺ کے پسینہ مبارک کی خوشبو ہی سے فوراً جان لیتا تھا کہ یہاں سے رسول اللہ ﷺ تشریف لے گئے ہیں۔

عام انسانی طبیعت کے برعکس، حضور اکرم ﷺ کا پسینہ مبارک قدرتی طور پر انتہائی طاہر، پاکیزہ اور خوشبودار تھا اور اس میں کسی قسم کی کثافت یا ناگواری کا نام و نشان تک نہ تھا۔ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا دستِ مبارک خوشبو لگائے بغیر بھی عطر فروش (عطار) کے ہاتھ کی طرح ہمہ وقت معطر رہتا تھا۔حضرت وائل بن حجر رضی اللہ عنہ اور سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ جس شخص سے حضور اکرم ﷺ مصافحہ فرماتے، اس کا ہاتھ سارا دن معطر رہتا اور اس سے مشکِ نافہ سے بھی زیادہ عمدہ خوشبو آتی رہتی، حتیٰ کہ وہ شخص دن بھر اپنا ہاتھ سونگھتا رہتا۔نبی کریم ﷺ جس بچے کے سر پر اپنا دستِ مبارک پھیر دیتے، وہ بچہ اس خاص خوشبو اور مہک کی وجہ سے دوسرے تمام بچوں میں نمایاں اور ممتاز نظر آتا تھا۔کتاب "خوشبوئے سیدِ عالم ﷺ" خوشبو کی وہ شیشی ہے جو ہر اُمتی کے گھرمیں ہونی چاہیے۔