مو سمیا تی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے،وزیراعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے صرف وعدے نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے-
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کے روز ترکیہ کے ساحلی شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترقی پذیر اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے لیے گرانٹس پر مبنی فنانسنگ اور ماحولیاتی بحالی کے فنڈز کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم کا ذمے دار ہے، اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے،2022ء میں پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا، تباہ کن سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران ترکیہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہا،پاکستان ماحول دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے، مو سمیا تی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں صاف اور متبادل توانائی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو اجاگر کیا، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ محض انفرادی یا قومی سطح کی کوششیں ایک منصفانہ اور متوازن عالمی ردِعمل کا متبادل نہیں ہو سکتیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب موسمیاتی آفات ٹوٹتی ہیں تو متاثرہ ممالک کو ایسی بروقت مدد اور مالی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے جو انہیں مزید قرضوں کی دلدل میں نہ دھکیلیں پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سمیت گرانٹس پر مبنی فنانسنگ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی لچک (ریز یلینس) اور مطابقت (ایڈاپٹیشن) کے فنڈز میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کرتا ہے، جو بالخصوص کمزور معیشتوں کے لیے زندگی اور بقا کے فنڈز کی حیثیت رکھتے ہیں۔
توانائی کے شعبے میں ملکی پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کی توانائی کی تقریباً 55 فیصد ضروریات صاف ذرائع سے پوری ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان الیکٹرک گاڑیوں (ای موبیلٹی) کے فروغ پر تیزی سے کام کر رہا ہے اور ملک نے 2035 تک اپنے متوقع کاربن اخراج میں تقریباً 50 فیصد کمی لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
مزید پڑھیں




