جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کتاب اور پی ڈی ایف،تحریر: ماہ جبین اظہر

نقطہ نظر
mah jabeen b

میں سوچتی ہوں کہ وہ دور بھی کیا سہانا دور تھا جب ریڈیو سننا، ٹی وی لگا کر خبریں دیکھنا، معلوماتی پروگراموں سے آگاہی حاصل کرنا اور سب سے بڑھ کر اخبار و میگزین پڑھنا روزمرہ زندگی کا ایک خوبصورت حصہ ہوا کرتا تھا۔ صبح جب اخبار والا اخبار اور دیگر رسائل دروازے پر دے کر جاتا تو دل ایک عجیب سی خوشی محسوس کرتا۔ ہفتہ وار میگزین کا پورا ہفتہ انتظار رہتا اور جب وہ ہاتھ میں آتا تو خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ ہوتا۔ فوراً اپنے پسندیدہ مصنف کی تحریر پڑھنے کی خواہش دل میں جاگ اٹھتی۔ کبھی کسی افسانے کا انتظار ہوتا تو کبھی کسی کالم یا مضمون کا۔

لیکن آج ٹیکنالوجی نے اس قدر ترقی کر لی ہے کہ دنیا بھر کی معلومات چند سیکنڈ میں ہماری انگلیوں کی جنبش سے اسکرین پر موجود ہوتی ہیں۔ بظاہر یہ سہولت بہت مفید ہے، مگر اس تیز رفتار دور میں کتاب اور اس سے جڑا خوبصورت تصور کہیں پیچھے رہ گیا ہے۔

پی ڈی ایف نے مطبوعہ کتاب کی اہمیت کو کسی حد تک متاثر کیا ہے۔ اب بیشتر لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ چند منٹ موبائل یا کمپیوٹر کی اسکرین پر انگلیاں چلائیں اور پوری کتاب پی ڈی ایف کی صورت میں ان کے سامنے موجود ہو۔ جس دور میں کتاب خریدنے کے لیے بڑے جوش و خروش سے پیسے جمع کیے جاتے تھے، کتابوں کی دکانوں پر جا کر پسندیدہ کتاب کا انتخاب کیا جاتا تھا اور اسے گھر لا کر کئی کئی دن محبت سے پڑھا جاتا تھا، آج وہ خوشی اور انتظار تقریباً ختم ہوتا جا رہا ہے۔

کتاب صرف چند صفحات کا مجموعہ نہیں ہوتی بلکہ یہ ایک احساس، ایک تجربہ اور علم و شعور کا خزانہ ہوتی ہے۔ کتاب کو ہاتھ میں لے کر پڑھنے کا اپنا ہی لطف ہے۔ صفحات پلٹنے کی آواز، کتاب سے اٹھنے والی خوشبو اور اپنی پسندیدہ تحریر پر نشان لگانے کا انداز، یہ سب وہ تجربات ہیں جن کا متبادل شاید پی ڈی ایف فراہم نہیں کر سکتی۔

اس صورتِ حال کا ایک افسوس ناک پہلو یہ بھی ہے کہ کتابوں کی فروخت میں کمی سے مصنفین، پبلشرز اور کتاب فروش متاثر ہوتے ہیں۔ کتابوں کی دکانوں پر رونق کم ہوتی جا رہی ہے اور کئی قیمتی کتابیں فٹ پاتھوں پر اپنے خریداروں کی منتظر دکھائی دیتی ہیں۔ ایک طرف لکھاری اپنی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں سے کتاب تخلیق کرتا ہے تو دوسری طرف اس کی فروخت میں کمی پورے ادبی سلسلے کو متاثر کرتی ہے۔

کیا کتاب دوستی کے فروغ کی ذمہ داری صرف لکھاریوں، قارئین اور ادبی تنظیموں کی ہے؟ یقیناً نہیں! اس سلسلے میں حکومت کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ کتابوں کی اشاعت اور فروخت کے فروغ کے لیے جامع پالیسی مرتب کرے۔ کاغذ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور طباعت کے اخراجات میں کمی کے لیے پبلشرز کو مناسب سہولتیں اور مراعات فراہم کی جائیں تاکہ کتابیں عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق دستیاب ہو سکیں۔

تعلیمی اداروں میں مطالعے کے رجحان کو فروغ دینا بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی لائبریریوں کو جدید اور معیاری کتابوں سے آراستہ کیا جائے۔ ہر تعلیمی ادارے میں باقاعدہ لائبریری اور مطالعے کے لیے مناسب وقت مختص کیا جائے۔ طلبہ کو نصابی کتابوں کے ساتھ ادبی، تاریخی، سائنسی اور معلوماتی کتب پڑھنے کی ترغیب دی جائے۔ اس کے علاوہ سالانہ کتاب میلے منعقد کیے جائیں جہاں طلبہ کو رعایتی قیمتوں پر کتابیں فراہم کی جائیں۔

حکومت کو چاہیے کہ بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں بھی عوامی کتب خانے قائم کرے۔ موبائل لائبریریوں کا نظام متعارف کروایا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے بچے بھی کتابوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔ سرکاری سطح پر کتابوں کی نمائش، ادبی سیمینارز اور مطالعے کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ نئی نسل میں کتاب دوستی کا شعور بیدار ہو۔

مصنفین کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔ نئے لکھنے والوں کے لیے سرکاری سطح پر ادبی انعامات، کتابوں کی اشاعت میں معاونت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کتابوں کی غیر قانونی نقل اور مصنفین کے حقوق کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ لکھاری کی محنت کا مناسب معاوضہ اسے مل سکے۔

یہ بھی ضروری ہے کہ پی ڈی ایف کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے بجائے اسے کتاب کے فروغ کا ذریعہ بنایا جائے۔ ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کی جائیں، مگر مصنفین اور پبلشرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی اور مطبوعہ کتاب ایک دوسرے کی مخالف نہیں بلکہ علم کے فروغ کے دو مختلف ذرائع ہیں۔

حکومت، تعلیمی اداروں، ادبی تنظیموں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اس سمت میں کام کرنا ہوگا۔ کیونکہ جس معاشرے میں کتابوں سے محبت کم ہو جائے، وہاں فکری ترقی کا سفر بھی متاثر ہونے لگتا ہے۔

ٹیکنالوجی یقیناً وقت کی ضرورت ہے، مگر کتاب ہماری علمی، تہذیبی اور ادبی وراثت کا قیمتی سرمایہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پی ڈی ایف کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مطبوعہ کتاب کی اہمیت بھی برقرار رکھی جائے۔

حکومت اگر آج کتاب دوستی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے تو آنے والی نسلوں کو ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور مطالعہ پسند معاشرہ دیا جا سکتا ہے۔ آخر کتابیں صرف پڑھی نہیں جاتیں بلکہ قوموں کی فکری تعمیر بھی کرتی ہیں۔