جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈاکٹر رتھ فاؤ۔تحریر: سید آزاد گیلانی

نقطہ نظر

آج ایک مخصوص شخصیت کے بارے میں اپنے قلم کی تاثیر آزمانے چلا ہوں، اور ان شاءاللہ آگے بھی قومی و بین الاقوامی ہیروز کے بارے میں لکھوں گا ۔ابھی میں لکھنے لگا ہوں ایک ایسی شخصیت جس نے انسانیت کی لازوال مثال قائم کرتے ہوئے پاکستان کے لیے وہ کچھ کیا جس سے ہمیں اپنے کردار، اپنی ذمہ داریوں اور اپنے قومی رویوں کا جائزہ لینے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کے کارہائے نمایاں کو فراموش کرنا اور انہیں خراج تحسین پیش نہ کرنا یقیناً احسان فراموشی ہوگی۔


یہ ایک ایسی خاتون کی داستان ہے جس کی جائے پیدائش پاکستان نہیں تھی، جس کی مادری زبان اردو نہیں تھی، جس کا مذہب ہم سے مختلف تھا، لیکن اس نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ اس سرزمین کے ان لوگوں کے نام کر دیا جنہیں ہمارا معاشرہ اپنے قریب بٹھانے سے بھی کتراتا تھا۔ اس خاتون کا نام ڈاکٹر رتھ فاؤ (Dr Ruth Pfau) تھا ۔


ڈاکٹر رتھ کاتھرینا مارتھا فاؤ 9 ستمبر 1929 کو جرمنی کے شہر لائپزگ میں پیدا ہوئیں۔ دوسری جنگ عظیم کی تباہ کاریوں اور انسانی المیوں نے ان کے بچپن پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ جنگ کے بعد انہوں نے طب کی تعلیم حاصل کی اور ڈاکٹر بنیں۔ بعد ازاں وہ کیتھولک مذہبی جماعت سے وابستہ ہو گئیں۔ ان کی زندگی کا مقصد محض ایک پیشہ ور ڈاکٹر بننا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا تھا۔


1960 میں وہ ایک مشن کے سلسلے میں بھارت جا رہی تھیں۔ سفر کے دوران ویزے کے مسئلے کے باعث انہیں کراچی میں رکنا پڑا۔ اسی دوران میکلوڈ روڈ کے قریب جذام (Leprosy) کے مریضوں کی ایک بستی دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ وہاں موجود مریضوں کے زخم، محرومی اور معاشرتی بے اعتنائی نے انہیں اندر تک ہلا کر رکھ دیا۔ یہ وہ لوگ تھے جنہیں بیماری سے زیادہ معاشرے کی نفرت اور بے رخی نے تنہا کر رکھا تھا۔


ڈاکٹر رتھ فاؤ نے اس منظر کو محض دیکھا نہیں بلکہ اسے اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔ انہوں نے بھارت جانے کا ارادہ ترک کیا اور پاکستان میں رکنے کا فیصلہ کر لیا۔ بظاہر یہ ایک مسافر کا اپنا سفر بدلنے کا فیصلہ تھا، مگر حقیقت میں اس فیصلے نے ہزاروں انسانوں کی زندگیوں میں امید کی نئی راہیں کھول دیں۔


اس زمانے میں جذام کے بارے میں لاعلمی اور خوف عام تھا۔ لوگ مریضوں کو چھونے سے ڈرتے، ان کے قریب بیٹھنے سے گریز کرتے اور بعض اوقات اپنے خاندان کے افراد بھی انہیں تنہا چھوڑ دیتے تھے۔ بیماری کے ساتھ معاشرتی نفرت کا بوجھ ان کی زندگی کو مزید اذیت ناک بنا دیتا تھا۔ ایسے حالات میں ڈاکٹر رتھ فاؤ نے کراچی کی ایک معمولی سی ڈسپنسری سے اپنے کام کا آغاز کیا۔ انہوں نے علاج کے ساتھ مریضوں کی دیکھ بھال، بحالی اور انہیں باوقار زندگی کی امید دینے پر توجہ دی۔


1963 میں انہوں نے کراچی میں ایک باقاعدہ طبی مرکز کے قیام کی بنیاد رکھی، جو بعد ازاں میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر کی صورت میں ایک بڑے ادارے میں تبدیل ہوا۔ یہاں مریضوں کو مفت علاج اور طبی سہولتیں فراہم کی جانے لگیں۔ ان کا مقصد صرف زخموں کا علاج کرنا نہیں تھا بلکہ ان لوگوں کو دوبارہ معاشرے کا حصہ بنانا بھی تھا جنہیں بیماری کی وجہ سے تنہائی اور محرومی کا سامنا تھا۔


ڈاکٹر رتھ فاؤ جانتی تھیں کہ اگر جذام کا مؤثر مقابلہ کرنا ہے تو علاج کو کراچی تک محدود نہیں رکھا جا سکتا۔ چنانچہ انہوں نے پاکستان کے مختلف علاقوں کا سفر کیا، طبی مراکز کے قیام کے لیے کام کیا، طبی عملے کی تربیت کا انتظام کیا اور لوگوں میں اس بیماری سے متعلق آگاہی پھیلائی۔ اس مشن میں پاکستانی ڈاکٹروں، طبی کارکنوں اور رضاکاروں نے بھی ان کا ساتھ دیا۔


1968 میں ان کی کوششوں اور میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر کے تعاون سے حکومت پاکستان نے قومی سطح پر جذام کے کنٹرول کا پروگرام شروع کیا۔ 1979 میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے جذام کے شعبے میں وفاقی مشیر مقرر کیا گیا۔ ان کی مسلسل محنت سے ملک بھر میں علاج اور نگرانی کا ایک منظم نظام تشکیل پایا، جس کے تحت 150 سے زیادہ مراکز قائم ہوئے۔ یہ محض طبی مراکز کی تعداد میں اضافہ نہیں تھا بلکہ ان لوگوں تک علاج پہنچانے کی کوشش تھی جو برسوں سے نظر انداز کیے جا رہے تھے۔


ان کوششوں کے نتائج بھی سامنے آئے۔ عالمی ادارۂ صحت نے 1996 میں پاکستان کو جذام کو ایک عوامی صحت کے مسئلے کی حیثیت سے قابو کرنے کے مقررہ عالمی معیار تک پہنچنے والے ممالک میں شامل کیا۔ یہ پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی تھی۔ اس کامیابی کے پیچھے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی طویل جدوجہد، ان کی ٹیم، طبی کارکنوں اور حکومتی تعاون کی مشترکہ محنت شامل تھی۔


ان کی خدمات صرف جذام کے علاج تک محدود نہیں رہیں۔ 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے بعد بھی انہوں نے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے عملی کردار ادا کیا۔ ان کے نزدیک انسان کی تکلیف کسی ایک بیماری، علاقے یا طبقے تک محدود نہیں تھی۔ جہاں ضرورت تھی، وہیں ان کی خدمت کا جذبہ موجود تھا۔


ان کی خدمات کے اعتراف میں 1988 میں انہیں پاکستانی شہریت دی گئی۔ انہیں ہلال امتیاز، ہلال پاکستان اور دیگر قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا۔ 2002 میں انہیں فلپائن کا باوقار رامون میگسائے ایوارڈ بھی ملا۔ لیکن شاید ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز یہ تھا کہ جس ملک میں وہ ایک مسافر کی حیثیت سے آئی تھیں، اسی ملک کو اپنا وطن بنا لیا۔


10 اگست 2017 کو کراچی میں ان کا انتقال ہوا۔ 19 اگست کو انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا اور ان کا تابوت پاکستانی پرچم میں لپٹا ہوا تھا۔ یہ اس حقیقت کا اعتراف تھا کہ انہوں نے اس ملک اور اس کے لوگوں کے لیے جو خدمات انجام دیں، وہ انہیں ہمیشہ ہماری قومی تاریخ کا حصہ بنائے رکھیں گی۔


ڈاکٹر رتھ فاؤ کی زندگی کا مطالعہ کرتے ہوئے میرے ذہن میں بار بار ایک سوال ابھرتا ہے۔ ایک غیر ملکی خاتون، جو جرمنی میں پیدا ہوئی، جس کی زبان اور ثقافت ہم سے الگ تھی، اس نے اپنی جائے پیدائش سے ہزاروں میل دور آ کر پاکستان کے لوگوں کو اپنا سمجھا۔ اس نے اپنی صلاحیتیں، اپنا وقت اور اپنی زندگی ان انسانوں کے لیے وقف کر دی جنہیں معاشرے نے تنہا چھوڑ رکھا تھا۔ اس نے کسی سے یہ نہیں پوچھا کہ اس کا مذہب کیا ہے، اس کی زبان کون سی ہے یا اس کا تعلق کس خاندان اور طبقے سے ہے۔ اس نے صرف انسان کا دکھ دیکھا اور اسے کم کرنے کے لیے اپنی زندگی لگا دی۔


تو کیا بحیثیت پاکستانی ہماری کوئی ذمہ داری نہیں؟ کیا اس ملک کا باسی ہونے کے کچھ فرائض نہیں؟ کیا ہمیں اپنے وطن اور اس کے لوگوں کے لیے درد محسوس نہیں ہونا چاہیے؟ آخر کب تک ہم اپنے مسائل کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہراتے رہیں گے؟ کب تک ہم اپنے فرائض سے نظریں چرا کر صرف اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے رہیں گے؟


ہمارے اردگرد کتنے بچے تعلیم سے محروم ہیں، کتنے مریض علاج کے منتظر ہیں، کتنے بزرگ تنہائی میں زندگی گزار رہے ہیں اور کتنے نوجوان رہنمائی اور مواقع کی تلاش میں ہیں۔ ان سب کے لیے ضروری نہیں کہ ہم کسی بڑے عہدے پر فائز ہوں یا ہمارے پاس بے پناہ دولت ہو۔ کبھی کسی ضرورت مند کی مدد، کسی بچے کی تعلیم کا انتظام، کسی مریض کے علاج میں تعاون یا کسی بے سہارا شخص کی دل جوئی بھی ایک بڑی خدمت بن جاتی ہے۔ اصل ضرورت احساسِ ذمہ داری کو عمل میں بدلنے کی ہے۔


ڈاکٹر رتھ فاؤ نے ہمیں یہ سبق دیا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے کسی خاص مذہب، نسل یا قوم سے تعلق رکھنا ضروری نہیں؛ ضروری یہ ہے کہ انسان کے اندر دوسرے انسان کا درد محسوس کرنے والا دل موجود ہو۔


درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو ۔


انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وطن سے محبت صرف نعرے لگانے، پرچم لہرانے یا تقریروں میں اس کا ذکر کرنے کا نام نہیں، بلکہ اس کے لوگوں کے دکھ بانٹنے، ان کے مسائل کم کرنے اور اس کی بہتری کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کا نام ہے۔


آج ہمیں ڈاکٹر رتھ فاؤ کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ خود سے بھی ایک سوال کرنا چاہیے ، جس ملک کے لیے ایک غیر ملکی خاتون نے اپنی زندگی وقف کر دی، اس ملک کے لیے ہم نے کیا کیا؟ کیا ہمارا فرض صرف اس سرزمین سے فائدہ اٹھانا ہے یا اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا بھی ہے؟ اگر ہم واقعی اس ملک سے محبت کرتے ہیں تو اس محبت کا ثبوت ہمارے رویوں، ہمارے کردار اور ہمارے عمل میں بھی نظر آنا چاہیے۔


پاکستان ہمارا گھر ہے، اور گھر کی بہتری صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ اس میں رہنے والے ہر شخص کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن سے صرف توقعات وابستہ رکھیں گے یا اس کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھی ادا کریں گے۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے اپنی زندگی سے ہمیں آئینہ دکھا دیا ہے؛ اب اس آئینے میں اپنا کردار دیکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔


وطن سے محبت کا دعویٰ کرنے سے پہلے یہ سوچیے کہ اس وطن کے کسی ایک انسان کی زندگی آسان بنانے کے لیے ہم نے کیا کیا؟