معاشی خود انحصاری کا سفر، تحریر:جواد اعوان
نقطہ نظر
روایتی ملازمت کے دائرے سے نکل کر کاروبار کی دنیا میں قدم رکھنا محض پیشے کی تبدیلی کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ غلامی کی سوچ کو الوداع کہہ کر حریتِ فکر، مالی خود مختاری اور اپنے بل بوتے پر زندگی گزارنے کے عزمِ مصمم کا دوسرا نام ہے۔ ہمارے معاشرے میں ایک طویل عرصے سے یہ فرسودہ ذہنیت مسلط چلی آ رہی ہے کہ اچھی تعلیم کا واحد مقصد کسی محفوظ ادارے میں نوکری حاصل کرنا ہے، جہاں مہینے کے آخر میں ایک طے شدہ تنخواہ ملنے کی ضمانت ہو۔ اس سوچ نے ہماری نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو سکیڑ کر رکھ دیا ہے اور انہیں ایک ایسی دوڑ میں شامل کر دیا ہے جہاں وہ اپنی زندگی کے بہترین سال کسی اور کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے میں صرف کر دیتے ہیں۔ اس کے برعکس، اگر ہم اسلامی تعلیمات، معاشی حقیات اور انسانی تاریخ کا باریک بینی سے جائزہ لیں تو یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے رزق کے حصول کے لیے جو وسیع راستے بنائے ہیں، ان میں تجارت اور کاروبار کو ایک مرکزی اور کلیدی حیثیت حاصل ہے۔
معاشرتی سطح پر نوکری کو ہمیشہ اس لیے ترجیح دی جاتی ہے کیونکہ اس میں خطرہ مول نہیں لینا پڑتا، جبکہ کاروبار کو نامعلوم خدشات اور مالی نقصان کا خوفناک سمندر سمجھا جاتا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ جو شخص نوکری کی محدود تنخواہ کے حصار میں قید ہو جاتا ہے، وہ دراصل اپنی محنت اور صلاحیتوں کا ایک ایسا سودا کر بیٹھتا ہے جس کا منافع کوئی اور سمیٹتا ہے۔ قرآنِ کریم میں اللہ رب العزت کا ارشادِ گرامی ہے:
«يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تأْكُلُوا أَمْوَالَكُمْ بَيْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ إِلَّا أَنْ تَكُونَ تِجَارَةً عَنْ تَرَاضٍ مِنْكُمْ»
(ترجمہ: اے ایمان والو! آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق طریقے سے نہ کھاؤ، مگر یہ کہ آپ کی باہمی رضامندی سے کوئی تجارت ہو۔)
یہ آیتِ مبارکہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اسلام نے باہمی رضامندی پر مبنی تجارت کو مالی لین دین اور حلال کمائی کا سب سے بہترین اور پاکیزہ ذریعہ قرار دیا ہے۔ نوکری میں انسان کا وقت، اس کی محنت اور اس کی صلاحیتیں ایک بندھے ٹکے قانون کے تحت بک جاتی ہیں، جہاں سالانہ چند فیصد اضافے کے علاوہ اس کی محنت کا کوئی صلہ نہیں ملتا۔ اس کے برعکس، جب کوئی شخص نوکری کی مصلحت پسندی کو چھوڑ کر اپنا کاروبار شروع کرتا ہے، تو وہ اپنی محنت، ذہانت اور تدبر کے مطابق جتنا چاہے رزق کما سکتا ہے۔ کاروبار میں انسان صرف اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ اپنے پورے خاندان اور معاشرے کے لیے نفع بخش بنتا ہے۔
تاریخی اور روایتی اعتبار سے بھی کاروبار کی عظمت مسلم ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود تجارت کو اپنایا اور اسے ایک با برکت پیشہ قرار دیا۔ اس حوالے سے منقول ہے کہ رزق کے نو حصے تجارت میں اور ایک حصہ باقی ذرائع میں ہے۔ یہ مقولہ اور احادیث کے اشارے اس حقیقت کو بے نقاب کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے رزق کی فراوانی اور وسعت تجارت کے اندر رکھی ہے۔ جب انسان نوکری کے تحفظ کے جھوٹے خول سے باہر نکلتا ہے، تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ دنیا میں لامحدود مواقع اس کے منتظر ہیں۔ کاروبار میں انسان کسی کا پابند نہیں ہوتا، بلکہ وہ خود اپنے فیصلوں کا ماسٹر ہوتا ہے۔ اسے مارکیٹ کی نبض سمجھنے کا موقع ملتا ہے، وہ نئی حکمت عملی بناتا ہے، اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتا ہے۔
نوکری چھوڑ کر کاروبار کی طرف آنے کا عمل انسان کے اندر خود اعتمادی، بہادری اور توکل علی اللہ کی صفت کو بیدار کرتا ہے۔ جب ایک ملازم نوکری چھوڑتا ہے تو اسے وقتی طور پر معاشی عدم استحکام کا خوف ضرور ستا سکتا ہے، لیکن یہی وہ موڑ ہوتا ہے جہاں انسان کے حقیقی جوہر کھل کر سامنے آتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو زمین میں اپنا نائب بنا کر بھیجا ہے اور اسے یہ صلاحیت دی ہے کہ وہ وسائل تلاش کرے اور ان میں تصرف کرے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
«فَإِذَا قُضِيَتِ الصَّلَاةُ فَانْتَشِرُوا فِي الْأَرْضِ وَابْتَغُوا مِنْ فَضْلِ اللَّه»
(ترجمہ: پھر جب نماز پوری ہو چکی تو زمین میں پھیل جاؤ اور اللہ کا فضل (رزق) تلاش کرو۔)
یہ حکم اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ انسان کو ایک جگہ بند ہو کر بیٹھنے کی بجائے زمین میں نکلنا چاہیے، محنت کرنی چاہیے اور رزقِ حلال کی تلاش میں جدوجہد کرنی چاہیے۔ تجارت اور کاروبار اس زمین میں پھیل کر رزق تلاش کرنے کی سب سے بہترین عملی شکل ہے۔
آج کے دور میں جہاں مہنگائی اور معاشی بحران نے نوکری پیشہ افراد کی کمر توڑ دی ہے، روایتی تنخواہ پر گزارا کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں نوکری سے وابستہ رہنا اپنی صلاحیتوں کا استحصال کرنے کے مترادف ہے۔ کاروبار نہ صرف انسان کو مالی طور پر مضبوط بناتا ہے بلکہ وہ ایک ملازم سے مالک بننے کا سفر طے کرتا ہے۔ ایک کاروباری شخص جب ترقی کرتا ہے تو وہ اکیلا خوشحال نہیں ہوتا، بلکہ اپنے ساتھ وابستہ درجنوں اور سینکڑوں دیگر ملازموں اور ان کے اہل خانہ کے لیے بھی روزگار کا ذریعہ بنتا ہے۔ اس طرح یہ عمل صدقہ جاریہ کی شکل اختیار کر جاتا ہے اور معاشرے سے بے روزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ لہذا، نوکری کی غلامی سے نجات حاصل کر کے کاروبار کی پرسکون اور خود مختار دنیا کی طرف قدم بڑھانا دراصل ایک روشن مستقبل، معاشی آزادی اور شریعت کی دی ہوئی ترغیب پر عمل کرنے کا سب سے بہترین اور حتمی فیصلہ ہے۔
مزید پڑھیں




