جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حرف و حکایت، تحریر:عظمیٰ شیخ

نقطہ نظر

حرف صرف آواز نہیں ہے۔ حرف انسان کی پہلی ایجاد ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ انسان نے پہلے پتھروں پر نشان بنائے۔ پھر تصویریں بنائیں۔ پھر حروف بنائے۔ اور پھر ان حروف سے اس نے اپنی حکایت لکھنا شروع کی تحقیق کہتی ہے کہ جس قوم نے اپنے حروف کی حفاظت کی اس قوم نے اپنی تاریخ کی حفاظت ک اور جس قوم نے اپنے حروف کو بگاڑ دیااس قوم کی حکایت بھی بگڑ گئی۔

فلسفہ یہ کہتا ہے کہ حرف وجود سے پہلے ہے۔ انسان دنیا میں آنے سے پہلے ہی اس کے لیے لفظ تیار ہوتی ہے اس کی پہچان اس کی کہانی پھر وہ ساری عمر ان حروف کے درمیان جیتا ہے۔ کبھی وہ حروف اسے عزت دیتے ہیںکبھی وہی حروف اسے شرمندہ کر دیتے ہیں اس لیے حرف محض زبان کا حصہ نہیں وہ انسان کی شخصیت کا حصہ ہے۔

نفسیات کی تحقیق ہمیں ایک حیران کن سچ بتاتی ہے۔ انسان کا دماغ الفاظ کو صرف سنتا نہیں محسوس بھی کرتا ہے۔ ایک محبت بھرا جملہ دماغ میں وہی خوشی پیدا کرتا ہے جو ایک اچھے کھانے یا ایک خوبصورت منظر سے پیدا ہوتی ہے۔ اور ایک تلخ جملہ دماغ میں وہی درد پیدا کرتا ہے جو جسمانی چوٹ سے پیدا ہوتا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ بچپن میں سنا ہوا ایک منفی جملہ تم سے کچھ نہیں ہوگا،تم نالائق ہوبچے کے ذہن میں برسوں تک بیٹھ جاتا ہے، وہ بڑا ہو کر بھی اس جملے سے نہیں نکل پاتا۔ اور اسی طرح بچپن میں سنا ہوا ایک مثبت جملہ تم کر سکتے ہو مجھے تم پر فخر ہے بچے کی ساری زندگی کا سہارا بن جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ہمارے معاشرے کی اصلاح کا آغاز حرف سے ہونا چاہیے۔ ہم شکوہ کرتے ہیں کہ معاشرہ بگڑ گیا ہے۔ اخلاق ختم ہو گیا ہے۔،محبت کم ہو گئی  لیکن ہم یہ نہیں دیکھتے کہ ہمارے حروف بگڑ گئے ہیں۔ ہم نے گھر میں تلخ حرفوں کو معمول بنا لیا ہے۔ ہم نے بچوں سے بات کرنے میں سختی کو محبت سمجھ لیا ہے۔ ہم نے شوہر اور بیوی کے درمیان طعنہ کو بات چیت سمجھ لیا ہے۔ ہم نے ماں باپ سے بات کرنے میں بے ادبی کو جدیدیت سمجھ لیا ہے۔ جب حرف بگڑ جائے تو رشتے بگڑ جاتے ہیں اور جب رشتے بگڑ جائیں تو معاشرہ بگڑ جاتا ہے۔

اصلاح کی پہلی منزل یہ ہے کہ ہم اپنے حرفوں کا محاسبہ کریں۔ دن کے آخر میں اپنے آپ سے پوچھیں کہ آج میں نے کتنے حرفوں سے دل جوڑے اور کتنے حرفوں سے دل توڑے۔ یہ محاسبہ ہی انسان کو انسان بناتا ہے۔ قرآن بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ قولِ سدید کہو

سچی اور سیدھی بات کہو،نرم بات کہو کیونکہ نرم حرف ہی سخت دلوں کو پگھلاتا ہے۔

حکایت کا فلسفہ اس سے بھی گہرا ہے۔ ہر انسان ایک حکایت ہے۔ مگر فرق یہ ہے کہ کوئی اپنی حکایت خود لکھتا ہے اور کوئی دوسروں کی لکھی ہوئی حکایت میں جیتا رہتا ہے۔ جو شخص اپنی حکایت خود نہیں لکھتا زمانہ اس کی حکایت اپنے انداز سے لکھ دیتا ہے۔ اس لیے دانشور کہتے ہیں کہ اپنی کہانی کے مصنف خود بنو دوسروں کو اپنی کہانی لکھنے مت دو۔

ہماری مائیں اور دادیاں حکایت کی سب سے بڑی استاد تھیں۔ وہ رات کو کہانی سناتی تھیں۔ ان کہانیوں میں صرف تفریح نہیں ہوتی تھی۔ ان میں فلسفہ ہوتا تھا, ان میں اصلاح ہوتی تھی, ان میں زندگی کا سبق ہوتا تھا۔ ایک کہانی سے بچہ سیکھتا تھا کہ سچ کیا ہے جھوٹ کیا ہے۔ ظلم کیا ہے عدل کیا ہے۔ آج ہم نے کہانی کو موبائل کے حوالے کر دیا ہے۔ آج بچہ دادی کی کہانی نہیں سنتا۔ وہ اسکرین کی کہانی دیکھتا ہے۔ اس اسکرین میں نہ محبت ہے نہ تربیت ہےنہ حکمت ہے،صرف شور ہے صرف جلدی ہےصرف نمائش ہے یہی وجہ ہے کہ آج کی نسل کو اپنی حکایت کا پتہ ہی نہیں وہ دوسروں کی حکایت کو اپنی حکایت سمجھ کر جی رہی ہے۔

فکری اصلاح یہ ہے کہ ہم حکایت کو دوبارہ زندہ کریں۔اپنے گھر میں کہانی کو واپس لائیں اپنے بچوں کو اپنے بزرگوں کی حکایت سنائیں۔ اپنی ماں کی قربانی کی حکایت سنائیں, اپنے باپ کی محنت کی حکایت سنائیں اپنے اسلاف کی بہادری کی حکایت سنائیں کیونکہ جو قوم اپنی حکایت بھول جاتی ہے، وہ اپنا راستہ بھول جاتی ہے۔

میری طرف سے آج میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ حرف کو عبادت سمجھ کر بولیں۔ حکایت کو امانت سمجھ کر سنائیں۔ اپنے حرفوں سے کسی کی اصلاح کریں۔ کسی کی دلجوئی کریں۔ کسی کے زخم پر مرہم رکھیں۔ اپنے حرفوں سے نفرت نہ پھیلائیں۔ کیونکہ حرف واپس نہیں آتا۔ تیر کمان سے نکل کر واپس نہیں آتا۔ حرف زبان سے نکل کر واپس نہیں آتا۔

آخر میں فلسفے کی ایک بات یاد رکھیں۔ انسان مر جاتا ہے۔ مگر اس کے حروف زندہ رہتے ہیں۔ اس کی حکایت زندہ رہتی ہے۔ لوگ بھول جاتے ہیں کہ آپ نے کیا کھایا تھا, کیا پہنا تھاکہاں رہتے تھے  لیکن لوگ کبھی نہیں بھولتے کہ آپ نے کیا کہا تھا،آپ کی حکایت کیا تھی۔ اس لیے اپنے حروف کو ایسا بنائیں کہ آپ کے بعد بھی وہ کسی کے لیے روشنی بنےآپ کی حکایت ایسی ہو کہ آنے والی نسلیں اسے پڑھ کر کہیں کہ یہ کسی عظیم انسان کی حکایت تھی۔

حرف چھوٹا ہے  حالانکہ اس کی ذمہ داری بہت بڑی ہے ،حکایت پرانی ہے ،اس کا پیغام نیا ہے۔ جو شخص اپنے حرفوں کو سنوار لیتا ہےوہ اپنی حکایت کو سنوار لیتا ہے اور جو اپنی حکایت کو سنوار لیتا ہے وہ اپنے معاشرے کو سنوار لیتا ہے۔