نوکری، سفارش اور بے بسی کا شکار نوجوان، تحریر: نورین قادر
نقطہ نظر
آج کل ہمارے ملک کا شاید ہی کوئی ایسا نوجوان ہو جو نوکری کی تلاش میں دربدر نہ ہو۔ حالات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان، حتیٰ کہ گولڈ میڈلسٹ بھی ہاتھوں میں ڈگریاں لیے نوکری کی تلاش میں دھکے کھا رہے ہیں۔ کوئی سرکاری اداروں کے چکر کاٹ رہا ہے تو کوئی نجی اداروں کے دروازے پر دستک دے رہا ہے، مگر افسوس کہ قابلیت ہونے کے باوجود روزگار ملنا کسی خواب سے کم نہیں رہا۔
آخر کب تک اس ملک میں سفارش، رشوت اور پیسہ ہی قابلیت کا معیار بنتے رہیں گے؟ کب تک ایک قابل نوجوان اپنی ڈگریاں اٹھائے دربدر کی ٹھوکریں کھاتا رہے گا؟ ایک ایسا نوجوان جو ہر سرکاری نوکری کے امتحان میں کامیاب ہو جاتا ہے، تمام مراحل طے کر لیتا ہے، مگر جب تقرری کا وقت آتا ہے تو کسی صاحبِ سفارش کا نام فہرست میں شامل ہو جاتا ہے اور وہ نوجوان ایک بار پھر خالی ہاتھ رہ جاتا ہے۔ ذرا تصور کیجیے، اس کے دل پر کیا گزرتی ہوگی؟ وہی نوجوان جب مسجد کے کسی کونے میں بیٹھ کر اپنے رب کے سامنے آنسو بہاتا ہے اور اپنے حالِ دل کا اظہار کرتا ہے تو شاید اس کے پاس الفاظ بھی کم پڑ جاتے ہوں۔ وہ اپنے رب سے صرف اتنا ہی تو مانگتا ہے کہ یا اللہ! میری محنت کو میرے لیے رزق کا وسیلہ بنا دے۔
ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ آج نوکریاں اکثر اُن لوگوں کو مل جاتی ہیں جن کی پہنچ اونچی ہوتی ہے یا جن کی جیب میں پیسہ ہوتا ہے۔ قابلیت اور محنت کہیں پیچھے رہ جاتی ہیں، جبکہ سفارش اور رشوت آگے نکل جاتی ہیں۔ میں نے اپنی آنکھوں سے ایسے بہت سے نوجوان دیکھے ہیں جو کرائے کے مکانوں میں رہتے ہیں۔ نہ جانے وہ کس طرح گھر کا کرایہ ادا کرتے ہیں، بجلی کے بل بھرتے ہیں اور اپنے گھر والوں کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔ ایک بے روزگار نوجوان کے لیے صرف اپنی ضروریات پوری کرنا ہی مشکل نہیں ہوتا، بلکہ اس کے ساتھ پورے خاندان کی امیدیں بھی وابستہ ہوتی ہیں۔
حکومت کی جانب سے آئے روز نئی نئی اسکیموں کے اعلانات کیے جاتے ہیں۔ کبھی اپنا گھر، اپنی چھت کا نعرہ لگایا جاتا ہے تو کبھی عوام کو سہولتیں دینے کے دعوے کیے جاتے ہیں۔ مگر میرا ایک سوال ہے: کیا واقعی ان اسکیموں سے عام آدمی کی زندگی آسان ہو رہی ہے؟ اگر کسی غریب کو گھر بنانے کے لیے مالی مدد دی بھی جاتی ہے تو بعد میں اس سے اصل رقم سے کہیں زیادہ رقم وصول کرنے کا بوجھ کیوں ڈالا جاتا ہے؟ کیا مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان عوام کے لیے یہ مزید مشکلات پیدا کرنے کے مترادف نہیں؟ اگر کسی کی مدد کرنی ہے تو ایسی مدد کیجیے جو واقعی اس کے لیے آسانی کا سبب بنے، نہ کہ ایک نئی پریشانی بن جائے۔
حکومت سے میری گزارش ہے کہ صرف اسکیموں کے اعلانات کرنے کے بجائے روزگار کے ایسے مواقع پیدا کیے جائیں جہاں سفارش نہیں، قابلیت دیکھی جائے۔ ایسے نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں جن کے گھروں میں شاید دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل سے ہوتا ہے۔ ان ہاتھوں کو کام دیا جائے جو محنت کرنا چاہتے ہیں، ان ذہنوں کو موقع دیا جائے جو ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج بہت سے نوجوان اپنا وطن چھوڑ کر دوسرے ملکوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ کوئی خوشی سے اپنے ماں باپ، بہن بھائیوں اور اپنے شہر کو چھوڑ کر نہیں جاتا۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ اسے اپنے ہی ملک میں عزت کی روزی ملے، مگر جب برسوں کی تعلیم، محنت اور جدوجہد کے باوجود اسے کوئی راستہ دکھائی نہ دے تو وہ بہتر مستقبل کی تلاش میں پردیس جانے کا فیصلہ کر لیتا ہے۔ آخر ہم اپنے نوجوانوں کو کب تک اس طرح کھوتے رہیں گے؟
اور صرف بے روزگاری ہی نہیں، ہمارے معاشرے میں انصاف کا فقدان بھی ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے سنگین واقعات سامنے آتے ہیں تو پورا معاشرہ لرز اٹھتا ہے، مگر جب ایسے مقدمات میں ملزمان کی رہائی کی خبریں سامنے آتی ہیں تو انسان سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ آخر قانون کا خوف کہاں ہے؟ کیا مظلوم کو انصاف ملنا اتنا مشکل ہو چکا ہے؟ کیا ہماری عدالتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری صرف مقدمات درج کرنا ہے یا مجرموں کو ان کے انجام تک پہنچانا بھی ہے؟ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ آخر اس ملک کا مستقبل کس طرف جا رہا ہے۔ ایک طرف تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں، دوسری طرف غریب اپنے گھر کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہے، اور تیسری طرف مظلوم انصاف کے انتظار میں زندگی گزار رہے ہیں۔ آخر کب بدلے گا یہ نظام؟ کب کسی نوجوان کو اپنی قابلیت ثابت کرنے کے لیے سفارش کی ضرورت نہیں پڑے گی؟ کب ایک غریب باپ اپنے بیٹے کی ڈگری دیکھ کر فخر سے کہہ سکے گا کہ اب اس کا مستقبل محفوظ ہے؟ اور کب اس ملک میں انصاف صرف طاقتور کے لیے نہیں، بلکہ ہر شہری کے لیے برابر ہوگا؟
ہمیں صرف ترقی کے دعوے نہیں، عملی اقدامات چاہییں۔ ہمیں ایسے حکمران چاہییں جو عوام کے مسائل کو اعداد و شمار نہیں، انسانوں کی زندگی سمجھ کر دیکھیں۔ کیونکہ ملک صرف سڑکوں، عمارتوں اور منصوبوں سے ترقی نہیں کرتا، بلکہ اس کے نوجوانوں کو روزگار، اس کے غریبوں کو سہارا اور اس کے مظلوموں کو انصاف ملنے سے ترقی کرتا ہے۔
خدارا! اس ملک کے نوجوانوں کی قابلیت کو ضائع مت ہونے دیجیے، کیونکہ جس ملک کے نوجوان مایوس ہو جائیں، اُس ملک کے مستقبل سے امیدیں وابستہ رکھنا آسان نہیں رہتا۔
مزید پڑھیں


.jpg%3F2026-11-18T12%253A32%253A15.422Z&w=3840&q=75)