بدھ، 18 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مہنگائی میں بھی مہمان نوازی،تحریر:عظمیٰ شیخ

نقطہ نظر

ایک زمانہ تھا جب لوگ مہنگائی سے ڈرتے تھے۔ اب ڈرنا چھوڑ دیا ہےکیونکہ ڈرنے سے مہنگائی کم نہیں ہوتی البتہ بلڈ پریشر ضرور بڑھ جاتا ہے اور بلڈ پریشر کی دوا بھی اب مہنگی ہو چکی ہے۔

بازار جائیے تو یوں لگتا ہے جیسے دکاندار نہیںکوئی جادوگر کھڑا ہے۔ آلو کا بھاؤ پوچھیں تو جواب ملتا ہے، آلو تو سستا ہےبس آپ کی تنخواہ پرانی ہو گئی ہے۔ٹماٹر دیکھیں تو ایسا لگتا ہے جیسے لال ٹماٹر نہیں بلکہ سونے کی ڈلیاں رکھی ہوں۔ پہلے ٹماٹر نہ ہوں تو سالن پھیکا لگتا تھا اب ٹماٹر ہوں تو جیب پھیکی لگنے لگ جاتی ہے۔

گھروں میں اب مہنگائی پر باقاعدہ مذاکرات ہوتے ہیں۔ بچہ کی فرمائش امی آج چکن بنا دیں ،امی کا جواب ہوتا ہے بیٹا دال کو چکن سمجھ کر کھا لو ثواب بھی ملے گا اور خرچہ بھی بچے گا۔شوہر دفتر سے آ کر پوچھتے ہیں، "آج کیا پکا ہے؟" بیوی مسکرا کر بولتی ہے، آج صبر کا پھل پکا ہے کل شکر کا حلوہ پکے گا۔"

پیٹرول کا حال تو سب سے دلچسپ ہے۔ پہلے لوگ گاڑی میں پیٹرول ڈلواتے تھے، اب پیٹرول کی قیمت دیکھ کر گاڑی خود شرما جاتی ہے۔ موٹر سائیکل والا پمپ پر جا کر کہتا ہے، "بھائی، سو روپے کا ڈال دو۔" پمپ والا کہتا ہے، "سو روپے کی تو بس۔ پیٹرول کی خوشبو ہی آتی ہےـ

بجلی کے بلوں کی ب توبات ہی نہ کریں وہ اب بل نہیں ایک ڈراؤنی فلم بن چکا ہے۔ لفافہ کھولتے ہی دل دھک سے رہ جاتا ہے۔ لوگ بل دیکھ کر حیران ہوتے ہیں،ہم نے گھر میں بلب جلائے تھے یا پورے محلے کو روشن کیا تھا جو اتنا زیادہ بل آیا ہے ـ

مہنگائی نے ہہم بہت کچھ سیکھ گئے ہیں صبر شکر کی عادت نے ایک روٹی سے دو وقت کا گزارا کرنا سیکھ لیا ہے۔ چائے میں چینی کم اور پتی زیادہ کرنے کا فن بھی آ گیا ہے۔

لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود ایک چیز ایسی ہے جو آج بھی ویسی ہی ہے، بلکہ پہلے سے زیادہ خوبصورت ہو گئی ہے۔ وہ ہے ہماری مہمان نوازی۔

مہنگائی چاہے آسمان کو چھو رہی ہو، جیب میں چاہے صرف کرایہ بچا ہو، لیکن اگر دروازے پر مہمان آ جائے تو ہم ایسے خوش ہوتے ہیں جیسے مہمان نہیں کوئی خزانہ آ گیا ہو۔

مہمان نوازی کے بھی اب نئے نئے انداز آ گئے ہیں۔ مہمان آتا ہے تو میزبان دل ہی دل میں حساب لگاتا ہے، لیکن زبان سے یہی کہتا ہے، "ارے آپ ابھی توآئے ہیں ، وقت کاتو پتہ ہی نہیں چلا بس اب کھانا کھا کر جائیے گا، ایسے کیسے جانے دیں ـ

ہمارے مہمان بھی کمال کے ہوتے ہیں کہتے ہیں نہیں نہیں،ہم کھانا کھا کر آئے ہیں لیکن جب کھانا سامنے آ جائے تو کہتے ہیںچلو جی تھوڑا سا چکھ لیتے ہیں اور وہ تھوڑا سا چکھنا پورے گھر کے کھانے کی قربانی پرنکلتا ہے۔

اس سارے منظر میں سب سے مزے کا کردار بچوں کا ہوتا ہے۔ مہمان آئے تو بچہ فوراً ماں سے کہتا ہے، "امی، بوتل والی چائے؟" مطلب مہمان کے لیے بوتل آئے گی اور بچے کو بھی ایک گھونٹ مل جائے گا۔ مہمان کے سامنے وہی بچہ سب سے زیادہ تمیز دار بن کر بیٹھا ہوتا ہے جو عام دنوں میں گھر کو میدانِ جنگ بنا کر رکھتا ہے۔

اور پھر رخصتی کا منظر تو سب سے یادگار ہوتا ہے،مہمان جانے لگے تو میزبان کہتا ہے،ارے ابھی تو آئے تھے!" مہمان کہتا ہے،بس پھر آئیں گے۔ دونوں کو معلوم ہوتا ہے کہ پھر آئیں گے کا مطلب اگلے سال ہوتا ہےکیونکہ اس بار کے کھانے کا خرچہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔

سچ تو یہ ہے کہ مہنگائی نے ہماری مہمان نوازی کو کم نہیں کیا،بلکہ اسے اور تخلیقی بنا دیا ہے۔ اب ہم مہمان کو دال بھی ایسے پیش کرتے ہیں جیسے کوئی شاہی ڈش ہوکہتے ہیں ـیہ خاص آپ کے لیے بنائی ہےـ ڈاکٹر نے بھی یہی دال بتائی ہےمہمان خوش اور میزبان کا خرچہ بھی بچ گیا۔

یہی ہماری سب سے بڑی خوبی ہے۔ مہنگائی جتنی بڑھتی جا رہی ہےہمارے لطیفے اتنے ہی مزاحیہ ہوتے جاتے ہیں, دکاندار سے لے کر رکشے والے تک سب کے پاس مہنگائی پر ایک نیا لطیفہ تیار ہوتا ہے۔ جیب خالی ہو سکتی ہے لیکن لوگوں کی

جی حسِ مزاح ابھی تک مہنگی نہیں ہوئی اور نہ مہمان نوازی کرنے میں بھی کوئی کمی نہیں ہوئی ہے

مہنگائی توآتی جاتی رہے گی لیکن ہماری مہمان نوازی ہمیشہ ایسے ہی رہےگی -