کلامِ اقبال کا حسن، تحریر:تحریر: محمد عثمان
نقطہ نظر
موت یہ میری نہیں، اجل کی موت ہے
کیوں ڈروں اس سے، کہ مر کر پھر نہیں مرنا مجھے
علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا یہ شعر انھی پر صادق آتا ہے۔ یہ شعر ان کی ہمہ گیر شخصیت، روحانی اور اعلیٰ افکار کی غمازی کرتا ہے۔ بلا شبہ اقبال بیسویں صدی کے عظیم شاعر، بلند پایہ مفکر اور ماہر فلسفی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک منجھے ہوئے صوفی بھی تھے۔ آپ کا ظہور عالمِ اسلام کے لیے ایک روحانی و فکری انقلاب ثابت ہوا۔ آپ مصلحِ امت کے طور پر ابھرے۔ آپ کے دل میں ایمان و یقین... آپ کے والدین کی مذہب پرستی نے ہی کوٹ کوٹ کر بھرا اور اس کو چار چاند ”مولوی میر حسن“ کی تربیت و اصلاح اور ان کی صحبت نے لگائے۔ اقبال کو شاعری پر خاصہ ملکہ حاصل تھا، بل کہ یوں کہا جائے کہ اقبال قادر الکلام شاعر تھے تو غلط نہیں ہو گا۔ شاعری آپ کے لیے عطیہِ ربانی تھی جو آپ میں ودیعت کی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ شروع سے ہی اقبال اس زمانے کے اساتذہ کے برابر شعر کہنے لگے۔ نمونہ ملاحظہ کیجیے..!
موتی سمجھ کے شانِ کریمی نے چن لیے
قطرے جو تھے مِرے عرقِ انفعال کے
اقبال کا یہ شعر جب معاصرین اور ناقدین تک پہنچا تو انھوں نے ارادتاً کہا کہ، ہمیں شعر کہنا چھوڑ دینا چاہیے اور سارے یک زباں ہو کر پکار اٹھے! ”غالب کے بعد اقبال ہی اردو کے سب سے بڑے شاعر ہیں“ اور یوں آپ کی شہرت تعلیمی حلقوں میں ہوئی۔ عوامی حلقوں میں آپ کی شہرت اس وقت ہوئی جب آپ کی نظم (جس میں ہمالیہ کو مخاطب کیا گیا ہے اور اس نظم میں وطن کی محبت بھی جھلکتی ہے) رسالہ مخزن میں چھپی تو لوگوں کو معلوم ہوا کہ ایک ہونہار نوجوان شاعر بھی میدان میں آئے ہیں۔ ہمالہ سے چند اشعار:
مطلعِ اول فلک جس کا ہو، وہ دیواں ہے تو
سوئے خلوت گاہِ دلِ دامن کش انساں ہے تو
برف نے باندھی ہے دستارِ فضیلت تیرے سر
خندہ زن ہے جو کلاہ مہرِ عالمِ تاب پر
تیری عمرِ رفتہ کی اک آن، ہے عہد کہن
وادیوں میں ہیں تری کالی گھٹائیں خیمہ زن
چوٹیاں تیری ثریا سے ہیں سرگرمِ سخن
تو زمیں پر اور پہنائے فلک تیرا وطن
یوں تو علامہ رحمۃ اللہ علیہ نظم گو شاعر ہیں، مگر کہیں کہیں ان کی شاعری میں غزل کی نرمی اور چاشنی بھی جھلکتی ہے۔ ان کی غزل میں بھی وہی دو چار پرانے موضوعات بیان نہیں ہوئے، بل کہ غزل میں بھی انھوں نے اسلامی و اصلاحی اور قومی و سماجی موضوعات کو داخل کیا۔ ان کی غزلیہ شاعری کے نمونے:
ترے شیشے میں مے باقی نہیں ہے
بتا! کیا تو مرا ساقی نہیں ہے؟
سمندر سے ملے پیاسے کو شبنم
بخیلی ہے یہ رزاقی نہیں ہے!
ایک غزل کا شعر ہے:
عروجِ آدمِ خاکی سے انجم سہمے جاتے ہیں
کہ یہ ٹوٹا ہوا تارا مہِ کامل نہ بن جائے
ایک اور شعر ملاحظہ ہو:
نہ اٹھا پھر کوئی رومی عجم کے لالہ زاروں سے
وہی آب و گلِ ایراں، وہی تبریز ہے ساقی
ڈاکٹر صاحب نے نظم کہنے کے لیے بھی غزل کا سا ہی شیریں اور حسین لہجہ اختیار کیا۔
یہ سیہ پوشی کی تیاری، کس کے غم میں ہے؟
محفلِ قدرت، مگر خورشید کے ماتم میں ہے
کر رہا ہے آسماں، جادو لبِ گفتار پر
ساحر شب کی نظر ہے دیدہِ بیدار پر
اقبال کی شاعری میں روائتی رومانویت کے بجائے، غیر معمولی، ایک نئے دل کش انداز، حقیقی اور تخلیقی رومانویت کی لہر پائی جاتی ہے۔ اقبال فرماتے ہیں:
نہ محتاجِ سلطاں، نہ مرعوبِ سلطاں
محبت ہے آزادی و بے نیازی
درد عشق میں اقبال رقم طراز ہیں:
ہر دل مئے خیال کی مستی سے چور ہے
کچھ اور آج کل کے کلیموں کا طور ہے
ایک اور شعر ہے:
کس زبان سے اے گلِ پژمردہ! تجھ کو گل کہوں؟
کس طرح تجھ کو تمنائے دل بلبل کہوں؟
عزیزانِ گرامی قدر!
یہ کیسے ممکن ہے کہ شعر اقبال کہیں اور اس میں برجستگی اور روانی نہ ہو؟ اس بات کا واضح ثبوت تمام اقبال شناسوں کے اقوال اور اقبال کے سوانح نگاروں کی تحاریر سے ملتا ہے کہ، اقبال چوں کہ برجستہ شعر کہتے تھے اس لیے کبھی فرمائشی کلام نہ لکھا۔ جب ان پر اشعار کی آمد ہوتی تو غضب کی ہوتی اور ایک ہی نشست میں بے شمار اشعار کہہ ڈالتے۔ آپ کے شاگرد اور دیگر احباب کاغذ قلم لیے لکھتے جاتے اور اقبال مدہوشی کے عالم میں شعر کہتے جاتے۔ ان کے رواں و برجستہ اشعار کی جھلک دیکھتے ہیں۔ نظم شاہیں کا پہلا شعر ہے:
کیا میں نے اس خاکداں سے کنارا
جہاں رزق کا نام ہے آب و دانہ
ایک دوسری نظم کا پہلا شعر ہے:
اٹھو میری دنیا کے غریبوں کو جگا دو
کاخِ اُمرا کے در و دیوار ہلا دو
جہاں اقبال کی شاعری میں دیگر خوبیاں اتم درجہ پائی جاتی ہیں وہیں آپ کی شاعری میں کلاسکیت بھی کمال تھی۔ شعر دیکھیے!
جس میں نہ ہو انقلاب، موت ہے وہ زندگی
روحِ امم کی حیاتِ کشمکش انقلاب
صورت شمشیر ہے، دست قضا میں وہ قوم
کرتی ہے جو ہر زماں اپنے عمل کا حساب
نقش ہیں سب ناتمام خون جگر کے بغیر
نغمہ ہے سودائے خام خون جگر کے بغیر
معزز قارئین!
یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ جو شعرا کسی مقصد کے تحت شاعری کرتے ہیں ان کا ایک خاص لہجہ ہوتا ہے اور وہ اسی لہجے میں بولتے چلے جاتے ہیں۔ اقبال کا لہجہ خود اقبال کی کرامت ہے۔ ان کا لہجہ فلسفیانہ بھی ہے اور انقلاب انگیز بھی۔ ان کے لہجے سے پتا چلتا ہے کہ اقبال بول رہا ہے۔ اقبال اپنے لہجے میں شروع سے آخر تک اقبال ہی ہے۔ ان کا لہجہ کسی دوسرے شاعر کا مرہونِ منت نہیں۔ اقبال اپنے لہجے کے متعلق کہتے ہیں:
عطا ہوا خس و خاشاکِ ایشیا مجھ کو
کہ میرے شعلے میں ہے سرکشی و بیباکی
کہیں اقبال کا لہجہ انتہائی تند و تیز، فکر انگیز اور انقلابی ہو جاتا ہے جیسے شاہیں نظم کے اشعار ہیں:
گرماؤ غلاموں کا لہو سوزِ یقیں سے
کنجشک فرومایہ کو شاہیں سے لڑا دو
سلطانی جمہور کا آتا ہے زمانہ
جو نقش کہن تم کو نظر آئے مٹا دو
جس کھیت سے دہقاں کو میسر نہیں روٹی
اس کھیت کے ہر خوشہِ گندم کو جلا دو
اسی طرح جب اقبال قلندرانہ اور فقیرانہ لب و لہجے میں بولتے ہیں تو الفاظ کے موتیوں کی مالا کچھ اس طرح بُنتے ہیں:
درویشِ خدا مست، نہ شرقی ہے، نہ غربی
گھر میرا نہ دلی، نہ صفاہان، نہ سمر قند
ہوں آتشِ نمرود کے شعلوں میں بھی خاموش
میں بندہ مومن ہوں، نہیں دانہ اسپند
فقیرِ خدا، خودی کے اسرار سے واقف ہوتے ہیں اور اقبال جب خودی پر کلام کرتے ہیں تو کلمہ طیبہ کی تضمین کے ساتھ اسرارِ خودی سلجھاتے چلے جاتے ہیں:
خودی ہے سر نہاں لا الہ الااللہ
خودی ہے تیغ فساں لا الہ الااللہ
یہ دور اپنے براہیم کی تلاش میں ہے
صنم کدہ ہے جہاں لا الہ الااللہ
اقبال فن شاعری میں قدرت خدا وندی کا عظیم شاہکار ہیں۔ اسی لیے وہ اس فن کی تمام باریکیوں سے واقف ہیں اور ان پر انھیں مکمل عبور حاصل ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ ہر جگہ ایک ہی لہجہ اختیار نہیں کرنا اسی واسطے وہ جہاں درد محسوس کرتے ہیں وہاں ان کے لہجے میں سوز و گداز بھی پایا جاتا ہے۔
شیرازہ ہوا ملت مرحوم کا ابتر
اب تو ہی بتا تیرا مسلماں کدھر جائے؟
وہ لذتِ آشوب نہیں بحر عرب میں
پوشیدہ جو ہے مجھ میں وہ طوفاں کدھر جائے؟
ہر چند ہے بے قافلہ و مرحلہ و زاد
اس کوہ و بیاباں سے حدی خواں کدھر جائے؟
اس راز کو اب فاش کر اے روح محمد!
آیات الہی کا نگہ باں کدھر جائے؟
الغرض یہ کہ!
علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی شاعری میں حسن الفاظ ہو یا التزامِ قافیہ و ردیف، تکرارِ معانی ہوں یا تضمینات، تشبیہ و استعارے کا استعمال ہو یا تلمیحات کا چناؤ، مدح و ذم ہو یا تنقیدِ جدید و قدیم، ان کا ناصحانہ انداز ہو یا مصلحانہ پکار؛ یہ تمام تر ادبی و فنی اور لفظی معنویت جیسی ظاہری خوبیاں ہی اقبال کو دوسرے شعرا سے ممتاز کرتی ہیں۔ جب کہ ان کی شاعری کے مضامین نہایت دل چسپ، سبق آموز، عمیق اور قابلِ عمل ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ! آج کے دور میں اقبال کو پڑھا اور سمجھا جائے۔ ہمارے دور جدید کے شعرا ان کے کلام کی فنی خوبیوں سے استفادہ کر کے اپنے کلام کو بام عروج پر پہنچا سکتے ہیں اور ان کے پیغام کو سمجھ کر قوم کا دھارا بدل سکتے ہیں۔ ہمارے نوجوان اقبال کو سمجھ کر غلامی اور محکومی جیسی ذلت آمیز زندگی سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔ کلام اقبال کے پیغام کو اگر ایک ہی لائن میں بیان کیا جائے تو یوں کہا جا سکتا ہے:
”اقبال صرف شاعرِ مشرق ہی نہیں، بل کہ وہ شاعرِ امت ہیں اور ان کی تعلیمات ہر اس انسان کے لیے ہیں جو انسان کامل بننا چاہتا ہے۔“
کیوں کہ اقبال ہی کا شعر ہے:
عمل سے زندگی بنتی ہے، جنت بھی، جہنم بھی
یہ خاکی اپنی فطرت میں، نہ نوری ہے، نہ ناری
مزید پڑھیں



