روشنیوں کا شہر اور سسکتا ہوا انصاف،تحریر: سائرہ علی
نقطہ نظر
پاکستان کا معاشی حب، ملک کی شہ رگ اور کروڑوں انسانوں کے رزق کا وسیلہ بننے والا شہرِ قائد، کراچی، آج ایک ایسے ہمہ گیر عدم تحفظ کے حصار میں مقید ہے جہاں انسانی جان کی حرمت محض ایک موبائل فون یا چند ہزار روپے کی نقدی کے رحم و کرم پر رہ گئی ہے۔ ملک بھر میں معاشی ابتری اور انتظامی کمزوریوں کے باعث جرائم کی شرح میں اضافہ ایک تشویشناک حقیقت ضرور ہے، مگر کراچی کا المیہ اس لیے کہیں زیادہ گہرا اور پیچیدہ ہے کہ یہاں جرم محض ایک اتفاقی واردات نہیں رہا بلکہ ایک منظم، بے خوف اور خونی صنعت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ کبھی جس شہر کی روشنیاں رات کے پچھلے پہر تک زندگی، علم و ادب اور تہذیب کی گواہی دیتی تھیں، آج اسی شہر کی شاہراہوں اور گلی کوچوں پر سورج غروب ہوتے ہی خوف و ہراس کے سائے دراز ہونے لگتے ہیں۔ کراچی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو یہ تلخ حقیقت سامنے آتی ہے کہ یہاں کا عام شہری نہ دن کی روشنی میں محفوظ ہے اور نہ ہی رات کی تاریکی میں اسے امان میسر ہے۔ شام ڈھلتے ہی شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر بھی ایک عجیب سا سناٹا اور اضطراب طاری ہو جاتا ہے۔ شہری جب صبح اپنے گھروں سے تلاشِ معاش کے لیے نکلتے ہیں تو ان کے اہلِ خانہ اس وقت تک کرب اور دعاؤں کے حصار میں رہتے ہیں جب تک وہ بخیریت اپنے گھروں کی دہلیز پار نہ کر لیں۔ رات کے اوقات میں سفر کرنا تو گویا ہتھیلی پر جان رکھ کر نکلنے کے مترادف بن چکا ہے۔ موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کسی بھی چوراہے، ٹریفک سگنل یا ویران گلی میں پلک جھپکتے ہی شہریوں کو گھیر لیتے ہیں، ان کی جمع پونجی لوٹتے ہیں اور ذرا سی تاخیر یا مزاحمت پر گولی چلانے میں ایک لمحہ بھی توقف نہیں کرتے۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی سب سے عام اور سب سے خطرناک شکل موبائل فون چھیننا ہے۔ سڑک پر چلتا ہوا شخص، بس اسٹاپ پر کھڑا طالب علم، دکان کے باہر کھڑا دکاندار، موٹر سائیکل پر سوار رائیڈر، سب اس کا نشانہ بنتے ہیں۔ ڈاکو آتے ہیں، پستول دکھاتے ہیں، فون مانگتے ہیں اور چند سیکنڈ میں غائب ہو جاتے ہیں۔ دوسری بڑی واردات موٹرسائیکل چھیننا ہے۔ شہر میں لاکھوں لوگوں کی سواری موٹرسائیکل ہے، جو ان کی روزی کا ذریعہ بھی ہے۔ ڈاکو
موٹرسائیکل چھین کر نہ صرف سواری چھینتے ہیں بلکہ اس شخص کا روزگار بھی چھین لیتے ہیں۔ تیسری شکل کار چھیننا اور کار چوری ہے۔ چوتھی شکل نقدی لوٹنا ہے، خاص طور پر بینکوں سے رقم نکلوا کر نکلنے والے شہریوں کا تعاقب کر کے انہیں لوٹنا۔ پانچویں شکل گھر کے باہر کھڑے شہریوں کو یرغمال بنا کر لوٹنا ہے۔ ان تمام وارداتوں میں ایک بات مشترک ہے، مزاحمت پر موت۔ سرکاری اعداد و شمار اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اداروں کی رپورٹس اس شہر کے زخموں کی شدت کو عیاں کرنے کے لیے کافی ہیں۔ سی پی ایل سی اور سندھ پولیس کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ برس یعنی دو ہزار پچیس کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی چونسٹھ ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جن میں سترہ ہزار سات سو سے زیادہ موبائل فون چھینے گئے اور چھیالیس ہزار سے زائد گاڑیاں و موٹر سائیکلیں چوری یا اسلحے کے زور پر چھین لی گئیں۔ اس خونی کھیل میں ستر کے قریب بے گناہ شہری ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سینکڑوں معذور یا شدید زخمی ہوئے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ رواں برس دو ہزار چھبیس میں بھی اس خونی سلسلے کو بریک نہیں لگ سکی۔ جنوری سے اکتوبر 2026 تک کراچی میں 49 ہزار 159 جرائم رپورٹ ہوئیں ۔ ان میں کتنے ہی موبائل فون چھینے گئے، موٹرسائیکلیں چھینی گئیں، کتنی ہی موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں، کاریں چھینی گئیں اور کتنی ہی کاریں چوری ہوئیں۔ اسی عرصے میں قتل کے سینکڑوں قتل واقعات اور بھتہ خوری کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ کراچی میں روزانہ اوسطاً سیکڑوں سے زیادہ شہری لٹ رہے ہیں۔ یہ محض وہ اعداد و شمار ہیں جو تھانوں کے روزنامچوں میں درج ہو سکے، حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ تھانوں کے فرسودہ کلچر، عملے کے ہتک آمیز رویے اور تفتیشی جھنجھٹ سے بچنے کے لیے شہریوں کی ایک بڑی تعداد اپنی لٹنے کی روداد درج ہی نہیں کرواتی۔ اعداد و شمار کے اس گورکھ دھندے سے ہٹ کر دیکھیں تو ہر ہندسے کے پیچھے ایک اجڑا ہوا گھرانہ، ایک سسکتی ہوئی ماں، ایک بیوہ کا نوحہ اور بے سہارا بچوں کی آہیں چھپی ہوئی ہیں۔ کراچی کی فضاؤں میں ان ہونہار نوجوانوں کا لہو بول رہا ہے جو اپنے والدین کے بڑھاپے کا واحد سہارا تھے۔ جہانگیر روڈ پر دن دیہاڑے ہونے والی ڈکیتی ہو یا ناظم آباد نمبر ایک میں اپنے گھروں کے باہر بیٹھے شہریوں کو یرغمال بنا کر لوٹنے کے لرزہ خیز واقعات، ہر سانحہ ریاست کی رٹ پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ یہ سانحے صرف خبریں نہیں۔ جولائی 2025 میں سچل کے علاقے میں 20 سالہ موسیٰ کو ڈاکوؤں نے موبائل چھیننے کی مزاحمت پر سینے میں گولی مار کر قتل کر دیا۔ نیو کراچی میں 18 سالہ سعد جاوید کو اس لیے گولی مار دی گئی کہ اس نے اپنا وہ موبائل بچانے کی کوشش کی جو اس نے قسطوں پر خریدا تھا۔ نومبر 2025 میں گڈاپ میں 7 سالہ بچے سے موبائل چھیننے کی کوشش کی گئی، جب اس معصوم نے فون نہ دیا تو ڈاکوؤں نے اسے گولی مار دی۔ جولائی 2026 میں کورنگی میں فضل سبحان کو موبائل پر بات کرتے دیکھ کر لوٹنے کی کوشش کی گئی، مزاحمت پر اسے قتل کر دیا گیا۔ شاہ لطیف ٹاؤن میں آن لائن موٹرسائیکل چلانے والے 30 سالہ زاہد حسین کو ڈاکوؤں نے تین گولیاں مار کر قتل کر دیا، اور بعد میں معلوم ہوا کہ قاتلوں نے اس کا موبائل صرف 8 ہزار روپے میں بیچ کر 6 ہزار روپے کی شراب خرید لی۔ ایک انسان کی جان کی قیمت صرف 8 ہزار روپے لگی۔ کیا اس سے زیادہ افسوس ناک بات کوئی ہو سکتی ہے۔ ڈیفنس اور کلفٹن جیسے پوش اور حساس علاقے ہوں یا گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، کورنگی، لانڈھی، نارتھ کراچی اور اورنگی ٹاؤن کی گنجان آباد بستیاں، جرائم پیشہ عناصر کی دسترس سے شہر کا کوئی گوشہ محفوظ نہیں رہا۔ کہیں کسی یونیورسٹی کے طالب علم کو محض چند ہزار روپے کے موبائل فون کی خاطر گولی مار کر ابدی نیند سلا دیا جاتا ہے، تو کہیں اپنے معصوم بچوں کے لیے دودھ یا دوا لینے نکلنے والے باپ کی لاش گھر لوٹتی ہے۔ بینکوں سے رقم نکلوا کر نکلنے والے شہریوں کا تعاقب کر کے انہیں لوٹنا، آن لائن رائیڈرز اور ڈیلیوری بوائز کو نشانہ بنانا، اور ذرا سی مزاحمت پر موت کے گھاٹ اتار دینا ایک ایسا معمول بن چکا ہے جس نے پورے شہر کو شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ پاکستان کے دیگر شہروں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں بھی معاشی بدحالی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث جرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مگر کراچی میں جرائم کی نوعیت اور سفاکی سب سے زیادہ خوفناک ہے۔ اس شہر میں جرائم کی اس بے لگام لہر کے اثرات محض امن و امان تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ ملک کی معاشی بنیادوں کو بھی تیزی سے کھوکھلا کر رہے ہیں۔ پاکستان کو سب سے زیادہ ریونیو، کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس فراہم کرنے والے اس شہر کی تجارتی و صنعتی سرگرمیاں خوف کے سائے تلے سکڑ رہی ہیں۔ تاجر برادری اور صنعت کار شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں، شام ڈھلتے ہی شہر کے بڑے کاروباری مراکز اور بازار ویران ہونے لگتے ہیں اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کار اپنا سرمایہ محفوظ مقامات یا بیرونِ ملک منتقل کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ جب کسی ملک کے معاشی انجن کا پہیہ خوف، بھتہ خوری اور بے یقینی کے باعث جام ہونے لگے تو اس کے تباہ کن اثرات پورے ملک کی معیشت اور عام آدمی کے چولہے تک پہنچتے ہیں۔
اس گھمبیر بحران کی تہہ میں اتر کر غیر جانبدارانہ تجزیہ کیا جائے تو کئی ایسے بنیادی عوامل سامنے آتے ہیں جنہوں نے اس عظیم شہر کو جرائم پیشہ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ سب سے پہلا اور بنیادی سبب نظامِ انصاف کی کمزوری، فرسودہ قوانین اور تفتیشی عمل کے سنگین سقم ہیں۔ پولیس حکام اور اعلیٰ انتظامی افسران کی جانب سے بارہا یہ تلخ اعتراف سامنے آ چکا ہے کہ گرفتار ہونے والے ہزاروں عادی مجرم کمزور استغاثہ، ناقص تفتیش، گواہوں کو تحفظ نہ ملنے اور قانونی موشگافیوں کا فائدہ اٹھا کر عدالتوں سے چند ہی دنوں یا ہفتوں میں ضمانت پر رہا ہو جاتے ہیں۔ جب کسی مجرم کو یہ یقین ہو کہ قانون کے ہاتھ اس کے گریبان تک پہنچ بھی گئے تو وہ باآسانی آزاد ہو کر دوبارہ سڑکوں پر وارداتیں کر سکے گا، تو اس کے دل سے ریاست اور قانون کا خوف مکمل طور پر ختم ہو جاتا ہے۔
دوسرا بڑا المیہ پولیس کے محکمے میں بے جا سیاسی مداخلت، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور جدید ٹیکنالوجی کا شدید فقدان ہے۔ ایک ایسے میگا سٹی میں جہاں کی آبادی ڈھائی کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، وہاں آج بھی انیسویں صدی کے روایتی اور فرسودہ طریقوں سے جرائم کی روک تھام کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کراچی سیف سٹی منصوبہ، جو برسوں پہلے مکمل ہو کر شہر کی ہمہ وقت نگرانی کا ضامن بننا چاہیے تھا، آج بھی سرخ فیتے، بیوروکریسی کی سست روی، فنڈز کے مسائل اور انتظامی غفلت کی نذر ہے۔ جدید ترین نائٹ ویژن کیمروں، خودکار نمبر پلیٹ شناخت کرنے والے آلات اور چہرہ شناخت کرنے والے نظام کی عدم موجودگی میں مسلح ملزمان واردات کے بعد شہر کی بھول بھلیوں میں باآسانی غائب ہو جاتے ہیں اور ان کا سراغ لگانا ناممکن ہو جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کی ابتر معاشی صورتحال، کمر توڑ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے بھی جرائم کی اس آگ پر تیل چھڑکنے کا کام کیا ہے۔ جب تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈگریاں ہونے کے باوجود روزگار کے دروازے بند ہوں اور گھروں میں فاقوں کی نوبت آ جائے، تو معاشرے کا کمزور اور مایوس طبقہ جرائم کی دلدل میں دھنسنے لگتا ہے۔ تاہم، غربت اور بے روزگاری کو کسی بھی صورت بے گناہ شہریوں کے قتل اور لوٹ مار کا جواز نہیں بنایا جا سکتا کیونکہ کراچی میں سرگرم بیشتر گروہ پیشہ ور اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا حصہ ہیں جنہیں باقاعدہ سرپرستی حاصل ہے۔ یہ گروہ لوٹے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر کے انہیں اندرونِ ملک اور سرحد پار اسمگل کرنے کا پورا نظام چلاتے ہیں۔ مزید برآں، شہر میں منشیات بالخصوص آئس، کرسٹل اور ہیروئن جیسے مہلک نشوں کی کھلے عام دستیابی نے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو اس قدر بے حس، ذہنی مریض اور متشدد بنا دیا ہے کہ وہ نشے کی ایک خوراک کے حصول کے لیے کسی کی بھی جان لینے سے دریغ نہیں کرتے۔ غیر قانونی اسلحے کی ارزاں دستیابی، جعلی نمبر پلیٹوں والی موٹر سائیکلوں کی بھرمار، اور شہر کے مضافات میں بے ہنگم انداز میں پھیلتی ہوئی غیر قانونی بستیوں اور کچی آبادیوں نے بھی جرائم پیشہ عناصر کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر دی ہیں، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رسائی انتہائی محدود ہے۔ پولیس کا اپنا دعویٰ ہے کہ اس نے کارروائیاں تیز کی ہیں۔ جنوری سے 25 اکتوبر 2026 تک کراچی میں ایک ہزار 437 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 197 مشتبہ ڈاکو ہلاک اور ایک ہزار 426 زخمی ہوئے۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 71 فیصد زیادہ ہے۔ مگر انسانی حقوق کمیشن نے ان ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا صرف گولی سے جرم ختم ہوگا، یا ان کو بنانے والی فیکٹری کو بھی بند کرنا ہوگا۔ اس تباہ کن صورتحال سے نمٹنے کے لیے محض روایتی بیانات، اعلیٰ سطحی اجلاسوں، مذمتی قراردادوں اور کاغذی کارروائیوں کا وقت اب گزر چکا ہے۔ ریاست، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہنگامی بنیادوں پر ایسے ٹھوس، عملی اور دور رس اقدامات اٹھانے ہوں گے جن کے اثرات شہر کی سڑکوں پر واضح نظر آئیں۔ سب سے پہلے پولیس کے ادارے کو سیاسی دباؤ اور سفارشی کلچر سے مکمل طور پر آزاد کر کے تھانوں کی سطح پر کڑا احتساب یقینی بنانا ہوگا۔ جو ایس ایچ اوز، افسران اور اہلکار جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی، رشوت ستانی یا فرائض میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب پائے جائیں، انہیں محض معطل یا لائن حاضر کرنے کے بجائے ملازمت سے برطرف کر کے سخت قانونی سزائیں دی جائیں تاکہ وہ دوسروں کے لیے نشانِ عبرت بن سکیں۔ تفتیشی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ تفتیشی افسران کو خصوصی تربیت اور جدید آلات فراہم کیے جائیں اور
پراسیکیوشن کے شعبے کو مضبوط اور بااختیار بنایا جائے تاکہ عدالتوں میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مجرموں کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال اس جنگ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ کراچی سیف سٹی منصوبے کو جنگی بنیادوں پر مکمل کر کے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں، مرکزی شاہراہوں، بینکوں کے باہر اور حساس مقامات پر جدید ترین سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں جنہیں ایک مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک کیا جائے۔ قانون سازی اور عدالتی نظام میں اصلاحات لانا بھی ناگزیر ہے۔ اسٹریٹ کرائمز، بھتہ خوری اور ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے خصوصی انسدادِ اسٹریٹ کرائم عدالتیں قائم کی جائیں جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے چند ہفتوں میں فیصلے سنائیں۔ عادی مجرموں کی ضمانت کے قوانین کو انتہائی سخت بنایا جائے اور چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت کرنے والے دکانداروں اور سافٹ ویئر بدلنے والے عناصر کے خلاف بھی ڈکیتوں جیسی سخت دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔ اسلحہ کی غیر قانونی خرید و فروخت اور منشیات کے سوداگروں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن آپریشن ناگزیر ہے، کیونکہ جب تک سستا اسلحہ اور مہلک نشہ عام رہے گا، شہر کی سڑکوں پر معصوم شہریوں کا خون بہتا رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو معاشی استحکام، صنعتی ترقی اور نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی سنجیدگی سے توجہ دینی ہوگی۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے فنی تربیت کے جدید ادارے قائم کیے جائیں اور چھوٹے کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں تاکہ نئی نسل جرائم کے بجائے تعمیرِ وطن میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ آخر میں یہ تلخ مگر اٹل حقیقت اربابِ اختیار کے ذہنوں میں راسخ رہنی چاہیے کہ کراچی کا امن پورے پاکستان کے استحکام، ترقی اور معاشی بقا کی ضمانت ہے۔ اگر روشنیوں کے اس شہر کو یوں ہی اندھیروں، خوف اور مسلح لٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑے رکھا گیا اور شہری رات کی تاریکی میں اپنے ہی شہر کی سڑکوں پر سہمے ہوئے چلتے رہے، تو اس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑے گا۔ ریاست اور شہری کے درمیان عمرانی معاہدے کی پہلی اور بنیادی شرط جان و مال کا تحفظ ہے، اب یہ ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی رٹ بحال کرے اور کراچی کے باسیوں کو وہ امن، سکون اور تحفظ لوٹائے جو ان کا بنیادی انسانی حق ہے۔
ہم سب کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنے بچوں کو یہ سکھانا ہوگا کہ کسی کی چیز چھیننا بہادری نہیں، بزدلی ہے۔ ہمیں مزاحمت کی بجائے زندگی کو ترجیح دینے کی تربیت دینی ہوگی، کیونکہ کوئی موبائل، کوئی نقدی، کوئی موٹرسائیکل کسی جان سے قیمتی نہیں اور سب سے بڑھ کر، ہمیں خاموش تماشائی بننے کی بجائے آواز اٹھانی ہوگی۔ کیونکہ جب تک ہم خاموش رہیں گے، ڈاکو کی گولی چلتی رہے گی اور کسی نہ کسی گھر کا چراغ بجھتا رہے گا۔ کراچی کو اس کے باسیوں نے اپنے خون سے سینچا ہے۔ یہ شہر مہاجر، سندھی، پنجابی، پختون، بلوچ، سب کا ہے۔ اس شہر نے سب کو پناہ دی ہے۔ آج یہ شہر خود پناہ مانگ رہا ہے۔ آئیے، اس کی پکار سن لیں، اس سے پہلے کہ یہ پکار ہمیشہ کے لیے خاموش ہو جائے کیونکہ اگر آج ہم نے کراچی کو نہ بچایا تو کل کوئی شہر محفوظ نہیں رہے گا۔
یہ آواز مذمت بھی ہے، اپیل بھی ہے اور ایک چیخ بھی ہے۔ ان تمام ماؤں کے نام جن کے بیٹے موبائل کی خاطر قتل ہوئے، ان تمام باپوں کے نام جن کے کندھوں پر جوان بیٹوں کے جنازے اٹھے، اور ان تمام شہریوں کے نام جو آج بھی خوف میں جی رہے ہیں۔ کراچی کو امن چاہیے، انصاف چاہیے اور زندگی چاہیے۔ اور یہ اس کا حق ہے، کوئی خیرات نہیں۔
مزید پڑھیں


