بدھ، 18 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جہاں سرحدیں ختم ہو جاتی ہیں، تحریر:یاسمین اختر طوبیٰ

نقطہ نظر

دل کی دنیا بھی کتنی عجیب دنیا ہے۔ یہاں فاصلے اپنا مفہوم کھو دیتے ہیں، جغرافیہ بے معنی ہو جاتا ہے اور سرحدوں کی لکیریں دھندلا جاتی ہیں۔ دنیا نے زمین کو بانٹنے کے لیے نقشے بنائے، ملکوں کی حدود مقرر کیں، سرحدوں پر پہرے بٹھائے اور آنے جانے کے راستوں کو قوانین میں قید کیا مگر دل کو کبھی کسی نقشے کا پابند نہیں کیا جا سکا۔ دل اپنی راہ خود بناتا ہے اور جہاں خلوص، محبت اور احساس کی روشنی دکھائی دے، وہیں اپنا راستہ بنا لیتا ہے۔

کبھی کبھی ایک شخص ہزاروں میل دور بیٹھا ہوتا ہے مگر اس کی یاد یوں قریب محسوس ہوتی ہے جیسے وہ ابھی ہمارے سامنے بیٹھا ہو۔ اس کے الفاظ، اس کی آواز، اس کی تحریر یا محض اس کا خیال دل کے اندر ایک ایسی کیفیت پیدا کر دیتا ہے جسے فاصلے مٹا نہیں سکتے۔ اس کے برعکس کبھی کوئی شخص ہمارے بالکل قریب ہوتا ہے مگر دل اس سے اتنا دور کہ برسوں کی قربت بھی اس فاصلے کو ختم نہیں کر پاتی۔ تب محسوس ہوتا ہے کہ اصل فاصلے زمین پر نہیں، دلوں کے اندر پیدا ہوتے ہیں اور اصل قربت بھی جغرافیے سے نہیں، احساس سے جنم لیتی ہے۔

محبت شاید اسی احساس کا دوسرا نام ہے۔

محبت کو نہ میلوں میں ناپا جا سکتا ہے، نہ سرحدوں میں قید کیا جا سکتا ہے۔ یہ ایک ایسی کیفیت ہے جو خاموشی میں بھی اپنا اظہار ڈھونڈ لیتی ہے۔ ایک یاد، ایک دعا، ایک شعر، ایک نغمہ یا کسی کا نام بھی دل کے اندر برسوں سے سوئی ہوئی دنیا کو جگا سکتا ہے۔ محبت اگر سچی ہو تو فاصلے اس کے راستے میں دیوار نہیں بنتے بلکہ بعض اوقات یہی فاصلے احساس کی شدت کو اور بڑھا دیتے ہیں۔

پھر فن ہے، جو دلوں کے درمیان فاصلے مٹانے کا شاید سب سے خوبصورت وسیلہ ہے۔

ایک شاعر کسی دور دیس میں بیٹھ کر ایسا شعر کہتا ہے جو برسوں بعد کسی اجنبی کے دل کی آواز بن جاتا ہے۔ ایک موسیقار کسی نامعلوم شہر میں ایسی دھن تخلیق کرتا ہے جو کسی دوسرے ملک کے تنہا انسان کی شام کو اپنا بنا لیتی ہے۔ ایک ادیب اپنی تنہائی میں جو الفاظ لکھتا ہے، وہ کسی ایسے قاری کے دل تک پہنچ جاتے ہیں جسے اس نے کبھی دیکھا تک نہیں ہوتا۔

یہی تو فن کا معجزہ ہے۔

فن تخلیق کار کا تعارف اس کی سرزمین سے نہیں، اس کے احساس سے کراتا ہے۔ ایک خوبصورت شعر جب دل میں اترتا ہے تو ہم یہ نہیں پوچھتے کہ اسے کس ملک کے شاعر نے لکھا۔ ایک مدھر نغمہ جب روح کو چھوتا ہے تو ہم اس کی دھن میں پاسپورٹ تلاش نہیں کرتے۔ ایک سچی تحریر جب ہماری اپنی کیفیت بیان کرتی محسوس ہوتی ہے تو مصنف اور قاری کے درمیان موجود تمام فاصلے ایک لمحے میں سمٹ جاتے ہیں۔

احساس کی زبان شاید دنیا کی سب سے قدیم اور سب سے سچی زبان ہے۔

یہ وہ زبان ہے جسے ایک ماں اپنے بچے کی آنکھوں میں پڑھ لیتی ہے۔ یہ وہ زبان ہے جس میں ایک آنسو پوری داستان بیان کر دیتا ہے اور ایک مسکراہٹ برسوں کی محبت کا اظہار بن جاتی ہے۔ اس زبان کے لیے مترجم کی ضرورت نہیں پڑتی کیونکہ دل اسے براہِ راست سمجھ لیتا ہے۔

شاید اسی لیے دنیا کے مختلف خطوں میں رہنے والے انسان، مختلف زبانیں بولنے کے باوجود، ایک دوسرے کے دکھ کو سمجھ لیتے ہیں۔ جدائی کا درد کہیں بھی ہو، آنکھوں میں نمی لے آتا ہے۔ محبت کا ذکر کہیں بھی ہو، دل کو نرم کر دیتا ہے۔ امید کا چراغ کسی بھی دیس میں جلایا جائے، اندھیرے میں روشنی پیدا کرتا ہے۔

ہم نے اپنی سہولت کے لیے انسانوں کو قوموں، ملکوں، زبانوں اور خطوں میں تقسیم کر رکھا ہے مگر قدرت نے انسان کو احساس کے ایک ہی رشتے میں باندھا ہے۔

ایک ماں کی محبت کسی سرحد کی محتاج نہیں۔ ایک باپ کی فکر کسی جغرافیے کی پابند نہیں۔ ایک شاعر کی بے قراری کسی نقشے میں قید نہیں کی جا سکتی۔ ایک فن کار کی تخلیق کسی ملک کی ملکیت نہیں ہوتی۔ وہ تخلیق جب دنیا کے کسی بھی کونے میں کسی دل کو چھوتی ہے تو وہ دل اس فن کار کا ہم سفر بن جاتا ہےاور۔یہی وہ مقام ہے جہاں فن اور محبتیں ایک ساتھ پنپتی ہیں۔

دونوں انسان کو انسان کے قریب لاتے ہیں۔ دونوں دل کے دروازے پر دستک دیتے ہیں۔ دونوں یہ یاد دلاتے ہیں کہ ہمارے اختلافات اپنی جگہ مگر ہماری بنیادی انسانی کیفیات ایک جیسی ہیں۔ ہمیں بھی خوشی ہوتی ہے، ہمیں بھی جدائی ستاتی ہے، ہمیں بھی اپنوں کی فکر رہتی ہے، ہمیں بھی محبت کی ضرورت ہوتی ہے اور ہمیں بھی کسی ایسے شخص کی تلاش رہتی ہے جو ہماری خاموشی کو سمجھ سکے۔

دنیا نے بہت سی سرحدیں بنائیں، مگر کوئی ایسی سرحد نہیں بنا سکی جو ایک اچھے شعر کو دوسرے دل تک پہنچنے سے روک دے۔

کوئی ایسی باڑ نہیں جو ایک سچی دعا کا راستہ روک سکے،

کوئی ایسی چوکی نہیں جو محبت کو شناختی دستاویز دکھانے پر مجبور کر سکے۔

شاید آج کے شور زدہ زمانے میں ہمیں اسی حقیقت کو دوبارہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اختلاف اپنی جگہ ہو سکتا ہے، فاصلے اپنی جگہ ہو سکتے ہیں، جغرافیے اپنی جگہ قائم رہ سکتے ہیں مگر انسان کو انسان سمجھنے کا عمل ان سب سے بلند ہے۔ ہمیں یہ یاد رکھنا ہوگا کہ نقشے پر کھینچی ہوئی لکیر دل پر لکیر نہیں کھینچ سکتی۔

دل اگر کسی کے لیے دعا کرے تو اس دعا کا راستہ ہزاروں میل بھی نہیں روک سکتے۔

آنکھ اگر کسی دور بیٹھے انسان کی یاد میں نم ہو جائے تو سرحدیں اس آنسو کی زبان نہیں بدل سکتیں اور اگر فن دل سے تخلیق پائے تو وہ دلوں تک رسائی حاصل کر لیتا ہے۔

شاید یہی محبت کا حسن ہے، فن کی طاقت ہے اور انسان ہونے کی سب سے خوبصورت دلیل بھی۔

زمینیں تقسیم ہو سکتی ہیں، راستے جدا ہو سکتے ہیں، فاصلے قائم کیے جا سکتے ہیں مگر احساس کو تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔

کیونکہ بلآخرکار تمام تعارف، تمام فاصلے اور تمام سرحدیں ایک طرف رہ جاتی ہیں اور انسان کے پاس صرف ایک حقیقت باقی رہتی ہے:

وہ انسان ہے، اس کا دل محبت کو پہچانتا ہے، اور دلوں کے درمیان کوئی سرحد نہیں ہوتی۔