جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بلاول بھٹو کا تھرپارکر کے غریب عوام کیلئے 8 ہزار روپے ماہانہ امداد کا اعلان، شہباز شریف کو مدت مکمل کرنے کا موقع دینے کی خواہش کا اظہار


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر کارڈ کے ذریعے تھرپارکر کے غریب عوام کو 8 ہزار روپے دیے جائیں گے، وزیراعظم نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، چاہتا ہوں شہباز شریف پہلے وزیراعظم بنیں جو اپنی مدت پوری کریں، مولانا فضل الرحمن اور بانی پی ٹی آئی کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں معاشی حالات سب کے سامنے ہیں،خطے میں جنگ کے حالات ہیں،ہر شہری جنگ کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے،اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا،عنقریب امن معاہدہ ہوتا نظر نہیں آتا،دنیا بھر میں حکومتوں کا فوکس ہے کہ معاشی بحران سے کیسے ریلیف دیں۔

ان کا کہناتھا کہ معاشی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے،افسوس ہے کہ سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوام کی تکالیف پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے،پیپلزپارٹی عوام کی بہتری کے لیے کام کرتی آئی ہے،اس وقت عوام کو ریلیف دینا ہماری جماعت کی اولین ترجیح ہے،سندھ کے چھوٹے زمینداروں کی مدد کرنا چاہتے ہیں،صفر سے 25 ایکڑ تک اپنی زمین خود کاشت کرنے والے کسانوں کی مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہاری کارڈ کے ذریعے چھ لاکھ کسانوں کو امداد دی جائے گی، ویٹ سپورٹ پروگرام کے تحت کسانوں کو چار ہزار روپے فی ایکڑ دیے جا رہے ہیں، گندم کی خریداری پر کسانوں کو مزید دو ہزار روپے فی ایکڑ دیے جائیں گے، چھوٹے زمینداروں کی امداد ہماری ترجیح ہے، تھرپارکر کے لیے وزیراعلیٰ کے اعلان کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ بے نظیر کارڈ کے ذریعے تھرپارکر کے غریب عوام کو 8 ہزار روپے دیے جائیں گے، امداد سے تھرپارکر کے غریب عوام خشک سالی کا مقابلہ کرسکیں گے، معاشی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، پیپلزپارٹی نے عوام کا خیال رکھا ہے، اسی لیے پیپلزپارٹی ہاری کارڈ دے رہی ہے اور دس لاکھ گھر بنا کر دیے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ بھر میں خصوصا کراچی میں صحت کی بہترین سہولیات دی ہیں، صحت کے شعبے میں عالمی سطح کے ادارے بنائے ہیں، دنیا بھر کا مہنگا ترین علاج عوام کو فری دے رہے ہیں،جانتے ہیں لوگ پریشان ہیں، علاج نہ ہونے کی وجہ سے کوئی شخص جان سے جائے ہمیں قبول نہیں۔

ماضی میں پاکستانیوں کو علاج کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا تھا،اب سندھ میں بہترین طبی سہولیات میسر ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کو پیپلزپارٹی کا منشور قبول کرنا چاہیے، سیاسی لڑائیاں بھول کر معاشی بحران سے نمٹنے پر توجہ دیں، معاشی بحران سے نکلنے تک کوئی اور ترجیح نہیں ہونی چاہیے، شہباز شریف کو ہم نے دو مرتبہ وزیراعظم بنوایا، وزیراعظم نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، معیشت میں مزید بہتری لانے کی ضرورت تھی، جنگ شروع ہوئی تو وزیراعظم کی ٹیم نے اچھا کام کیا، افسوس ہے جنگ کی صورتحال میں وزیراعظم کو اس معاملے پر توجہ کا موقع نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ بٹھا کر بات کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، وزیراعظم ایسا کرنے لگتے ہیں تو کوئی وزیر دوسرا ایجنڈا لے آتا ہے، کچھ لوگوں کا کام ہی وزیراعظم کو گرانے کی کوشش کرنا رہا ہے، چاہتا ہوں شہباز شریف پہلے وزیراعظم بنیں جو اپنی مدت پوری کریں، عوام کی سب سے بڑی فکر دو وقت کی روٹی ہے، وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتا ہوں اور ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

ان کا کہناتھا کہ ملک کے اصل مسائل کے حل کے لیے قومی کوشش درکار ہے، مولانا فضل الرحمن اور بانی پی ٹی آئی کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے مسائل اپنی جگہ، اسمبلی میں ان کی تعداد زیادہ ہے، مسائل کے حل کے لیے بانی پی ٹی آئی کو بھی مذاکرات میں شامل کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے ہی صدر زرداری کو جیل بھجوایا تھا، زور زبردستی کی سیات نہیں کرتا لیکن اپنا موقف پیش کرنا ہمارا حق ہے، وزیر اعظم کی مرضی ہے وہ عوام کے مشکلات کم کریں نہ کریں۔