جے یو آئی (ف) سے منسلک مدارس میں بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں پر سی ڈی اے کے نوٹسز

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) سے منسلک متعدد مدارس میں بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مختلف مدارس کی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ سی ڈی اے کی جانب سے یہ کارروائی غیر قانونی تعمیرات اور منظور شدہ تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کی گئی ہے۔
سی ڈی اے نے مدرسہ اختر العلوم، بلال ٹاؤن، کورنگ نالہ، کھنہ ڈاک کو منظور شدہ بلڈنگ پلان کے بغیر تعمیرات کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس میں مدرسے کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 روز کے اندر تعمیراتی نقشے اور متعلقہ دستاویزات سی ڈی اے میں جمع کرائے۔ مقررہ مدت میں احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں عمارت سیل کرنے کی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ادارہ معارف اسلامیہ، شریعہ ربانیہ، تفی القرآن، مکان نمبر 3، اسٹریٹ نمبر 6، سیکٹر ایف ایٹ تھری میں بھی تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق مذکورہ مدرسے میں عمارت کے مقررہ خالی حصوں میں غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں، جبکہ چھت پر بھی غیر مجاز تعمیرات کا انکشاف ہوا ہے۔ اتھارٹی نے عمارت کے استعمال پر بھی اعتراض اٹھایا ہے، کیونکہ منظور شدہ رہائشی استعمال کے بجائے اسے مدرسے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے نے مدرسے کی انتظامیہ کو تمام نشاندہی شدہ خلاف ورزیاں 15 روز کے اندر ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں عمارت سیل کرنے، جرمانے عائد کرنے اور الاٹمنٹ منسوخ کرنے سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں بلڈنگ کنٹرول قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مدارس سمیت مختلف عمارتوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے متعلقہ عمارتوں کے مالکان اور انتظامیہ کو تعمیراتی قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔





