جمعہ، 27 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ سسٹم پر سائبر حملہ، حساس فوجی ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا


امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ کمپیوٹنگ نظام ’’کلاؤڈ ون‘‘ پر ہیکرز نے سائبر حملہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں حساس فوجی، عملے اور لاجسٹکس سے متعلق ڈیٹا کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ہیکرز نے سافٹ ویئر کی ایک خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سسٹم کے کنٹرول تک رسائی حاصل کی، جبکہ اس سائبر حملے کا انکشاف سسٹم اپ گریڈ کے دوران ہوا، جس کے باعث پلیٹ فارم کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’’کلاؤڈ ون‘‘ امریکی فضائیہ کے اہلکاروں کی تنخواہوں، لاجسٹکس اور فوجی سازوسامان کی دیکھ بھال سے متعلق ڈیٹا محفوظ رکھتا ہے، جبکہ امریکی فضائی دفاع کے ریڈار ڈیٹا اور میزائلوں کی نقل و حرکت کی معلومات بھی اس نظام کا حصہ ہیں۔

سائبر حملے کے بعد کلاؤڈ ون پر متعدد ایپلی کیشنز منتقل کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے جبکہ بعض صارفین کے ایڈمنسٹریٹر اختیارات بھی واپس لے لیے گئے ہیں، اور حملے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے امریکی سائبر کمانڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق تاحال ہیکرز کی شناخت، حملے کے مکمل دائرہ کار اور ڈیٹا چوری ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ دوسری جانب حالیہ دنوں میں امریکی فوج کے مختلف اداروں میں سائبر حملوں اور ڈیٹا لیکس کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔