پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

’ایمان اندرونی ارتقا کا نام ہے‘، ’درِ نجات‘ کے متنازع منظر پر درِفشاں سلیم کا مؤقف سامنے آگیا


مقبول ڈراما سیریل ‘درِ نجات’ کی تازہ قسط کے ایک منظر نے سوشل میڈیا پر ایک نیا مباحثہ چھیڑ دیا ہے، جس میں مرکزی کردار ‘زیریاب حبیب’ (درِفشاں سلیم) یہ کہتے ہوئے سلیو لیس (بغیر آستین کا) لباس پہننے سے انکار کر دیتی ہے کہ وہ اب ایسے کپڑوں میں خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتی۔ اس بحث کے سامنے آنے کے بعد اب خود اداکارہ درِفشاں سلیم نے بھی اس پر اپنا موقف پیش کر دیا ہے۔

اتوار کے روز انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں اداکارہ نے وضاحت کی کہ اس منظر کا بنیادی مقصد زیریاب کے ایمان اور عقیدے کے ساتھ بدلتے ہوئے تعلق کو دکھانا تھا، اور اسے اس اندرونی تبدیلی سے گزرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے۔

درِفشاں سلیم نے کہا کہ ان کے نزدیک ایمان ایک اندرونی ارتقاء کا نام ہے جو ظاہر میں انسان کے افعال اور اس کے لباس کے انتخاب کے ذریعے سامنے آتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عورت کے اپنے لباس کا انتخاب کرنے کے حق کا احترام تمام خواتین کے لیے، چاہے ان کا طرزِ لباس کچھ بھی ہو، یکساں طور پر ہونا چاہیے۔