جب انسان خود سے ہارنے لگے،تحریر: ماہ نور کنول
نقطہ نظر("جو ہوتا ہے، شاید ویسا نہیں ہوتا جیسا دکھائی دیتا ہے")
کبھی کبھی انسان زندگی سے نہیں ہارتا وہ صرف تھک جاتا ہے۔ تھک جاتا ہے لوگوں کو سمجھاتے سمجھاتے، اپنے حصے کی خاموشیاں اٹھاتے اٹھاتے، آنسو چھپاتے چھپاتے اور ہر روز خود کو مضبوط ثابت کرتے کرتے۔ ایک دن آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر خود سے سوال کرتا ہے: ”کیا میں واقعی وہی ہوں جو کبھی خواب دیکھا کرتا تھا؟“ یہ دنیا عجیب جگہ ہے۔ یہاں لوگ ہنسی دیکھتے ہیں مگر اس ہنسی کے پیچھے چھپی جنگ نہیں دیکھتے۔ لوگ کامیابی کا شور سنتے ہیں مگر وہ راتیں نہیں جانتے جن میں انسان خود سے بھی نظریں نہیں ملا پاتا۔ یہاں خوش نظر آنا فرض سمجھا جاتا ہے، کمزور نظر آنا عیب؛ مگر حقیقت یہ ہے کہ انسان پتھر نہیں ہوتا۔ انسان کے اندر بھی تھکن ہوتی ہے، خوف ہوتا ہے، مایوسی ہوتی ہے اور یہ سب ہونا غلط نہیں۔ غلط صرف یہ ہے کہ انسان خود کو یہ یقین دلا دے کہ اب کچھ باقی نہیں رہا۔ زندگی کے کچھ لمحے ایسے بھی آتے ہیں جب انسان ہجوم میں کھڑا ہو کر بھی خود کو تنہا محسوس کرتا ہے۔ ہر طرف آوازیں، مصروفیات اور چہرے ہوتے ہیں؛ مگر اندر کہیں ایک خاموشی جنم لے چکی ہوتی ہے۔ ایسی خاموشی جو چیخنا چاہتی ہے مگر آواز نہیں بنتی۔ انسان بولتا ہے، ہنستا ہے، روزمرہ کے کام کرتا ہے؛ مگر حقیقت میں وہ صرف چل رہا ہوتا ہے، جی نہیں رہا ہوتا۔کبھی کبھی محسوس ہونے لگتا ہے کہ شاید زندگی صرف دوسروں کے لیے گزاری جا رہی ہے، اپنے لیے نہیں۔ پھر ایک وقت آتا ہے جب انسان اپنے ہی اندر گم ہونے لگتا ہے اور یہی وہ مقام ہوتا ہے، جہاں سب سے زیادہ خود کو سمجھنے کی ضرورت پڑتی ہے لیکن ایک بات یاد رکھنی چاہیے! زندگی کبھی ایک جیسی نہیں رہتی۔ وہ موسم جو درختوں سے پتے گرا دیتا ہے، وہی موسم نئے پتے بھی لے آتا ہے۔ وہ رات جو بہت لمبی محسوس ہوتی ہے، آخر کار صبح کے سامنے ہار جاتی ہے۔ بارش کے بعد زمین دوبارہ خشک ہوتی ہے، اندھیری رات کے بعد سورج پھر نکلتا ہے۔ خزاں میں پتے جھڑنے والے درخت ہی کچھ عرصے بعد سرسبز بھی ہوتے ہیں کیوں کہ:
یہ وقت بھی آخر وقت ہی ہے
وقت رک جائے ایسا کب ہوتا ہے
ہم اکثر اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی یہ کرتے ہیں کہ ایک بُرے وقت کو پوری زندگی سمجھ لیتے ہیں۔ چند ناکامیوں کو اپنی پہچان بنا لیتے ہیں۔ چند لوگوں کے رویوں کو پوری دنیا سمجھ لیتے ہیں۔ جب مشکل وقت آتا ہے تو لگتا ہے کہ شاید یہی قسمت ہے؛ مگر ذرا رک کر سوچنا چاہیے۔ کتنی بار پہلے بھی مشکل وقت سے گزر کر یہاں تک پہنچا گیا؟
کتنی بار محسوس ہوا کہ اب کچھ نہیں ہو سکتا؟
کتنی بار لگا کہ سب ختم ہو گیا؟ اور پھر بھی زندگی آگے بڑھتی رہی۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انسان کے اندر اکثر اتنی طاقت موجود ہوتی ہے جتنی اسے خود بھی معلوم نہیں ہوتی۔ یہ دنیا کامیاب لوگوں کی کہانیاں تو سناتی ہے مگر ان راتوں کا ذکر نہیں کرتی جن راتوں میں وہ خاموش بیٹھ کر خود کو جوڑتے رہے۔ لوگ منزل دیکھتے ہیں، سفر کی تھکن نہیں دیکھتے۔ اسی لیے خود کو دوسروں سے نہیں ناپنا چاہیے۔ ہر انسان کا راستہ الگ ہوتا ہے۔ کچھ جلدی پہنچ جاتے ہیں، کچھ دیر سے اور کچھ راستے میں اپنی منزل بدل لیتے ہیں۔ اس میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں۔ شرمندگی صرف کوشش چھوڑ دینے میں ہے۔ یہ مت سمجھو کہ مضبوط لوگ کبھی نہیں ٹوٹتے۔ مضبوط لوگ بھی ٹوٹتے ہیں، روتے ہیں، خاموش ہوتے ہیں، ہار ماننے کا سوچتے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہوتا ہے کہ وہ اگلے دن دوبارہ کھڑے ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ زندگی جیتنے والوں کی نہیں، واپس اٹھنے والوں کی ہوتی ہے۔ بعض اوقات مضبوط انسان وہ نہیں ہوتا جو کبھی روئے نہیں، بلکہ وہ ہوتا ہے جو رو لینے کے بعد بھی اگلے دن اپنی ذمہ داریاں نبھا لے۔
زندگی عجیب ہے۔ کبھی ایک ہی دن میں اتنی خوشیاں دے دیتی ہے کہ لگتا ہے دنیا حق میں ہے؛ اور کبھی سب کچھ ہوتے ہوئے بھی کچھ باقی نہیں رہتا۔ ایسے وقت میں سوال پیدا ہوتے ہیں۔
”کیوں وہی ملا جس سے بچنے کی دعا کی گئی؟ کیوں راستے بند ہوئے جن پر امید رکھی گئی؟ کیوں لوگ ساتھ چھوڑ گئے؟ کیوں خواب پورے ہونے سے پہلے ختم ہو گئے؟“ ذرا زندگی کو پیچھے مڑ کر دیکھنا چاہیے۔ کتنے واقعات ایسے ہوتے ہیں جن پر کبھی رویا گیا، پھر برسوں بعد معلوم ہوا کہ اگر وہ نہ ہوتے تو زندگی کہیں زیادہ مشکل ہو جاتی۔
کتنے لوگوں کے جانے پر دل ٹوٹ گیا، پھر وقت نے بتایا کہ کچھ رشتے ختم ہونا بھی حفاظت ہوتی ہے۔ کتنی خواہشیں پوری نہ ہوں تو بدقسمتی لگتی ہیں، پھر سمجھ آتا ہے کہ پوری ہو جاتیں تو نقصان زیادہ ہوتا۔ زندگی پہلے گزارتی ہے، پھر سمجھاتی ہے۔ انسان جب بیمار ہوتا ہے تو دوا ہمیشہ میٹھی نہیں ہوتی۔ بعض اوقات تلخ چیزیں ہی شفا بنتی ہیں۔ شاید ہر تکلیف سزا نہیں ہوتی، ہر رکاوٹ ناکامی نہیں ہوتی اور ہر تاخیر محرومی نہیں ہوتی؛ اگر کسی انسان کو تکلیف پہنچے تو دوست پریشان ہو جاتا ہے، بہن بھائی بے چین ہو جاتے ہیں، ماں کی نیند کم ہو جاتی ہے، باپ کی خاموشی بڑھ جاتی ہے؛ اگر محدود اختیار رکھنے والے لوگ بھی اپنے چاہنے والوں کے لیے بہتر چاہتے ہیں، تو یہ مان لینا شاید درست نہیں کہ زندگی کی ہر مشکل صرف نقصان کے لیے آئی ہے۔
شاید بعض اوقات انسان کو وہاں سے گزارا جاتا ہے جہاں سے گزرنا پسند نہیں ہوتا، تاکہ وہاں پہنچ سکے جہاں پہنچنا ضروری ہوتا ہے؛ اور ہاں، ایک بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے: ہر زخم کا علاج وقت نہیں کرتا
کچھ زخموں کا علاج خود کو معاف کرنا کرتا ہے؛ کیوں کہ بہت سے لوگ دوسروں کے دیے ہوئے دکھ نہیں، بلکہ اپنی غلطیوں کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہوتے ہیں۔ اس لیے خود سے نرمی سے پیش آنا بھی ضروری ہے؛ کیوں کہ دنیا اکثر سخت ہوتی ہے، کم از کم انسان خود پر سختی کم کر سکتا ہے؛ اور اگر کبھی ایسا دن آئے جب سب کچھ بے معنی لگنے لگے، تو بڑے فیصلے نہیں کرنے چاہییں۔ بس وقت کو گزرنے دینا چاہیے کیوں کہ وقت ایک عجیب استاد ہے۔ وہ پہلے امتحان لیتا ہے، پھر سبق دیتا ہے اور آخر میں اگر آج کوئی دکھ ہے تو ضروری نہیں کہ وہ ہمیشہ رہے؛ اگر آج راستہ نظر نہیں آ رہا تو ضروری نہیں کہ راستہ موجود نہ ہو؛ اگر آج سب کچھ بکھرا ہوا محسوس ہو رہا ہے تو ضروری نہیں کہ واقعی سب ختم ہو گیا ہو کیوں کہ بعض اوقات زندگی ٹوٹتی نہیں
صرف نئی شکل اختیار کر رہی ہوتی ہے۔ شاید انسان کی سب سے بڑی کامیابی کبھی نہ ٹوٹنا نہیں ہوتی، بلکہ تمام سوالوں، تمام تھکن، تمام محرومیوں کے باوجود اگلا قدم پھر بھی اٹھا لینا ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں




