پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میں باغی نہیں ہوں،تحریر: یاسمین اختر طوبیٰ

نقطہ نظر

میں باغی نہیں ہوں مگر میں خاموش بھی نہیں رہ سکتی۔ میں انکار کی اس آواز کو اپنے اندر دفن نہیں کر سکتی جو ہر روز میرے ضمیر کے دروازے پر دستک دیتی ہے۔ میں ان سوالوں سے نظریں نہیں چرا سکتی جن کے جواب معاشرے کے پاس ہوتے ہوئے بھی معاشرہ دینے سے گریز کرتا ہے۔ میں اس ظلم کو تقدیر، ناانصافی کو روایت، منافقت کو مصلحت اور خاموشی کو شرافت کا نام نہیں دے سکتی۔ اگر اپنے حصے کی سچائی بیان کرنا بغاوت ہے تو شاید میں باغی ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں کسی تخت کی خواہش مند ہوں، نہ کسی اقتدار کی طلب گار۔ میری خواہش صرف اتنی ہے کہ انسان کو انسان سمجھا جائے، حق کو حق کہا جائے اور باطل کے سامنے سر جھکانے کو دانش مندی کا نام نہ دیا جائے۔

ہم ایسے معاشرے میں سانس لے رہے ہیں جہاں سوال اٹھانے والے کو گستاخ، اختلاف کرنے والے کو بدتمیز اور سچ بولنے والے کو باغی قرار دے دیا جاتا ہے۔ یہاں اکثر مسئلہ یہ نہیں ہوتا کہ کسی نے غلط بات کہی ہے بلکہ مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ اس نے وہ بات کہہ کیوں دی جسے سب جانتے تو ہیں مگر زبان پر لانے کی جرأت نہیں کرتے۔ طاقت ور کے سامنے خاموش رہنا حکمت اور کمزور کے سامنے بلند آواز ہونا بہادری سمجھا جانے لگا ہے۔ اصولوں کی بات کرنے والے سے پہلے اس کی وابستگی پوچھی جاتی ہے، دلیل کا جواب دلیل سے دینے کے بجائے اس کے کردار پر انگلی اٹھائی جاتی ہے۔ یوں آہستہ آہستہ معاشرہ سچائی سے زیادہ مصلحت، انصاف سے زیادہ تعلق اور کردار سے زیادہ مفاد کو اہمیت دینے لگتا ہے۔

میں اس رویے کے خلاف ہوں۔ میں اس سوچ کو قبول نہیں کرتی کہ انسان اپنی آنکھوں کے سامنے ہونے والی ناانصافی دیکھے اور صرف اس لیے خاموش رہے کہ کہیں اس کی اپنی زندگی مشکل نہ ہو جائے۔ آخر ضمیر کی بھی تو کوئی قیمت ہوتی ہے ناں، اگر میری خاموشی کسی مظلوم کی آواز چھین رہی ہو، اگر میری مصلحت کسی ظالم کے حوصلے بڑھا رہی ہو اور اگر میرا سکوت کسی جھوٹ کو سچ کا لباس پہنا رہا ہو تو پھر ایسی خاموشی میرے لیے کسی جرم سے کم نہیں۔ میں جانتی ہوں کہ سچ بولنے کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، مگر یہ بھی جانتی ہوں کہ ہر قیمت پیسے سے نہیں چکائی جاتی۔ بعض قیمتیں انسان اپنے سکون، اپنے تعلقات، اپنی شہرت اور کبھی اپنی زندگی سے ادا کرتا ہے۔

جب میں تاریخ کے اوراق پلٹتی ہوں تو مجھے سقراط یاد آتا ہے۔ وہ شخص جس نے اپنے عہد کے رائج تصورات پر سوال اٹھائے، نوجوانوں کو سوچنے اور دلیل سے کام لینے کی دعوت دی اور بالآخر عدالت کے فیصلے پر زہر کا پیالہ پی لیا۔ اس کے پاس زندگی بچانے کے راستے موجود تھے، مگر اس نے اپنے فلسفے اور ضمیر سے دست بردار ہونا قبول نہیں کیا۔ سقراط کا زہر کا پیالہ محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ یہ اس حقیقت کی علامت ہے کہ بعض انسانوں کے لیے زندگی کی طوالت سے زیادہ اہم زندگی کا وقار ہوتا ہے۔ میں بھی سقراط کی طرح زہر کا پیالہ پینا چاہتی ہوں، مگر اس معنی میں کہ اگر سچائی کی قیمت ادا کرنا پڑے تو میں اپنے اصولوں کا سودا نہ کروں۔ میں اپنی بات کی ذمہ داری قبول کرنا چاہتی ہوں، چاہے اس کے نتائج میرے لیے کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں۔

پھر منصور حلاج کا خیال آتا ہے، جس کا تاریخ میں ایک ایسا نام محفوظ ہے جو اپنے عقیدے، اپنے فکری اظہار اور اپنے عہد کے مذہبی و سیاسی تنازعات کے باعث شدید آزمائشوں سے گزرا۔ میں منصور کی طرح سولی چڑھنا چاہتی ہوں لیکن کسی موت کی آرزو میں نہیں؛ میں اس استقامت کی خواہش مند ہوں جو انسان کو اپنے یقین اور ضمیر سے بے وفائی نہیں کرنے دیتی۔ میرے نزدیک منصور کی سولی اس سوال کی علامت ہے کہ کیا معاشرہ کسی مختلف آواز کو برداشت کرنے کا حوصلہ رکھتا ہے؟ کیا اختلاف کو سمجھے بغیر اسے کچل دینا ہی ہمارا آخری راستہ ہے؟ تاریخ گواہ ہے کہ وقت کے فیصلے ہمیشہ اقتدار کے فیصلوں سے مختلف بھی ہو سکتے ہیں۔ جن آوازوں کو اپنے عہد میں دبانے کی کوشش کی گئی، بعض اوقات آنے والی نسلوں نے انہی آوازوں میں فکر، سوال اور استقامت کے چراغ تلاش کیے۔

یہاں ایک بات واضح کرنا ضروری ہے کہ سچائی پر ڈٹے رہنے کا مطلب تشدد، انتشار یا اندھی ضد نہیں۔ اختلاف کا حق مانگنے والا خود دوسروں کے اختلاف کا احترام بھی کرتا ہے۔ بغاوت اگر کسی چیز کے خلاف ہونی چاہیے تو وہ جہالت، جبر، ناانصافی، استحصال، طبقاتی تفاوت اور انسانی تذلیل کے خلاف ہونی چاہیے۔ قلم کا کام نفرت کے شعلے بھڑکانا نہیں بلکہ ذہنوں میں روشنی پیدا کرنا ہے۔ دلیل کا مقصد کسی کو نیچا دکھانا نہیں بلکہ حقیقت تک پہنچنے کی کوشش کرنا ہے۔ میں ایسی مزاحمت پر یقین رکھتی ہوں جو انسان کے ہاتھ میں ہتھیار نہیں، شعور اور قلم دیتی ہے؛ جو انتقام نہیں، انصاف مانگتی ہے؛ جو کسی کی آواز دبانے کے بجائے ہر انسان کو بولنے کا حق دیتی ہے۔

میرا سوال ان لوگوں سے بھی ہے جو ہر دور میں طاقت کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ جس سچ کو آج آپ اپنے مفاد کے لیے دبا رہے ہیں، کل وہی سچ آپ کی تاریخ کا فیصلہ کرے گا؟ کیا آپ نے کبھی اپنے ضمیر سے پوچھا ہے کہ آپ کی خاموشی نے کتنے بے بس انسانوں کو تنہا کیا؟ کیا آپ نے کبھی محسوس کیا کہ کسی مظلوم کے حق میں اٹھنے والی ایک آواز اس کے لیے کتنی بڑی امید بن سکتی ہے؟ معاشرے صرف عمارتوں، سڑکوں اور اداروں سے ترقی یافتہ نہیں ہوتے؛ ان کی اصل ترقی اس وقت سامنے آتی ہے جب وہاں اختلاف کی گنجائش، سوال کی آزادی، انصاف کی بالادستی اور انسان کی عزت محفوظ ہو۔

میں باغی نہیں ہوں۔ میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ میرے سوالوں کو جرم نہ سمجھا جائے، میری دلیل کو گستاخی نہ کہا جائے اور میرے اختلاف کو میری ذات کے خلاف ہتھیار نہ بنایا جائے۔ میں چاہتی ہوں کہ کسی کمزور کے حق میں بولنے سے پہلے مجھے اس کے مذہب، طبقے، زبان، جنس یا سیاسی وابستگی کا سرٹیفکیٹ نہ دیکھنا پڑے۔ میں چاہتی ہوں کہ حق کا معیار صرف حق ہو، نہ کہ یہ کہ حق کس کے منہ سے ادا ہوا ہے؟ میں یہ بھی چاہتی ہوں کہ میری آواز کے ساتھ اختلاف کرنے والے کو بھی وہی آزادی حاصل ہو جس کا مطالبہ میں اپنے لیے کرتی ہوں۔

مجھے معلوم ہے کہ سچ کا راستہ ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ اس راستے پر تنہائی بھی ملتی ہے، مخالفت بھی، الزام بھی اور کبھی اپنے ہی لوگوں کی بے رخی بھی۔ مگر میں یہ بھی سمجھتی ہوں کہ انسان کی اصل شکست اس وقت ہوتی ہے جب وہ اپنی سہولت کے لیے اپنے ضمیر کو خاموش کر دے۔ زندگی صرف سانس لینے کا نام نہیں، اپنے وجود کو کسی بامعنی مقصد سے وابستہ کرنے کا نام بھی ہے۔ اگر قلم معاشرے کے دکھ نہیں لکھ سکتا، اگر زبان مظلوم کی حمایت میں نہیں کھل سکتی اور اگر شعور ظلم و ناانصافی میں فرق نہیں کر سکتا تو پھر علم، تعلیم اور تہذیب کے تمام دعوے محض لفظوں کا ہجوم رہ جاتے ہیں۔

سو، مجھے باغی نہ کہیے۔ میں تو صرف ایک ایسا معاشرہ چاہتی ہوں جہاں سقراط کو زہر کا پیالہ نہ پینا پڑے، منصور کو سولی تک نہ جانا پڑے، جہاں سچ بولنے والے زندہ رہ کر اپنی بات کہہ سکیں اور اختلاف کرنے والوں کو مٹانے کے بجائے ان کی بات سنی جائے۔ میں موت کی طلب گار نہیں، میں ایسی زندگی کی خواہش مند ہوں جس میں ضمیر زندہ ہو، زبان آزاد ہو اور انسان کی حرمت محفوظ ہو لیکن اگر اپنے عہد کے جھوٹ کے سامنے سچ کہنا بغاوت ہے، اگر مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا جرم ہے اور اگر ضمیر کی آواز سننا سرکشی ہے تو پھر تاریخ کے ان تمام سوال اٹھانے والوں کی صف میں میرا نام بھی لکھ لیجیے کیونکہ میں خاموش رہ کر جینے کے بجائے سچ بول کر جینے پر یقین رکھتی ہوں۔

میں باغی نہیں ہوں، میں صرف اپنے ضمیر کی آواز ہوں