پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ضمیر بکتا ہے تو قوم مر جاتی ہے، تحریر: پیر انتظار حسین مصور

نقطہ نظر

ہم ایک ایسے دور کی دہلیز پر کھڑے ہیں جہاں انسانی تہذیب نے مادی ترقی کے جھنڈے تو ہر سو گاڑ دیے ہیں، مگر اس ترقی کی چکاچوند میں انسان کے اندر کا باطن، اس کا ضمیر اور اس کی اخلاقی روح یکسر مر چکی ہے۔ یہ دور عروجِ مادیت کا وہ سیاہ باب ہے جہاں ہر شے، ہر رشتے اور ہر فیصلے کی کوئی نہ کوئی قیمت مقرر ہو چکی ہے۔ یہاں تک کہ انسان کا سب سے انمول سرمایہ یعنی اس کا ضمیر اور اس کی سچی بات بھی اب منڈی میں فروخت ہونے والی کوئی عام شے بن کر رہ گئی ہے۔


پرانے وقتوں میں ایک روایت ہوا کرتی تھی کہ انسان بھوکا تو رہ سکتا تھا مگر اپنی غیرت اور ضمیر کا سودا کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ اس کے نزدیک عزتِ نفس اور سچ کا دامن ہی اس کا اصل اثاثہ ہوتا تھا۔ مگر آج کے اس خود غرض اور مفاد پرست دور میں اصولوں کی کوئی قیمت باقی نہیں رہی۔ اب کامیابی کا پیمانہ یہ نہیں رہ گیا کہ آپ کتنے ایماندار یا سچے ہیں، بلکہ یہ دیکھا جاتا ہے کہ آپ نے اپنے ضمیر کے سودے میں کتنا نفع کمایا ہے اور کس قدر آسانی سے اپنے اصولوں کو اقتدار یا دولت کے قدموں میں ڈھیر کیا ہے۔


اس گھناؤنے کھیل کا سب سے المناک روپ ہمارے ادبی، صحافتی اور فکری حلقوں میں دکھائی دیتا ہے۔ ایک سچا قلم کار، جو معاشرے کی اصلاح کا علمبردار اور مظلوموں کی آواز ہوتا تھا، جب وہ دیکھتا ہے کہ سچ بولنے والے کو تنہائی اور کوفت ملتی ہے جبکہ جھوٹ اور چاپلوسی کے گن گانے والے محلات کے مکین بن جاتے ہیں، تو اس کے قدم بھی ڈگمگانے لگتے ہیں۔ ہمارے دور میں ضمیر بیچنے والوں کو عقلمند اور اصولوں پر ڈٹنے والوں کو دیوانہ یا احمق قرار دینے کا چلن عام ہو چکا ہے۔ ہر طرف یہ خاموش معاہدہ طے پا چکا ہے کہ ہوا کا رخ دیکھو، اقتدار کی زبان بولو، اور ضمیر کی اس ملامت کو پسِ پشت ڈال دو جو رات کو سونے نہیں دیتی۔


حقیقت تو یہ ہے کہ جس انسان کا ضمیر زندہ ہوتا ہے، اگرچہ اس کی جیب میں کچھ بھی نہ ہو، تب بھی وہ دنیا کا امیر ترین انسان ہوتا ہے۔ اس کے برعکس، جن کا ضمیر مردہ ہو جائے، ان کے پاس خواہ دولت کے کتنے ہی انبار کیوں نہ لگے ہوں، وہ دنیا کے غریب ترین انسان ہوتے ہیں۔ جن کے ضمیر زندہ ہوتے ہیں، ان کے دل میں درد اور احساس ہوتا ہے، اور سب سے بڑا رشتہ خون کے رشتوں سے بھی بڑھ کر ہمیشہ احساس کا رشتہ ہوتا ہے۔ احساس کی یہ دولت اتنی انمول ہے کہ اگر احساس کسی بے زبان جانور کے ساتھ بھی کر لیا جائے تو وہ بھی آپ کا تا عمر شکر گزار رہتا ہے اور مشکل وقت میں آپ کا ساتھ نہیں چھوڑتا۔


مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ سودے بازی انسان کو حقیقی سکون دے سکتی ہے؟ ہرگز نہیں۔ مال و دولت کے انبار اور منافقانہ تحریروں کے سہارے حاصل کی جانے والی یہ عارضی چمک دمک انسان کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے۔ جو شخص اپنے ضمیر کا سودا کر بیٹھتا ہے، وہ بظاہر زندہ نظر آتا ہے مگر اس کی روح مر چکی ہوتی ہے۔ وہ اپنی ہی نظروں میں اتنا گر جاتا ہے کہ پھر ساری دنیا کی تعریفیں بھی اس کے اندر کے سناٹے کو نہیں بھر سکتیں۔


وقت کا تقاضا ہے کہ اس مادیت پرستی اور ضمیر فروشی کے اس گھناؤنے طوفان کے سامنے بند باندھا جائے۔ ہمیں یہ یاد رکھنا ہوگا کہ قلم اور ضمیر امانت ہیں، اور امانت میں خیانت کرنے والوں کا انجام تاریخ کبھی معاف نہیں کرتی۔ اگر ہم نے آج اپنی اس خودداری اور ضمیر کی آواز کو زندہ نہ رکھا، تو آنے والی نسلیں ہمیں ایک ایسی قوم کے طور پر یاد رکھیں گی جنہوں نے چند سکوں کی خاطر اپنی روح اور اپنے ضمیر کا سودا کر ڈالا تھا۔


اے میرے قلم! تو بکنا مت، کیونکہ تیری سچی آواز ہی اس اندھیرے دور میں امید کا واحد چراغ ہے۔