بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دعا ایک دستک ،تحریر: مہوش بنت بشارت

نقطہ نظر

دعا ایک دستک ہے۔ یہ کائنات کے مالک کے بند دروازوں کو کھولنے کی مادی و روحانی چابی ہے۔ یہ مایوسی کے گہرے اندھیروں میں امید کی روشن کرن بن کر چمکتی ہے۔ انسان جب اپنی بے بسی اور لاچاری کے آخری کنارے پر پہنچ جاتا ہے تو وہ اپنے دونوں ہاتھ پھیلا کر خدا کی بارگاہ میں التجا کرتا ہے۔ یہی التجا دراصل رب کی رحمت کے دروازے پر ایک والہانہ دستک ہوتی ہے۔ جب ہم دعا کے لیے ہاتھ اٹھاتے ہیں تو ہم اس بات کا اعتراف کر رہے ہوتے ہیں کہ ہماری تمام تر تدبیریں اور کوششیں اس قادرِ مطلق کی رضا کے بغیر بالکل ادھوری ہیں۔ زندگی کے سفر میں ایسے کئی مقامات آتے ہیں جہاں انسان خود کو تنہا، کمزور اور بے یار و مددگار محسوس کرتا ہے۔ ایسے کٹھن حالات میں دعا ہی وہ مضبوط سہارا بنتی ہے جو انسان کے ٹوٹے ہوئے دل کو جوڑتی ہے اور اسے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔

دعا صرف چند روایتی الفاظ کا مجموعہ نہیں ہے بلکہ یہ روح کی گہرائیوں سے نکلنے والی وہ سچی پکار ہے جو براہِ راست عرشِ الٰہی تک پہنچتی ہے۔ ایک مخلصانہ دستک کبھی رائیگاں نہیں جاتی کیونکہ کائنات کا خالق اپنے بندے کی آواز کو سنتا ہے اور اس کی بے چینی کو سکون میں بدل دیتا ہے۔ ہمیں ہمیشہ یقینِ کامل کے ساتھ اس کے در پر دستک دیتے رہنا چاہیے کیونکہ وہی ہے جو ہر بند دروازے کو کھولنے پر کامل قدرت رکھتا ہے۔ جب انسان دنیا کے تمام سہاروں سے مایوس ہو کر اپنے سچے رب کی طرف لوٹتا ہے تو اس کا تعلق اپنے خالق سے مزید گہرا اور مضبوط ہو جاتا ہے۔ یہ دستک انسان کے اندر عاجزی پیدا کرتی ہے اور اسے غرور و تکبر کی بیماریوں سے ہمیشہ محفوظ رکھتی ہے۔

تاریخِ انسانی گواہ ہے کہ جب بھی انبیاء کرام اور صالحین پر کوئی مشکل وقت آیا تو انہوں نے صبر اور دعا کا دامن تھاما۔ مشکلات کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں، دعا کی طاقت ان کو مٹا دیتی ہے اور ناممکن کو ممکن بنا دیتی ہے۔ دعا مانگنا دراصل اللہ تعالیٰ سے گفتگو کرنا ہے جس سے روح کو تسکین ملتی ہے اور دل کو وہ اطمینان حاصل ہوتا ہے جو دنیا کی کسی دوسری چیز سے ممکن ہی نہیں ہے۔ یہ دستک کبھی خالی نہیں لوٹتی یا تو اللہ پاک بندے کی خواہش کو فوراً پورا فرما دیتا ہے یا اس سے بہتر عطا کرتا ہے یا پھر اسے آخرت کے لیے بہترین اجر بنا کر ذخیرہ کر لیتا ہے۔ اس لیے مایوس ہونا مومن کا شیوہ نہیں ہے بلکہ مسلسل رب کے حضور عاجزی کے ساتھ التجا کرتے رہنا ہی بندگی کی اصل روح ہے۔

خدا کی بارگاہ میں کی جانے والی یہ پکار انسان کو یہ حوصلہ دیتی ہے کہ کائنات میں کوئی ایسی ہستی موجود ہے جو اس کے حالات سے باخبر ہے۔ اس کی فریاد سننے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ جب دنیا کے تمام دروازے بند دکھائی دیں تب بھی آسمان کا دروازہ کھلا رہتا ہے اور رحمت کی بارش برسنے کے لیے صرف ایک سچی دستک کی منتظر ہوتی ہے۔ ہمیں ہر حال میں خواہ خوشی ہو یا غمی اپنے رب کو پکارتے رہنا چاہیے کیونکہ وہ اپنے بندوں سے ستر ماؤں سے زیادہ محبت کرتا ہے۔ کبھی اپنے سائل کو محروم نہیں لوٹاتا۔

دعا تقدیر بدل دیتی ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا دعا عبادت کا مغز ہے اس لیے ہمیں کبھی غفلت نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہی ایک لمحہ قبولیت کا بن کر ہماری زندگی بدل دیتا ہے۔