ایف بی آر کا ٹیکس چوری روکنے کیلئے بڑا فیصلہ، پیداوار کی براہ راست نگرانی ہوگی

آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کیلئے ایف بی آر نے مختلف شعبوں میں ٹیکس چوری روکنے اور پیداوار کی نگرانی کا فیصلہ کر لیاہے جس کیلئے مصنوعی چمڑے اور پیپر انڈسٹری پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی کی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق چائے، مشروبات، لوہے، اسٹیل سمیت دیگر شعبوں کی بھی الیکٹرانک مانٹیرنگ ہو گی ، مصنوعی چمڑا بنانے والی تمام رجسٹرڈ فیکٹریوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم لگانا لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔
مصنوعی چمڑے کے کارخانوں کو 30 نومبر 2026 تک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایف بی آر نے ہر پروڈکشن لائن پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم لگانا بھی لازمی قرار دیدیا ہے۔
مصنوعی چمڑے کے ہر تیار ہونے والے رول کا خودکار ریکارڈ مرتب ہوگا، کیمروں اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے رولز کی تیاری اور کٹائی کی نگرانی ہوگی، تیار ہونے والے مصنوعی چمڑے کی لمبائی سینسرز کے ذریعے خودکار طریقے سے ناپی جائےگی۔
پیداوار کے اعدادوشمار براہ راست ایف بی آر کے مرکزی کنٹرول یونٹ کو بھیجےجائیں گے، ریکارڈ اور اصل پیداوار میں 0.5 فیصد سے زیادہ فرق پر خودکار الرٹ جاری ہوگا، مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب صرف نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کرے گا۔ بغیر الیکٹرانک نگرانی مصنوعی چمڑے کا کوئی رول فیکٹری سے باہر بھیجنے کی اجازت نہیں ہوگی، مانیٹرنگ سسٹم میں خرابی کی اطلاع ایک گھنٹے کے اندر ایف بی آر کو دینا لازمی قرار دیا گیاہے، مانیٹرنگ سسٹم نصب اور فعال رکھنے کی ذمہ داری متعلقہ مینوفیکچررز پر عائد ہوگی۔
احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت کارروائی ہوگی ۔ کاغذ اور پیپر بورڈ بنانے والی تمام رجسٹرڈ فیکٹریوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم لگانا لازمی قرار دیا گیاہے، پیپر اور پیپر بورڈ کے کارخانوں کو 15 دسمبر 2026 تک مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، اپنےلیے یا دوسری کمپنیوں کیلئےکاغذ بنانے والے تمام رجسٹرڈ مینوفیکچررز نئے نظام کے پابند ہوں گے، پیپر اور پیپر بورڈ کی پیداوار کا ریکارڈ الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے مرتب ہوگا۔
مانیٹرنگ سسٹم کاغذ اور پیپر بورڈ کے اسٹاک کی گنتی اور وزن خودکار طریقے سے کرے گا، کاغذ اور پیپر بورڈ کی ہر قسم اور گریڈ کے حساب سے اسٹاک کا ریکارڈ رکھا جائے گا، پیپر اور پیپر بورڈ کی تیاری میں استعمال ہونے والی جی ایس ایم کوالٹی کی بھی نگرانی ہوگی، کارخانے کے اندر تیار کاغذ کو دوسری مصنوعات بنانے کیلئے استعمال کرنے کے مقام کی بھی نگرانی ہوگی۔ ہر پروڈکشن لائن پر مانیٹرنگ سسٹم کیلئے ضروری مشینری، سافٹ ویئر اورانٹرنیٹ کنکشن فراہم کرنا ہوگا، مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب اور فعالیت کے لیے ایف بی آر افسران فوکل پرسن مقرر کریں گے۔
بغیر الیکٹرانک مانیٹرنگ کے کاغذ اور پیپر بورڈ فیکٹری کے احاطے سے باہر لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی، مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کیلئے بجلی، انٹرنیٹ اور آئی ٹی سہولیات فراہم کرنا مینوفیکچررز کے ذمہ ہوگی۔
پیپر اور پیپر بورڈ کے کارخانوں میں پہلے سے نصب ویڈیو نگرانی کا نظام بھی بدستور فعال رہے گا، صرف کٹنگ اور پرنٹنگ کا کام کرنے والے یونٹس کو نئے حکم سے استثنیٰ حاصل ہوگا، سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 38 کے تحت یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔





