بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کولگام: بھارتی اہلکاروں پر فائرنگ،پاکستان پر الزام تراشی بے بنیاد،سیکیورٹی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر کیوں؟


مقبوضہ جموں کشمیر ضلع کولگام کے علاقے نوپورہ میں مجاہدینِ کشمیر کے قابض بھارتی پیراملٹری فورس CRPF کی 46ویں بٹالین کی ناکہ پارٹی پر تباہ کن حملے میں افیسر سمیت کم از کم 7 دہشت گرد اہلکار ہلاک و شدید زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ مکار دشمن فوج اپنی بزدلی اور ناکامی کا رونا روتے ہوئے تاحال اپنا نقصان چھپانے میں مصروف عمل ہے، علاقے میں قابض ہندوستانی فورسز کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 45 منٹ پر کولگام میں میر بازار کے قریب قائم سکیورٹی چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے ضلع اننت ناگ کے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تفتیش کاروں نے یاسر یوسف نامی شخص کی شناخت کی ہے، جو ضلع کولگام کے علاقے قیموہ کا رہائشی ہے۔ مبینہ طور پر حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اس کے نام پر رجسٹرڈ ہے، تاہم فراہم کردہ رپورٹ میں حملے کے ساتھ اس کے براہ راست تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ابتدائی بھارتی میڈیا کوریج، جس میں پی ٹی آئی، این ڈی ٹی وی، ٹائمز آف انڈیا اور زی نیوز شامل ہیں، میں حملے، جانی نقصان اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اب تک جائزہ لیے گئے میڈیا رپورٹس میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی براہ راست الزام سامنے نہیں آیا۔ حملہ آوروں کی شناخت، وابستگی اور حملے کے محرکات تاحال غیر مصدقہ ہیں۔

ریپبلک ٹی وی کے مطابق حملہ آوروں کی نقل و حرکت کیمرے میں ریکارڈ ہوئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی کولگام میں موجود تھے۔

واقعہ کے بعد بھارتی وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے۔ ڈی جی سی آر پی ایف جلد پریس کانفرنس کریں گے۔ ریٹائرڈ جنرل ڈھلون نے ٹائمز ناؤ پر کولگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے۔

بھارت نے دھوئیں کے چھٹنے سے پہلے ہی پاکستان پر الزام عائد کرنا شروع کردیا، نہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ مکمل ہوا، نہ کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی اور نہ ہی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز ہوا تھا۔ یہ انٹیلی جنس معلومات نہیں بلکہ بھارت کی پرانی عادت ہے۔کسی سرکاری بیان میں پاکستان کا نام نہیں لیا گیا، ایف آئی آر میں پاکستان کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا اور نہ ہی کوئی ثبوت سامنے آیا ہے۔ صرف ٹی وی اینکرز، ریٹائرڈ جرنیل اور مبینہ طور پر ذرائع سے منسوب اطلاعات پاکستان پر الزام تراشی کر رہی ہیں۔یہ الزامات سرکاری سطح پر کیوں نہیں لگائے جا رہے؟ کیونکہ سرکاری طور پر کسی ملک کو ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے ثبوت درکار ہوتے ہیں اور ان کے پاس کوئی ثبوت موجود نہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ ان کے لیفٹیننٹ گورنر کولگام میں موجود تھے، دن دیہاڑے ان کی سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ ہوا اور مقبوضہ کشمیر میں معمولاتِ زندگی بحال ہونے کے بھارتی دعوے بے نقاب ہوگئے۔اپنی سکیورٹی ناکامی تسلیم کرنے کے بجائے بھارت نے الزام تراشی کا راستہ اختیار کیا۔ پاکستان اس منظم اور پہلے سے تیار کردہ پروپیگنڈے کو مسترد کرتا ہے۔