نومبر کی ہلکی ہلکی ٹھنڈ توئی صبح کا وقت تھا۔ گھر کے صحن میں خاموشی پھیلی ہوئی تھی۔ میں پانی کی بالٹی اور ایک چھوٹا سا مگ لیے اپنے پودوں کی طرف چل پڑی۔ کچھ پودے دھوپ کی طرف منہ کیے کھڑے تھے، کچھ کے پتے سستی سے جھکے ہوئے تھے اور ایک گملے میں ننھی سی کلی کھلنے کی تیاری کر رہی تھی۔ میں نے پانی ڈالنا شروع کیا تو اچانک خیال آیا کہ یہ پودے بھی کتنے عجیب ہیں، نہ کبھی شکوہ کرتے ہیں، نہ شکایت، نہ کسی سے توقع رکھتے ہیں۔ بس اپنی ضرورت کے مطابق خاموشی سے جیتے رہتے ہیں۔
ہم انسان بھی کتنے خود غرض ہیں۔ گھر میں پودا لگاتے ہوئے بڑی محبت سے کہتے ہیں کہ یہ بڑا ہو گا تو کتنا خوب صورت لگے گا، اس پر پھول آئیں گے، گھر کی رونق بڑھے گی۔ لیکن چند دن بعد وہی پودا ہماری مصروفیات کی فہرست میں کہیں پیچھے رہ جاتا ہے۔ پانی دینا بھول جاتے ہیں، سوکھے پتے دیکھ کر افسوس کرتے ہیں اور کبھی کبھی تو گملے سمیت ایک طرف رکھ دیتے ہیں۔ شاید ہم نے پودے لگانا تو سیکھ لیا ہے، ان کی دیکھ بھال کرنا ابھی نہیں سیکھا۔
ایک گملے کی مٹی بالکل خشک تھی۔ میں نے اس میں پانی ڈالا تو مٹی نے فوراً اسے جذب کر لیا۔ یوں لگا جیسے کوئی مدت سے پیاسا ہو اور اسے آخرکار پانی مل گیا ہو۔ میں کچھ دیر اسے دیکھتی رہی۔ سوچنے لگی کہ ہمارے اردگرد بھی کتنے لوگ ایسے ہیں جو اندر سے خشک ہو چکے ہیں۔ انہیں دولت نہیں، چند اچھے الفاظ چاہییں۔ انہیں لمبی تقریریں نہیں، کسی کا حال پوچھنے والا ایک مخلص انسان چاہیے۔ مگر ہم اکثر ان کی خاموشی کو ان کی خوش حالی سمجھ بیٹھتے ہیں۔
پودوں کی ایک خوبی مجھے بہت متاثر کرتی ہے۔ انہیں اس بات سے کوئی غرض نہیں ہوتی کہ ان کے برابر والے گملے میں کتنا خوب صورت پھول کھلا ہے۔ نہ وہ دوسرے پودے کی اونچائی سے پریشان ہوتے ہیں، نہ اس کی ہریالی سے حسد کرتے ہیں۔ ہر پودا اپنی رفتار سے بڑھتا ہے۔ کوئی جلدی پھول دے دیتا ہے، کوئی دیر سے۔ کوئی صرف سبز پتے دیتا ہے اور کوئی خوشبو بکھیرتا ہے۔ مگر سب کی اپنی اہمیت ہے۔
کاش انسان بھی یہ معمولی سا سبق سیکھ لے! ہم نے دوسروں کی زندگیوں میں جھانک جھانک کر اپنی خوشیاں کم کر لی ہیں۔ کسی کا گھر اچھا ہے تو ہمیں اپنا گھر چھوٹا لگنے لگتا ہے، کسی کے بچے کامیاب ہیں تو ہمیں اپنی تربیت پر شک ہونے لگتا ہے، کسی کی شہرت بڑھ جائے تو اپنی محنت بے معنی محسوس ہونے لگتی ہے۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ ہر زندگی کا موسم الگ ہوتا ہے۔ ہر گملے میں ایک ہی وقت پر پھول نہیں کھلتے۔
پانی دیتے ہوئے میری نظر ایک ایسے پودے پر پڑی جس کے کئی پتے سوکھ چکے تھے، مگر اس کی ایک شاخ پر دو نئے پتے نکل رہے تھے۔ میں نے سوکھے پتے ہٹائے اور اسے بھی پانی دے دیا۔ دل میں خیال آیا کہ زندگی بھی شاید یہی نام ہے۔ کچھ حصے ختم ہو جاتے ہیں، کچھ خواب مرجھا جاتے ہیں، کچھ خواہشیں وقت کی دھوپ میں جل جاتی ہیں، مگر جب تک امید کی کوئی ایک شاخ باقی ہے، انسان دوبارہ ہرا بھرا ہو سکتا ہے۔
ہم اکثر لوگوں کو ان کی موجودہ حالت سے پہچانتے ہیں، ان کے ماضی کی محنت اور اندر چھپی صلاحیت کو نہیں دیکھتے۔ کسی کو ناکام کہہ دیتے ہیں، کسی کو کمزور، کسی کو بے کار۔ حالانکہ ممکن ہے وہ بھی کسی ایسے موسم سے گزر رہا ہو جہاں اسے صرف تھوڑی سی مہلت اور توجہ درکار ہو۔
ایک بات اور بھی سمجھ آئی کہ پودوں کو ضرورت سے زیادہ پانی دینا بھی نقصان دہ ہے۔ محبت میں بھی شاید یہی اصول ہے۔ ہر وقت کی مداخلت، ہر بات پر نصیحت اور ہر قدم پر نگرانی کسی کو پروان چڑھنے نہیں دیتی۔ محبت کا مطلب کسی کی جڑوں میں پانی ڈالنا ہے، اس کی شاخوں کو اپنی مرضی سے موڑنا نہیں۔
بالٹی میں آخری پانی باقی تھا۔ میں نے اسے ایک ننھے سے پودے میں ڈال دیا۔ پھر خالی بالٹی اٹھائی اور گھر کے اندر آ گئی۔ لیکن ذہن میں ایک سوال مسلسل گردش کر رہا تھا:
ہم اپنے گھر کے پودوں کو مرجھاتے دیکھ کر فوراً پانی لے آتے ہیں، مگر اپنے رشتوں کو مرجھاتے دیکھ کر اتنی جلدی کیوں نہیں جاگتے؟
ہمیں گملوں کی مٹی تو خشک نظر آ جاتی ہے، مگر کسی کے دل کی ویرانی دکھائی کیوں نہیں دیتی؟
امی کہتی تھیں… بیٹی !! پھول صرف باغیچوں میں نہیں کھلتے، کچھ پھول اچھے رویّوں سے رشتوں میں بھی کھلتے ہیں۔ بس فرق اتنا ہوتا ہے کہ پودوں کو پانی دینا پڑتا ہے اور انسانوں کو احساس۔
مزید پڑھیں






