Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جی سی یو اور لمز محققین نے پاکستان کی پہلی 'سسٹین ایبل کیمسٹری لیب' کے لیے برطانوی گرانٹ حاصل کرلی


گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور لمز کے محققین نے پاکستان کی پہلی ’سسٹین ایبل کیمسٹری لیبارٹری‘ کے قیام کے لیے برطانیہ کی معروف رائل سوسائٹی آف کیمسٹری سے 10 ہزار پاؤنڈز کی گرانٹ حاصل کرلی ہے۔

یہ منصوبہ رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کی 2026 کی گرانٹس کے لیے دنیا بھر سے منتخب کیے گئے صرف 23 منصوبوں میں شامل ہے، جو پاکستانی سائنس دانوں کے لیے ایک اہم عالمی اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

منصوبے کی قیادت انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل سائنسز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف اور لمز کے پی ایچ ڈی ریسرچر و اولڈ راوین حسن یعقوب کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد الطاف کے مطابق یہ ماڈل لیبارٹری گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں قائم کی جائے گی، جس کا بنیادی مقصد روایتی لیبارٹریوں سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا ہے۔

لیبارٹری میں جدید مائیکرو ڈسٹلیشن نظام کے ذریعے استعمال شدہ سالوینٹس اور کیمیکلز کو ضائع کرنے کے بجائے صاف کرکے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا، جبکہ طلبہ اور لیب اسٹاف کو ماحول دوست اور محفوظ سائنسی تحقیق کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔