Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پٹرولیم قیمتوں میں ریلیف، حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اہم ملاقات

jamate-islami-n-league1788792213-0-600×450


اسلام آباد: جماعت اسلامی کے وفد نے لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفاقی وزراء علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، جس میں پٹرولیم سیکٹر کی صورتحال، ایندھن کی دستیابی اور حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فیول ریلیف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے جماعت اسلامی کے وفد کو پٹرولیم سیکٹر اور ملک میں ایندھن کی فراہمی سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ بحران کے دوران ملک بھر میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی اور صارفین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ایندھن کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے جامع اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے وفد کو سات روزہ رولنگ ایوریج کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ نظام کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں، چنگچی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی مستحق طبقات تک حکومتی ریلیف پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ جماعت اسلامی کے وفد نے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیول ریلیف اقدامات کا خیرمقدم کیا، تاہم لیاقت بلوچ نے پٹرولیم لیوی میں کمی سمیت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے مستقل حل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات کی مقامی پیداوار بڑھانے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے بتایا کہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے یورو فائیو معیار کے ایندھن کی پیداوار اور پٹرول و ڈیزل کی مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے نتیجے میں درآمدی ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے اور انہیں ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ٹیکس بیس بڑھانے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی نظام میں بہتری اور حکومتی وسائل میں اضافے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزراء نے جماعت اسلامی کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وفد کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات اور تجاویز وزیراعظم تک پہنچائی جائیں گی اور انہیں متعلقہ فورم پر زیر غور لایا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت پر عوام کا دباؤ بالکل واضح ہے اور اب یہ وزیراعظم پر منحصر ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں کون سا راستہ اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کے خواہاں ہیں اور حکومت کو اس حوالے سے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں تبدیلی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔