آج کل کی نوجوان لڑکیوں میں حجاب کے حوالے سے ایک عجیب رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بظاہر تو وہ حجاب کی پابند دکھائی دیتی ہیں، سر پر حجاب کی ٹوپی اور اس کے اوپر خوب صورت اسکارف بھی پہنا ہوتا ہے، لیکن جب ان کے لباس پر نظر پڑتی ہے تو سینہ کھلا ہوتا ہے۔ گویا حجاب کے نام پر سر ڈھانپنے کی رسم تو پوری کر لی گئی، مگر اس کے بنیادی تقاضے کو نظرانداز کر دیا گیا۔
یہی صورت حال بعض ایسی خواتین میں بھی دکھائی دیتی ہے جو باقاعدہ نقاب کرتی ہیں۔ ان کا چہرہ اس طرح ڈھکا ہوتا ہے کہ صرف آنکھیں نظر آتی ہیں، لیکن نقاب یا اسکارف کا سائز اتنا مختصر ہوتا ہے کہ سینے کو ڈھانپنے میں ناکام رہتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اسلام میں حجاب کا مقصد صرف سر اور چہرے کو چھپانا ہے؟ کیا سر پر اسکارف رکھ لینا ہی پردے کی تکمیل ہے؟ یقیناً ایسا نہیں ہے۔
قرآنِ کریم نے خواتین کے پردے کے حوالے سے واضح رہنمائی فرمائی ہے۔ سورۃ النور کی آیت نمبر 31 میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:
ترجمہ: "اور اپنی اوڑھنیاں اپنے سینوں پر ڈالے رکھیں۔"
اس آیت میں خواتین کو واضح طور پر حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی اوڑھنیوں کو اپنے گریبانوں اور سینوں پر ڈالیں۔ یعنی صرف سر ڈھانپ لینا کافی نہیں بلکہ سینے اور جسم کی زینت کو بھی چھپانا پردے کے تقاضوں میں شامل ہے۔ افسوس کہ ہم نے حجاب کو ایک مخصوص لباس اور فیشن تک محدود کر دیا ہے، جبکہ قرآنِ کریم ہمیں اس کی اصل روح اور مقصد سمجھاتا ہے۔
اسی سورۃ النور کی آیت نمبر 31 میں اللہ تعالیٰ نے خواتین کو اپنی زینت ظاہر نہ کرنے کی ہدایت بھی فرمائی ہے، سوائے اس کے جو خود ظاہر ہو جائے۔ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ پردہ صرف کپڑے کا نام نہیں بلکہ اپنی زینت کی حفاظت اور حیا کے دائرے میں رہنے کا نام بھی ہے۔
اسی طرح سورۃ الاحزاب کی آیت نمبر 59 میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
ترجمہ: "وہ اپنی چادریں اپنے اوپر لٹکا لیا کریں۔"
یہ حکم بھی اس بات کی طرف رہنمائی کرتا ہے کہ خواتین اپنے لباس میں ستر اور پردے کا اہتمام کریں۔ حجاب ایسا ہونا چاہیے جو جسم کو مناسب طور پر ڈھانپے، نہ کہ صرف ظاہری طور پر حجاب کا تاثر دے۔
یہاں ایک اور اہم بات قابلِ غور ہے کہ اسلام نے حیا اور پردے کا حکم صرف خواتین کے لیے مخصوص نہیں رکھا بلکہ مردوں کو بھی نگاہیں نیچی رکھنے کا حکم دیا ہے۔ سورۃ النور کی آیت نمبر 30 میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
ترجمہ: "مومن مردوں سے کہہ دیجیے کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں۔"
اس کے اگلی آیت میں خواتین کو بھی یہی ہدایت دی گئی ہے۔ گویا اسلام نے معاشرے میں پاکیزگی اور حیا قائم رکھنے کے لیے مرد و عورت دونوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا ہے۔ اس لیے پردے کے معاملے میں صرف خواتین کو تنقید کا نشانہ بنانا بھی درست رویہ نہیں۔
ایک اور افسوس ناک رجحان عبایا کے حوالے سے دیکھنے میں آ رہا ہے۔ عبایا جس کا بنیادی مقصد جسم کو ڈھانپنا اور زینت کو چھپانا ہے، اسے بھی فیشن کی ایک نئی شکل دے دی گئی ہے۔ بھاری کڑھائی، چمکتے ہوئے اسٹونز، نمایاں ڈیزائن اور نت نئے انداز کے ذریعے عبایوں کو اس قدر آراستہ کیا جاتا ہے کہ بعض اوقات وہ خود توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔ ایسے میں سوچنے کی ضرورت ہے کہ اگر لباس ہی لوگوں کی نگاہوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا ذریعہ بن جائے تو پھر اس کے بنیادی مقصد پر سوال اٹھنا فطری ہے۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
ترجمہ: "حیا ایمان کی ایک شاخ ہے۔" (صحیح بخاری، صحیح مسلم)
یہ حدیث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حیا محض لباس تک محدود نہیں بلکہ یہ ایمان کا حصہ ہے۔ ہمارے لباس، گفتگو، انداز، رویے اور طرزِ زندگی میں حیا کی جھلک نظر آنی چاہیے۔
حج اور عمرے کے دوران خواتین کے احرام کے احکام بھی اس سلسلے میں ایک قابلِ غور پہلو ہیں۔ احادیث میں محرم عورت کو نقاب اور دستانے پہننے سے منع کیا گیا ہے۔ اس سے یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ شرعی پردے کے احکام کو صرف چہرہ چھپانے کے تصور تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ حجاب کے دیگر تقاضے بھی اپنی جگہ اہم ہیں۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہماری نوجوان لڑکیاں حجاب کو محض ایک فیشن ٹرینڈ یا معاشرتی شناخت سمجھ کر اختیار نہ کریں بلکہ اس کے حقیقی مقصد کو سمجھیں۔ حجاب اختیار کرنا یقیناً ایک قابلِ قدر قدم ہے، لیکن اس کے ساتھ ضروری ہے کہ ہم اس کی روح اور تقاضوں کو بھی سمجھنے کی کوشش کریں۔
ہمیں کسی کے لباس پر فیصلہ صادر کرنے یا کسی کی نیت پر سوال اٹھانے کے بجائے خود احتسابی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ جو لڑکیاں حجاب کی طرف قدم بڑھا رہی ہیں، ان کی حوصلہ افزائی بھی ہونی چاہیے اور انہیں محبت و حکمت کے ساتھ اس کے مکمل تقاضوں سے آگاہ بھی کرنا چاہیے۔
حجاب کوئی ایسا فیشن نہیں جسے اپنی پسند اور سہولت کے مطابق ڈھال لیا جائے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا حکم اور ایک مسلمان عورت کی ذمہ داری ہے۔ اس کا مقصد صرف خوب صورت اسکارف پہننا یا چہرہ چھپانا نہیں بلکہ اپنی زینت کی حفاظت، حیا کا فروغ اور اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ حجاب کی خوب صورتی اس کی آرائش میں نہیں بلکہ اس کی پابندی اور اس کے حقیقی مقصد کو اپنانے میں ہے۔
مزید پڑھیں



