اردو ادب: عروج سے زوال تک، تحریر: سید آزاد گیلانی
نقطہ نظر
مجھے اردو زبان سے محبت ہے، محض اس لیے نہیں کہ یہ میری مادری و قومی زبان ہے، بلکہ اس لیے بھی کہ اس کے دامن میں تہذیب کی لطافت، احساس کی نزاکت، فکر کی وسعت اور اظہار کی ایسی دل کشی سمٹی ہوئی ہے جو انسانی جذبات کو لفظوں کا پیرہن عطا کرنے کا ہنر رکھتی ہے۔ یہ زبان میرے لیے محض ابلاغ کا وسیلہ نہیں، ایک تہذیبی ورثہ، فکری اثاثہ اور جذباتی وابستگی کا نام ہے۔ شاید اسی لیے جب اپنے اس محبوب کی موجودہ حالت دیکھتا ہوں تو خاموش رہنا دشوار ہو جاتا ہے۔ آج قلم اٹھانے کا محرک بھی یہی اضطراب ہے کہ جس زبان نے صدیوں کی فکری و تہذیبی میراث اپنے اندر سمو رکھی ہے، اس کے ادب کی موجودہ سمت آخر کیا ہے؟
میرے نزدیک ہر قلم کار قابل احترام ہے۔ کسی شخص کا قلم اٹھانا، اپنے احساسات کو لفظوں میں ڈھالنا اور اظہار کی کوشش کرنا یقیناً قابل تحسین عمل ہے، لیکن یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنا ضروری ہے: محض کچھ لکھ لینا اردو ادب تخلیق کرنے کے مترادف نہیں۔ ادب محض الفاظ کی ترتیب، قافیوں کی نشست، مشکل تراکیب کے استعمال یا جذبات کے اظہار کا نام نہیں؛ اس کے لیے زبان کا شعور، مطالعے کی وسعت، فکری بالیدگی، اسلوب کی پختگی اور فن کی بنیادی نزاکتوں سے آگاہی بھی درکار ہوتی ہے۔
ہمیں پہلے یہ سمجھنا ہوگا کہ اردو کیا ہے، اس کا تہذیبی و لسانی پس منظر کیا ہے، اس کا ادبی سفر کن مراحل سے گزرا ہے اور پھر یہ سوال اٹھانا ہوگا کہ آج اردو ادب کہاں کھڑا ہے؟ کیا ہم واقعی ایک ادبی زوال سے دوچار ہیں یا محض ادبی سرگرمیوں کی کثرت کو تخلیقی ارتقا سمجھ بیٹھے ہیں؟ کیا کتابوں کی اشاعت، ادبی تقریبات، مشاعروں اور سوشل میڈیا پر تحریروں کی بھرمار ہی کسی زبان کے ادبی عروج کی دلیل ہے؟ یہ سوالات محض جذباتی نہیں، سنجیدہ ادبی محاسبے کے متقاضی ہیں۔
اگرچہ اردو زبان کے بارے میں عام طور پر یہی کہا جاتا ہے کہ اردو ترکی زبان کا لفظ ہے جس معنی لشکر کے ہیں، اسی وجہ سے اسے لشکری زبان بھی کہا جاتا ہے، یہ بنیادی طور پر فارسی، ہندی، ترکی اور سنسکرت زبان سے مل کر بنی ہوئی زبان ہے، مگر صرف اتنی معلومات پر اکتفا کرنا درست نہیں، اردو زبان کی تاریخ کسی ایک فرمان، کسی ایک سلطنت یا کسی ایک عہد کی مرہون منت نہیں۔ یہ برصغیر کے مختلف لسانی، تہذیبی اور معاشرتی میل جول کے طویل عمل سے وجود میں آنے والی زبان ہے۔ اس کی تشکیل کے ابتدائی نقوش شمالی ہند کی مقامی بولیوں، بالخصوص کھڑی بولی اور اس کے گرد و نواح کے لسانی ماحول میں ملتے ہیں، جن پر وقت کے ساتھ فارسی، عربی اور ترکی زبانوں کے اثرات مرتب ہوئے۔ اگرچہ اس کے ارتقائی سفر کی ابتدا اور مختلف مراحل کے تعین پر محققین کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے، تاہم اس امر میں شبہ نہیں کہ اردو نے مختلف تہذیبوں اور زبانوں کے اشتراک سے اپنی منفرد شناخت قائم کی۔
یہاں ایک عام تصور کی اصلاح بھی ضروری ہے۔ اردو کو محض لشکری زبان قرار دینا اس کی لسانی تاریخ کو حد سے زیادہ محدود کر دینا ہے۔ لشکری ماحول اور مختلف قومیتوں کے اختلاط نے اس کے فروغ میں اپنا حصہ ضرور ڈالا، مگر اس کی تشکیل میں صوفیائے کرام، مقامی آبادیوں، شعرا، اہل علم اور معاشرتی میل جول کا کردار بھی نہایت اہم تھا۔
حضرت بابا فرید الدین گنج شکر، امیر خسرو اور خواجہ بندہ نواز گیسو دراز جیسے بزرگوں کی عوامی زبان سے وابستگی نے مقامی لسانی اظہار کو وسعت دی۔ امیر خسرو کی ہندوی تخلیقات اس ابتدائی لسانی امتزاج کی اہم مثال ہیں۔ بعد ازاں دکن میں اردو کو ادبی اظہار اور شاہی سرپرستی کے ایسے مواقع میسر آئے جنہوں نے اس کے ارتقا کو نئی جہت عطا کی۔
چودھویں صدی میں دکن پہنچنے والی شمالی ہند کی لسانی روایت نے وہاں کے مقامی لسانی اثرات کے ساتھ مل کر ایک الگ ادبی فضا پیدا کی۔ قطب شاہی اور عادل شاہی ادوار میں اردو شاعری کو نمایاں سرپرستی حاصل ہوئی۔ محمد قلی قطب شاہ کو اردو کا اولین صاحب دیوان شاعر تسلیم کیا جاتا ہے، جن کے کلام میں مقامی زندگی، موسموں، تہواروں اور معاشرتی رنگوں کی جھلک نمایاں ہے۔
ابتدائی زمانے میں اس زبان کے لیے ہندوی، دہلوی، دکنی اور ریختہ جیسی اصطلاحات بھی رائج رہیں۔ ریختہ نے بالخصوص شعری اظہار میں اہم مقام حاصل کیا۔ خواتین کی بول چال، گھریلو محاوروں اور تہذیبی اظہار نے بھی اردو کے ذخیرہ الفاظ اور محاوراتی وسعت میں حصہ لیا۔ ریختی جیسی صنف اسی معاشرتی و لسانی فضا کی ایک دلچسپ مثال ہے۔
یوں اردو کسی ایک طبقے، علاقے یا عہد کی پیداوار نہیں، بلکہ مختلف تہذیبوں کے اشتراک سے پروان چڑھنے والی ایک زندہ زبان ہے۔
جو کہ آہستہ آہستہ ترقی کا سفر کرتی ہوئی اٹھارویں صدی میں داخل ہوئی۔ یہاں سے اردو ادب کا عروج شروع ہوا، جب لفظ فکر بن گئے۔ تاریخ میں اٹھارویں اور انیسویں صدی کلاسیکی شاعری کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔ اس دور میں میر تقی میر نے انسانی احساسات، داخلی کرب اور زندگی کی شکست و ریخت کو ایسی شعری زبان عطا کی جو آج بھی دلوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ مرزا غالب نے فلسفیانہ تفکر، ندرت خیال اور معنی آفرینی کے ذریعے غزل کے امکانات کو وسعت دی۔ مومن خان مومن اور مرزا محمد رفیع سودا نے بھی اپنی اپنی انفرادیت سے اردو شاعری کے سرمائے کو مالا مال کیا۔
دوسری طرف میر انیس اور مرزا دبیر نے مرثیہ نگاری کو فنی عظمت اور بیانیہ وسعت کی ایسی بلندیوں تک پہنچایا کہ اردو ادب کا یہ باب اپنی الگ شناخت رکھتا ہے۔
پھر 1857ء کے بعد اردو ادب ایک نئے فکری دور میں داخل ہوا۔ سر سید احمد خان کی تحریک نے نثر کو مقصدیت، استدلال اور اصلاح معاشرہ سے وابستہ کیا۔ حالی اور شبلی نے تنقید، سوانح اور ادبی شعور کو نئی جہتیں دیں۔ ڈپٹی نذیر احمد نے ناول نگاری کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔
بیسویں صدی میں ترقی پسند تحریک نے ادب کو سماجی ناانصافی، طبقاتی تفاوت، انسانی استحصال اور سیاسی شعور سے جوڑا۔ پریم چند، سعادت حسن منٹو، عصمت چغتائی، فیض احمد فیض اور ساحر لدھیانوی جیسے نام اس عہد کی فکری و تخلیقی وسعت کے نمائندہ ہیں۔ دوسری جانب حلقہ ارباب ذوق نے جدید نظم، داخلی تجربے اور علامتی اظہار کے نئے امکانات متعارف کروائے۔ ن۔ م۔ راشد اور میرا جی نے نظم کے اسلوب اور فکری ساخت میں قابل ذکر تبدیلیاں پیدا کیں۔
یہ وہ عہد تھا جب اردو ادب محض تفریح یا جذباتی اظہار تک محدود نہیں تھا، بلکہ معاشرے کے ضمیر سے مکالمہ کرتا تھا۔ ادیب اپنے عہد کی نبض پر ہاتھ رکھتا تھا اور اس کا قلم محض داد وصول کرنے کے لیے نہیں، سوال اٹھانے اور سوچ کے نئے دریچے کھولنے کے لیے حرکت میں آتا تھا۔ اتنے تخلیقی ذہنوں سے گزر کر، کاغذ پر تاریخی نقوش ثبت کرتے ہوئے یہ زبان و ادب آج پاکستان میں کس حال اور کس مقام پر ہیں؟ یہی آج کا سوال اور مقدمہ ہے۔
یہ جانتے ہوئے بھی کہ بلاشبہ پاکستان میں اردو ادب زوال کی طرف جا رہا ہے، پھر بھی میں ضرور کہوں گا کہ ادب مکمل طور پر معدوم نہیں ہوا۔ آج بھی سنجیدہ لکھنے والے، محققین، شعرا، افسانہ نگار اور ناقدین موجود ہیں، معیاری کتابیں شائع ہو رہی ہیں اور مختلف ادبی حلقوں میں قابل قدر کام بھی سامنے آ رہا ہے۔ تاہم انفرادی تخلیقی کاوشوں کی موجودگی اس مجموعی بحران کی نفی نہیں کرتی جس کا سامنا اردو ادب کو ہے۔
میری نظر میں اس صورت حال کا ایک بڑا سبب ادبی معیار اور ادبی اہلیت کے درمیان بڑھتا ہوا فاصلہ ہے۔ ادبی اداروں اور بعض حلقوں میں تعلقات، گروہ بندی، ذاتی پسند و ناپسند اور سفارش کو غیر معمولی اہمیت دی جانے لگی ہے۔ بعض اوقات کسی قلم کار کی پذیرائی اس کی تخلیقی صلاحیت کے بجائے اس کے حلقہ احباب، سماجی اثر و رسوخ اور تشہیری سرگرمیوں سے متعین ہونے لگتی ہے۔ نتیجتاً حقیقی صلاحیت رکھنے والے لوگ پس منظر میں چلے جاتے ہیں اور مصنوعی شہرت کو ادبی مقام سمجھ لیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ مطالعے سے دوری بھی ایک مسئلہ ہے۔ ہم لکھنے کی خواہش تو رکھتے ہیں، مگر پڑھنے کی زحمت کم اٹھاتے ہیں۔ کلاسیکی ادب سے واقفیت، جدید ادبی رجحانات کا مطالعہ، زبان کی تاریخ سے آگاہی اور عالمی ادب سے شناسائی کسی بھی سنجیدہ قلم کار کے لیے بنیادی ضرورت ہیں۔ جو شخص اپنے سے پہلے لکھے گئے ادب کو نہیں پڑھتا، وہ اپنی تخلیقی حدود کا اندازہ بھی نہیں کر سکتا۔ مطالعہ محض معلومات جمع کرنے کا نام نہیں، یہ ذوق کی تربیت اور فکر کی تہذیب کا عمل ہے۔
تیسرا مسئلہ غیر معیاری اشاعت اور تنقیدی شعور کی کمزوری ہے۔ ماضی میں ادبی رسائل اور معتبر مدیران کسی تخلیق کو شائع کرنے سے پہلے اس کے فنی اور ادبی معیار کو اہمیت دیتے تھے۔ آج نجی اشاعت کے متعدد ایسے راستے موجود ہیں جہاں مالی استطاعت رکھنے والا شخص اپنی کتاب شائع کر سکتا ہے۔ کتاب چھپوانا یقیناً کسی کا حق ہے، لیکن کتاب کی اشاعت کو ادبی استناد سمجھ لینا درست نہیں۔ ناشر کا کام کتاب چھاپنا ہے، اسے ادبی شہرت کا سرٹیفکیٹ دینا نہیں۔
اس سے بھی زیادہ تشویش ناک صورت حال تنقید کے میدان میں ہے۔ بے لاگ، علمی اور غیر جانب دار تنقید کی جگہ باہمی تعریف و توصیف نے لے لی ہے۔ ایک شخص دوسرے کی کتاب کی تعریف کرتا ہے اور دوسرا اس کے مجموعے پر تحسینی کلمات لکھ دیتا ہے۔ یوں تنقید، جو ادب کی تطہیر اور اصلاح کا بنیادی ذریعہ تھی، اکثر تعلقات کی پاس داری میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ ادب کو تعریف سے زیادہ دیانت دارانہ تنقید کی ضرورت ہوتی ہے۔
لکھنے والو! کبھی بھی لکھنا مت چھوڑو، مگر اس کے ساتھ مطالعہ لازمی کرو اور تنقید کو بے عزتی نہیں بلکہ اصلاح کا موقع تصور کرو۔ ناقد کو بھی تنقید برائے تنقید کے بجائے تنقید برائے اصلاح کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ تنقید کرنے والا اصلاح اسی صورت میں کر پائے گا جب وہ خود بھی فن اور موضوع سے واقف ہوگا۔
تعلیمی نظام میں اردو کی غیر مؤثر تدریس بھی اردو ادب کے زوال کی ایک کڑی ہے۔ ہمارے ہاں انگریزی کو اکثر ذہانت، ترقی اور سماجی برتری کی علامت سمجھا جاتا ہے، جب کہ اردو کو محض ایک لازمی مضمون کی حیثیت دے دی گئی ہے۔
(بول ودیشی بولی، اپنی بولی بھلنی نئیں چاہیدی)
اس اردو کے بارے میں داغ دہلوی نے لکھا تھا:
اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغ
ہندوستاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے۔
جس زبان کی دھوم ہندوستان میں تھی، آج یہاں اس کا وجود خطرے میں ہے۔ ہم طلبہ کو زبان کے حسن، ادبی تاریخ، تخلیقی اظہار اور مطالعے کی لذت سے روشناس کرانے کے بجائے امتحانی تیاری تک محدود رکھتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ نئی نسل کے ایک بڑے حصے کا معیاری اردو ادب سے رشتہ کمزور پڑ رہا ہے۔
یہاں ڈیجیٹل دنیا کے اثرات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ سوشل میڈیا نے اظہار کے مواقع تو بڑھائے ہیں، مگر اسی کے ساتھ فوری شہرت، مختصر توجہ اور سطحی تحریر کے رجحان کو بھی تقویت دی ہے۔ چند سطروں کی مقبولیت کو ادبی معیار اور ہزاروں پسندیدگیوں کو تخلیقی عظمت سمجھنے کا چلن ادب کے لیے نقصان دہ ہے۔ سوشل میڈیا کا استعمال کرنا منع نہیں، لیکن ہمیں اس کی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
اب جائزہ لیتے ہیں کہ پاکستان میں اردو ادب کے احیا کے لیے ہمیں کیا کچھ کرنا ہوگا؟
اگر ہم واقعی اردو ادب کو دوبارہ ایک معتبر اور توانا مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں تو محض زوال کا ماتم کافی نہیں ہوگا۔ اس کے لیے عملی اصلاحات اور اجتماعی سنجیدگی درکار ہے۔
سب سے پہلے ادبی اداروں کی تطہیر اور خود مختاری ضروری ہے۔ اکادمی ادبیات پاکستان، مجلس ترقی ادب اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں تقرریاں سیاسی وابستگی، ذاتی تعلقات یا گروہی اثر و رسوخ کے بجائے علمی قابلیت، تحقیقی خدمات اور ادبی اہلیت کی بنیاد پر ہونی چاہییں۔ ان اداروں کو حقیقی معنوں میں ادب کی خدمت کا مرکز بنایا جائے۔
دوسرا قدم ادبی تنقید کی بحالی ہے۔ ادبی رسائل، جرائد اور ناشرین کو ایسے مدیران اور ناقدین کی خدمات حاصل کرنی چاہییں جو تخلیقات کو نام، تعلق اور شہرت کے بجائے ان کے فنی و ادبی معیار پر پرکھیں۔ کسی تخلیق میں خامی کی نشان دہی قلم کار کی توہین نہیں، بلکہ اس کی اصلاح کا ذریعہ ہے۔ ہمیں تعریف کے ساتھ اختلاف برداشت کرنے کا حوصلہ بھی پیدا کرنا ہوگا۔
تیسرا اہم اقدام نصاب کی تجدید ہے۔ اسکولوں اور کالجوں میں اردو کی تدریس کو محض قواعد اور امتحانی سوالات تک محدود نہ رکھا جائے۔ طلبہ کو میر، غالب، اقبال اور فیض کے ساتھ جدید افسانہ، معاصر نظم، عالمی ادب کے تراجم اور تخلیقی تحریر سے بھی روشناس کرایا جائے۔ مطالعے کو ایک بوجھ نہیں بلکہ فکری مسرت کا ذریعہ بنایا جائے۔
چوتھا راستہ ڈیجیٹل ذرائع کا بامقصد استعمال ہے۔ اگر نئی نسل اسکرین پر وقت گزارتی ہے تو معیاری ادب کو بھی اسی دنیا میں مؤثر انداز سے پیش کرنا ہوگا۔ ادبی پوڈکاسٹس، آڈیو بکس، مستند ڈیجیٹل کتب خانے، ادبی مکالمے اور مختصر مگر معیاری ویڈیوز کے ذریعے اردو ادب کو نئی نسل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی کو ادب کا حریف سمجھنے کے بجائے اس کا معاون بنانا ہوگا۔
پانچواں قدم عالمی ادب سے تبادلہ خیال ہے۔ دنیا کی اہم زبانوں کے معیاری ناول، افسانے، شاعری اور تنقیدی تحریریں اردو میں منتقل کی جائیں اور اردو کے منتخب شاہکاروں کے مستند تراجم انگریزی سمیت دیگر زبانوں میں شائع کیے جائیں۔ زبانیں تنہائی میں ترقی نہیں کرتیں، ان کا ارتقا مکالمے، تبادلے اور نئے فکری تجربات سے وابستہ ہوتا ہے۔
اور سب سے بڑھ کر ہمیں خود احتسابی کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ ہر لکھنے والے کو یہ سوال اپنے آپ سے کرنا چاہیے کہ وہ کیوں لکھ رہا ہے، کیا لکھ رہا ہے اور اس کی تحریر اردو زبان و ادب کے ذخیرے میں کیا اضافہ کر رہی ہے؟ کیا وہ اپنے مطالعے میں وسعت پیدا کر رہا ہے؟ کیا وہ اپنی زبان کی نزاکتوں اور فن کی بنیادی ضرورتوں سے واقف ہے؟ یہ سوال کسی کی حوصلہ شکنی کے لیے نہیں، بلکہ ادبی ذمہ داری کا احساس بیدار کرنے کے لیے ہیں۔
اردو ادب کا مستقبل کسی ایک ادارے، کسی ایک تحریک یا چند نامور قلم کاروں کے ہاتھ میں نہیں۔ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ زبان کو زندہ رکھنے کے لیے بولنا کافی نہیں، اسے پڑھنا، سمجھنا، برتنا، سنوارنا اور اس کے معیار کی حفاظت کرنا بھی ضروری ہے۔
ہمیں یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ ہر شائع ہونے والی تحریر ادب نہیں، ہر مقبول شاعر بڑا شاعر نہیں اور ہر ادبی تقریب ادب کی خدمت نہیں ہوتی۔ ادب کی عظمت کا پیمانہ تعلقات، تعداد، شہرت اور داد نہیں، بلکہ تخلیق کی فکری گہرائی، فنی پختگی اور انسانی زندگی پر اس کے اثرات ہیں۔
مجھے اردو سے محبت ہے، اسی لیے اس کے موجودہ حالات پر سوال اٹھانا بھی اپنا حق اور ادبی فریضہ سمجھتا ہوں۔ محبت کا تقاضا یہ نہیں کہ محبوب کی ہر خامی پر خاموشی اختیار کر لی جائے؛ حقیقی محبت تو اس کے حسن کی حفاظت اور اس کی خامیوں کی اصلاح کا نام ہے۔
ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم اردو ادب کی محض تقریبات سجانا چاہتے ہیں یا اس کے فکری چراغ بھی روشن رکھنا چاہتے ہیں؟ کیا ہم ایسے اہل قلم بھی پیدا کرنا چاہتے ہیں جن کی تحریریں آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا سامان بن سکیں؟
کیونکہ زبانیں محض بولنے والوں کی کثرت سے زندہ نہیں رہتیں، انہیں اہل فکر، اہل نظر اور اہل قلم کی دیانت، محنت اور علمی بصیرت زندہ رکھتی ہے۔ اردو کو ہمارے تعریفی جملوں سے زیادہ ہمارے سنجیدہ مطالعے، معیاری تخلیق اور بے لاگ ادبی احتساب کی ضرورت ہے۔
ورنہ بقول منور رانا صاحب ہم اور ہمارے بچے بدنصیبوں میں ہوں گے۔۔۔
مرے بچوں میں ساری عادتیں موجود ہیں میری
تو پھر ان بد نصیبوں کو نہ کیوں اردو زباں آئی
مزید پڑھیں


