ہفتہ، 21 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میں ایک پرانا باغ ہوں، تحریر: ماہ نور کنول

نقطہ نظر

لوگ اکثر مجھ سے کہتے ہیں: "تم عجیب ہو!"

کبھی ہنس کر کہتے ہیں، کبھی حیرت سے اور کبھی شکایت کے انداز میں۔ کہتے ہیں، "تم سے پنڈی کا راستہ پوچھو تو تم لاہور پہنچ جاتی ہو، لاہور پوچھو تو دبئی کی طرف نکل جاتی ہو۔"

پہلے مجھے لگتا تھا شاید واقعی مجھ میں کوئی خرابی ہے۔ میں دوسروں جیسی کیوں نہیں؟ میں ایک بات پر ٹھہر کیوں نہیں سکتی؟ ایک خیال کو مکمل کیے بغیر دوسرا خیال میرا ہاتھ کیوں پکڑ لیتا ہے؟ پھر ایک دن میں نے اپنے ہی اندر جھانکا تو محسوس ہوا کہ مسئلہ راستہ بھولنے کا نہیں، راستے زیادہ دیکھنے کا ہے۔ شاید میں سیدھی سڑک نہیں، میں ایک پرانا باغ ہوں۔ ایک ایسا باغ جہاں ایک پگڈنڈی دوسری سے جا ملتی ہے، ایک درخت کے نیچے بیٹھو تو بچپن یاد آ جاتا ہے، دوسرے کے پاس جاؤ تو کوئی شعر ذہن میں اتر آتا ہے، تیسرے کے سائے میں کوئی ادھورا خواب بیٹھا ملتا ہے۔ شاید اسی لیے میری گفتگو بھی باغ کی طرح ہے، سڑک کی طرح نہیں۔

؎ ہر اک خیال نے اک اور راہ کھول دی میں ایک موڑ پہ رکی، کارواں بدلتا گیا

میں نے اپنی اس عادت سے بہت لڑنے کی کوشش کی۔ سوچا کہ اب صرف ایک بات سوچوں گی، ایک ہی موضوع پر رہوں گی مگر میرا دماغ جیسے میری بات سنتا ہی نہیں۔

میں ایک کالم لکھنے بیٹھتی ہوں۔ دو پیراگراف لکھتی ہوں کہ اچانک کوئی دوسرا خیال دروازہ کھٹکھٹاتا ہے۔ میں اسے نظر انداز کرنے کی کوشش کرتی ہوں مگر وہ ضدی بچے کی طرح سامنے آ کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ آخرکار میں پہلا کالم چھوڑ دیتی ہوں اور دوسرا شروع کر دیتی ہوں۔ پھر تیسرے کی باری آ جاتی ہے۔ یوں میری میز پر ادھورے کالموں کی ایک دنیا آباد ہو جاتی ہے۔

کبھی کبھی خود پر ہنسی بھی آتی ہے۔ میں سوچتی ہوں، آخر یہ دماغ ہے یا کوئی ایسی لائبریری جہاں ہر کتاب ایک ساتھ کھل جاتی ہے؟

سب سے عجیب لمحہ وہ ہوتا ہے جب الفاظ بارش کی طرح برسنے لگتے ہیں۔

واقعی بارش کی طرح۔

ایک کے بعد ایک۔ اتنی تیزی سے کہ میں انھیں پکڑ بھی نہیں پاتی۔

میں جلدی جلدی انھیں محفوظ کرنے کی کوشش کرتی ہوں مگر چند لمحوں بعد وہ ایسے غائب ہو جاتے ہیں جیسے کبھی آئے ہی نہ تھے۔ تب میں خود سے کہتی ہوں:

"دیکھا؟ پھر بھول گئی!"

اور پھر خود ہی ہنسنے لگتی ہوں۔

؎ لفظ آئے تھے پرندوں کی طرح شاخوں پہ میں نے ہاتھوں کو بڑھایا تو ہوا ہو گئے

شاید اسی لیے لوگ میری تحریریں پڑھ کر مجھے بہت سنجیدہ سمجھتے ہیں مگر مجھ سے بات کرتے ہیں تو حیران رہ جاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں:

"تم تو لفظوں میں کچھ اور ہو، حقیقت میں کچھ اور۔" میں مسکرا کر کہتی ہوں: "ہو سکتا ہے۔"

کیوں کہ میری تحریریں میرے اندر کے سکون سے نکلتی ہیں اور میری گفتگو میرے اندر کی بھاگتی ہوئی سوچوں سے۔ دونوں میں فرق ہونا شاید فطری ہے۔ میں نے ہمیشہ محسوس کیا ہے کہ ہر انسان ایک جیسا نہیں سوچتا۔ کچھ لوگوں کا ذہن سیدھی سڑک ہوتا ہے۔ سوال ملا، جواب دیا، بات ختم اور کچھ لوگ وہ باغ ہوتے ہیں۔ وہ ایک سوال سے کئی سوال پیدا کر لیتے ہیں۔ ایک یاد سے کئی یادیں۔ ایک لفظ سے کئی تحریریں شاید میں انھی لوگوں میں سے ہوں۔

میں راستہ نہیں بھولتی، میں راستے کے کنارے کھلے ہر پھول کو بھی دیکھتی ہوں۔ ہر درخت سے بات کرتی ہوں۔ ہر ہوا کی خوشبو محسوس کرتی ہوں۔ پھر جب منزل پر پہنچتی ہوں تو لوگ کہتے ہیں: "بات کہاں سے کہاں لے گئیں!" اور میں سوچتی ہوں "میں تو ابھی بھی اسی بات میں ہوں، بس تم نے راستے کے مناظر نہیں دیکھے۔"

؎ منزل سے زیادہ دل کو سفر یاد رہا ہر موڑ پہ اک نیا منظر یاد رہا

میں نے اپنی اس عادت کو بہت عرصہ کمزوری سمجھا۔ اب نہیں سمجھتی۔ اب لگتا ہے کہ شاید میرے قلم کی طاقت بھی یہی ہے اگر میرا ذہن ایک ہی لکیر پر چلتا تو شاید میں صرف ایک ہی زاویے سے لکھتی؛ مگر میرے اندر تو ہر لمحہ ایک نئی کھڑکی کھلتی ہے۔ ایک نیا سوال جنم لیتا ہے۔ ایک نئی سوچ سانس لینے لگتی ہے اور انھی سوچوں سے میرے کالم بنتے ہیں۔ میں نے محسوس کیا ہے کہ دنیا اکثر سیدھے جواب چاہتی ہے مگر زندگی کبھی سیدھے جواب نہیں دیتی۔ زندگی بھی تو ایک باغ ہے۔ کبھی خوشبو دیتی ہے، کبھی کانٹے، کبھی سایہ، کبھی دھوپ۔

شاید اسی لیے میرے لفظ بھی سیدھی سڑک پر چلنے سے انکار کرتے ہیں۔

وہ باغوں میں بھٹکنا پسند کرتے ہیں۔ میں آج بھی وہی ہوں اگر تم مجھ سے کوئی سوال کرو گے تو ممکن ہے میں جواب دیتے دیتے کسی کتاب تک پہنچ جاؤں، کسی شعر کا حوالہ دے دوں، بچپن کی کوئی یاد سنا دوں یا کسی خاموش احساس کو لفظ دے بیٹھوں۔ یہ میری بے ترتیبی نہیں، یہی میری ترتیب ہے اور اب میں نے خود کو ویسا ہی قبول کر لیا ہے جیسی میں ہوں

کیوں کہ ہر شخص کو سیدھی سڑک ہونے کی ضرورت نہیں۔ کچھ لوگوں کا پرانا باغ ہونا بھی ضروری ہے۔ شاید اسی لیے آج میں پورے یقین سے کہہ سکتی ہوں:

میں راستہ نہیں بھولتی۔

میں صرف راستوں میں چھپی ہوئی کہانیاں بھی اپنے ساتھ لے چلتی ہوں

اور اگر کبھی تمہیں لگے کہ میں پنڈی سے لاہور، پھر لاہور سے دبئی پہنچ گئی ہوں تو ذرا ٹھہر جانا۔

ممکن ہے میں ابھی بھی تمہارے پہلے سوال کا ہی جواب دے رہی ہوں، بس اپنے باغ کے راستے سے۔

شاید میرے باغ کی سب سے عجیب بات یہ بھی ہے کہ یہاں کوئی درخت دوسرے سے اونچا نہیں۔

باہر کی دنیا میں لوگ قد ناپتے ہیں۔ کوئی دولت سے بڑا ہو جاتا ہے، کوئی شہرت سے، کوئی عہدے سے، کوئی تعلق سے۔ میں نے بہت کوشش کی کہ میں بھی لوگوں کو انھی ترازوؤں میں تولنا سیکھ لوں مگر نہ جانے کیوں میرے ہاتھ ہر بار خالی رہ گئے۔ مجھے آج تک کوئی انسان دوسرے سے بڑا نہیں لگا۔ ہاں کسی کا درد ضرور دوسرے سے بڑا لگا۔

شاید اسی لیے لوگ مجھ سے اکثر شکایت کرتے ہیں۔ کہتے ہیں:

"تمہارے پاس ایک عجیب سی عینک ہے۔"

میں پوچھتی ہوں:

"کیسی عینک؟"

وہ ہنس کر کہتے ہیں:

"جس سے تمہیں سب لوگ ایک جیسے دکھائی دیتے ہیں۔"

میں بھی مسکرا دیتی ہوں کیوں کہ انھیں کیسے بتاؤں یہ عینک میں نے نہیں پہنی۔ یہ شاید میری آنکھوں کو پیدا کرنے والے نے پہنا دی ہے۔ میں کوشش بھی کروں تو شاید کسی کو بہت اوپر یا بہت نیچے دیکھ ہی نہیں سکتی۔ میرے لیے ہر انسان اپنے رب کی تخلیق ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کسی کے ہاتھ میں خوشیاں زیادہ ہیں اور کسی کے حصے میں آزمائشیں۔

کسی کو تخت ملا، کسی کو سفر ملا

ہمیں تو ہر بشر میں اک ہی بشر ملا۔

اسی لیے شاید میرے لیے نئے لکھنے والے اور بڑے ادیب میں زیادہ فرق نہیں۔ میں دونوں کی تحریر پڑھتے ہوئے پہلے لفظ نہیں دیکھتی میں دل دیکھتی ہوں۔ لفظ تو سیکھے جا سکتے ہیں۔

دل نہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ میری دوستیوں کا حساب بھی عجیب ہے۔

لوگ چاہتے ہیں کہ وہ میرے دل میں سب سے الگ جگہ رکھیں اور میں؛ میں کبھی کسی کے لیے الگ کمرہ بنا ہی نہیں سکی۔ میرا دل محل نہیں

مسافر خانہ ہے۔ جہاں جو تھکا ہوا آ جائے، میں اس کے لیے جگہ بنا دیتی ہوں۔ پھر وہ کچھ دیر بیٹھتا ہے، اپنے دل کا بوجھ رکھتا ہے اور چلا جاتا ہے۔ کبھی کبھی وہ واپس بھی نہیں آتا اور میں اگلے مسافر کے لیے پھر دروازہ کھول دیتی ہوں۔ اسی لیے شاید لوگ کہتے ہیں: "تم کسی کو خاص نہیں سمجھتیں۔"

میں خاموش رہتی ہوں

کیوں کہ انھیں کیسے سمجھاؤں خاص ہونا میرے اختیار میں نہیں۔

انسان ہونا میرے اختیار میں ہے۔ ایک وقت تھا جب میں بھی لوگوں کو پکڑ کر رکھنا چاہتی تھی۔

پھر زندگی نے سکھایا

ہاتھوں میں بند پرندے زیادہ دیر زندہ نہیں رہتے۔

تب سے میں نے تعلقات کو مٹھی میں بند کرنا چھوڑ دیا۔ جو رک جائے، وہ میرا۔ جو چلا جائے اس کے لیے دعا۔ جو لوٹ آئے

اس کے لیے بھی دعا۔ جو کبھی واپس نہ آئے اس کے لیے بھی دعا۔

تعلق کو زنجیروں میں کیوں بدلا جائے

جو دل میں ہے، اسے دل ہی میں رہنے دیا جائے۔

لوگ اکثر حیران ہوتے ہیں کہ میں اتنے لوگوں کی بات سن لیتی ہوں۔ وہ نہیں جانتے، میں یہ ان کے لیے نہیں کرتی۔ میں یہ اپنے ماضی کے لیے کرتی ہوں کیوں کہ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہیں جب میرے پاس کہنے کو بہت کچھ تھا اور سننے والا کوئی نہیں تھا۔ مجھے آج بھی وہ جملہ یاد ہے: "ابھی مصروف ہوں بعد میں بات کریں گے۔" شاید اسی ایک جملے نے میرے اندر ایک دروازہ کھول دیا۔ میں نے دل ہی دل میں خود سے وعدہ کیا تھا اگر کبھی میرے پاس وقت ہوا تو میں کسی کو یہ جملہ آسانی سے نہیں کہوں گی۔ اسی لیے کبھی کبھی آدھی رات کو بھی کسی اجنبی کا پیغام پڑھ لیتی ہوں۔ کبھی اپنے ہی لوگوں کے پیغامات مہینوں نہیں کھلتے۔ یہ تضاد نہیں۔

یہ زندگی کی تھکن ہے اور تھکا ہوا انسان بے وفا نہیں ہوتا۔ کبھی کبھی وہ صرف خاموش ہوتا ہے۔

لوگ سمجھتے ہیں میں راستے بھول جاتی ہوں۔

نہیں میں صرف ہر موڑ پر رکی ہوئی کہانی کو بھی ساتھ لے لیتی ہوں۔

لوگ سمجھتے ہیں میں سب کو ایک جیسا سمجھتی ہوں۔ ہاں شاید یہی میری سب سے بڑی کمزوری ہے یا شاید یہی میری سب سے بڑی طاقت۔ میں آج تک فیصلہ نہیں کر سکی اور سچ پوچھو اب کرنا بھی نہیں چاہتی؛ کیوں کہ میں نے زندگی سے ایک بات سیکھی ہے۔ ہر سوال کا جواب "ہاں" یا "نہیں" نہیں ہوتا۔ کچھ لوگ "درمیان" میں رہنے کے لیے پیدا ہوتے ہیں اور شاید میں انھی لوگوں میں سے ایک ہوں۔ اس لیے اگر کبھی تمہیں لگے کہ میں کسی ایک انسان کو سب سے زیادہ اہمیت نہیں دیتی تو اسے میری بے قدری نہ سمجھنا۔ شاید میرا دل محبت کو تقسیم کرنا جانتا ہی نہیں۔ وہ صرف دروازہ کھولنا جانتا ہے اور میرے اس پرانے باغ میں اب بھی ہر آنے والے کے لیے ایک سایہ محفوظ ہے

”اور پھر؛ پھر میں نے اپنے باغ کے آخری کونے میں ایک پرانا کنواں دریافت کیا۔“ وہ برسوں سے بند تھا۔ اس پر جالے لگے تھے، مٹی جمی تھی۔ لوگ کہتے تھے اس کا پانی کڑوا ہے مگر میں نے رسی ڈالی تو ڈول کے ساتھ میرے بچپن کی آواز اوپر آ گئی۔ وہ آواز جسے میں نے "بڑی ہو کر" دفن کر دیا تھا۔ اس کنویں کا پانی کڑوا نہیں تھا۔ وہ بس سچا تھا اور سچ ہمیشہ پہلے ذائقے میں کڑوا لگتا ہے۔ پینے کے بعد گلے میں ٹھنڈک اترتا ہے۔ تب سمجھ آتی ہے کہ کڑواہٹ دوا تھی، زہر نہیں۔

کنویں کی تہ میں جو اتر جائے وہی جانے

اوپر سے پانی کا رنگ تو صرف دھوپ جانے

میں نے اس کنویں کو پھر سے کھول دیا۔ اب جو بھی میرے باغ میں آتا ہے، میں اسے پانی پلاتی ہوں۔ کوئی پی کر مسکرا دیتا ہے، کوئی آنکھیں بند کر لیتا ہے۔ میں زبردستی نہیں کرتی۔ ہر پیاس کی اپنی مرضی ہے۔ کبھی سوچتی ہوں اگر میں سیدھی سڑک ہوتی تو شاید میرا کوئی کنواں نہ ہوتا۔ سڑک پر تو صرف نشان بنتے ہیں، گہرائی نہیں مگر باغ میں گہرائی ہوتی ہے۔ وہاں جڑیں اترتی ہیں، وہاں کنویں کھودے جاتے ہیں، وہاں راز دفن ہوتے ہیں۔ لوگ پوچھتے ہیں: "تم تھکتی نہیں؟" میں کہتی ہوں: "تھکتی ہوں مگر باغ کی مٹی میں لیٹ جاتی ہوں۔ درختوں سے بات کر لیتی ہوں۔ ہوا سے شکایت کر لیتی ہوں۔ پھر بہار لوٹ آتی ہے" کیوں کہ باغ کا اصول یہی ہے: مرجھانا بہار کی شرط ہے۔خاموشی گانے کی تیاری ہے اور ٹوٹنا جڑ پکڑنے کا بہانہ ہے۔

جو ٹوٹ کر بکھرا، وہی تو کامل ہوا

خدا نے ٹوٹے دلوں کو ہی اپنا گھر کہا

آخر میں اگر تم مجھ سے پوچھو کہ یہ سب لکھ کر میں کیا ثابت کرنا چاہتی ہوں؟ تو میں ہنس دوں گی کیوں کہ ثابت کرنا سڑکوں کا کام ہے۔ باغوں کا کام صرف مہکانا ہے۔

میں نہ تمہیں بدلنا چاہتی ہوں، نہ منوانا۔ میں بس یہ چاہتی ہوں کہ جب تم میرے لفظوں سے گزرو تو ایک لمحے کو ٹھہر جاؤ۔

جوتے اتار دو۔ مٹی کو چھو لو اور اپنے اندر کے اس پرانے باغ کو پہچان لو۔ ہو سکتا ہے تم بھی سیدھی سڑک نہ ہو۔ ہو سکتا ہے تم بھی بھٹکنے کے بہانے خود کو ڈھونڈ رہے ہو۔ ہو سکتا ہے تمہارے اندر بھی کوئی کنواں بند پڑا ہو، جس کا پانی تمہارا انتظار کر رہا ہو۔ تو ڈرو مت۔ رسی ڈالو۔

ڈول نیچے جائے گا۔ آواز اوپر آئے گی۔ اور تم جان جاؤ گے کہ تم اکیلے نہیں ہو کیوں کہ میں سیدھی سڑک نہیں ہوں۔ میں ایک پرانا باغ ہوں اور یہ باغ تب تک زندہ رہے گا

جب تک اس میں اپ جیسے مسافر آتے رہیں گے

اپنی تھکن رکھنے، اپنی پیاس بجھانے اور اپنی کہانی چھوڑ جانے۔