اتوار، 1 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بھارتی خاتون کی انٹرنیٹ سے طریقے سیکھ کر 2 کروڑ روپے سے زائد کی چوری


بھارت: حیدرآباد میں بند گھروں سے طلائی زیورات، نقدی اور آئی فون 17 چوری کرنے کے الزام میں 25 سالہ خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزمہ چوری کی 5 وارداتوں میں ملوث تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنے شوہر سے چھپ کر انٹرنیٹ کے ذریعے گھروں میں نقب لگانے کے طریقے سیکھے تھے۔ وہ وارداتوں کے دوران برقع پہن کر اپنی شناخت چھپاتی اور گرفتاری سے بچنے کی کوشش کرتی تھی۔

پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے سونے اور چاندی کے زیورات، نقدی اور آئی فون 17 برآمد کرلیا، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 70 لاکھ بھارتی روپے (2 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کی ایک بند گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں اسے سیاہ لمبا برقع، چہرے پر نقاب، سیاہ دستانے اور ہلکے نیلے رنگ کا بیگ پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔

فوٹیج میں خاتون گھر کا دروازہ کھولنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہے، تاہم ناکام رہنے کے بعد عمارت سے باہر نکل جاتی ہے۔

پولیس کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق ملزمہ مبینہ طور پر پُرتعیش طرزِ زندگی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے چوری کی وارداتیں کرتی تھی۔

اس کے علاوہ حیدرآباد میں چوری کی ایک دوسری کارروائی میں پولیس نے 20 روز کے دوران 10 وارداتیں کرنے کے الزام میں نوین نامی شخص کو بھی گرفتار کرلیا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے تقریباً 37 تولے، یعنی 430 گرام سونے کے زیورات برآمد کیے ہیں۔

پولیس دونوں ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ مبینہ وارداتوں کی مکمل تفصیلات اور دیگر چوری کی وارداتوں سے ممکنہ تعلق کا پتا لگایا جاسکے۔