اتوار، 25 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایران نے پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کردی


پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایران کی جانب سے پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنے اور ایل پی جی سمیت ایرانی اشیا کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے درآمدی ای فارم طریقہ کار میں تبدیلی کے باعث دوطرفہ تجارت متاثر ہوئی ہے۔

ایرانی سفیر نے اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران نے پاکستان کو ایل پی جی یا کسی بھی دوسری شے کی برآمد پر پابندی عائد نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھلی ہیں اور موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستان جیسے برادر ملک کے ساتھ سرحدیں بند کرنا نہ تو منطقی ہے اور نہ ہی کسی فریق کے مفاد میں۔

رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ای فارم نظام پر عمل درآمد میں تبدیلیوں کے باعث تاجروں کو ایران سے پاکستان سامان بھیجنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں تجارتی سامان کی ترسیل عملاً متاثر ہوئی ہے۔

ایرانی سفیر کے مطابق ایران سے ایل پی جی لے جانے والے کئی سو ٹرک رمدان سرحد کے راستے پاکستانی علاقے گبد میں داخل ہوئے، تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ان کا سامان اتارا نہیں جا سکا اور نہ ہی ٹرکوں کو ضروری کلیئرنس مل سکی۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں مزید متاثر ہوئی ہیں اور مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی حکام سے مشاورت جاری ہے۔

دوسری جانب پاکستانی اخبار ڈان کی 25 اکتوبر کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر میں گبد، رمدان سرحدی گزرگاہ پر ایک ہفتے کی معطلی کے بعد ہفتے کو تجارتی سرگرمیاں جزوی طور پر بحال کر دی گئی تھیں۔

ابتدائی طور پر ان کھیپوں کی نقل و حرکت کی اجازت دی گئی جن کے کنسائنمنٹ نوٹس 16 اکتوبر یا اس سے پہلے جاری ہوئے تھے۔ گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میر نوید جان کلمتی نے بھی سرحدی گزرگاہ پر تجارت کی بحالی کی تصدیق کی تھی۔