اتوار، 25 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

افغانستان سے ہونے والی دراندازی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا،طارق فضل چوہدری


وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے افغان حکام کی پاکستان کیخلاف الزام تراشی کو مسترد کردیا، کہا افغانستان بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہا کہ افغانستان کے پاکستان پر لگانے گئے الزامات کی کوئی حقیقت نہیں، افغانستان بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہوئی تو پاکستان ہر اقدامات کا حق رکھتا ہے، افغانستان دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرے، افغان حکام افغانستان سے ہونے والی دراندازی کا خاتمہ کریں۔ افغانستان سے ہونے والی دراندازی کا مکمل خاتمہ کیاجائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کودراندازی کےٹھوس ثبوت پیش کئےہیں، استنبول اوردوحامذاکرات میں افغان نمائندوں کودراندازی کےثبوت پیش کئےگئے، افغان نمائندوں کےپاس افغانستان سےہونےوالی دہشتگردی کاکوئی جواب نہ تھا، بات چیت کےباوجود افغان عبوری حکومت دراندازی روکنے کیلئے تیار نہ ہوئی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کی بات کی ہے ، جب بھی پاکستان پرجارحیت مسلط کی گئی تواس کامنہ توڑجواب دیا، آج بھی مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

دوسری جانب وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان رجیم کے حالیہ بیانات کا نوٹس لیا گیاہے، پاکستان کےخدشات دورکرنے کےبجائے الزام تراشی کی گئی، الزام تراشی سےطالبان رجیم اپنی ذمہ داری سےبری الذمہ نہیں ہوسکتی، طالبان رجیم افغان سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال ہونے سے روکے۔

بیان کے مطابق پاکستان کے خدشات قیاس آرائیوں پر مبنی نہیں، پاکستان کے خدشات اقوام متحدہ اور امریکی رپورٹوں پرمبنی ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی کی نشاندہی کرچکی، امریکی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان ٹی ٹی پی کو کارروائیاں کرنے کی اجازت دیتے رہے۔