اتوار، 25 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید


ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا،آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 2 جوان شہید ہوگئے، شہداء میں گجرات کے 36 سال کے نائیک غلام مرتضیٰ اور تلہ گنگ کے 30سال کے سپاہی تاثیر احمد شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، سیکیورٹی فورسزاورقانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کیخلاف بھرپورمہم جاری رکھیں گے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے غیرملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کی لعنت جڑ سے ختم کرنےکیلئے پر عزم ہیں، بہادرجوانوں کی یہ قربانیاں قوم کی حفاظت کےغیرمتزلزل عزم کومزید تقویت دیتی ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان میں بھی سیکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں جاری ہیں،قلعہ سیف اللہ میں آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش ہلاک ہوگیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل شاہ دسمبر 2020 سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا، 2024 سے دہشت گرد گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کررہا تھا۔