غزہ کی اسلامی یونیورسٹی پر اسرائیلی حملہ، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی

غزہ شہر کی اسلامی یونیورسٹی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں تین افراد جاں بحق جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے، ہسپتال انتظامیہ اور یونیورسٹی کے عملے نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کے روز حملے کے وقت یونیورسٹی میں طلبہ کی کلاسز جاری تھیں، یونیورسٹی کے عملے سے وابستہ دو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد انتظامی عملے کے ارکان تھے، جبکہ زخمیوں میں طلبہ بھی شامل ہیں۔
غزہ کی وزارت تعلیم نے یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنائے جانے پر عالمی برادری کی خاموشی ایسے واقعات کے تسلسل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
وزارت تعلیم کے مطابق غزہ کا اعلیٰ تعلیمی شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور جنگ کے نتیجے میں تعلیمی اداروں کی 95 فیصد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹی پر حملہ تعلیمی شعبے کو نشانہ بنانے کے مسلسل واقعات کا حصہ ہے۔ گزشتہ چھ روز کے دوران بھی اسرائیلی حملوں میں 10 طلبہ اور اساتذہ جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز غزہ کے دیگر علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں مزید چار افراد جاں بحق ہوئے۔ یونیورسٹی پر حملے کے حوالے سے اسرائیلی فوج سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو اس نے کہا کہ موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے دوران تعلیمی ادارے، جامعات اور دیگر شہری تنصیبات شدید متاثر ہوئی ہیں، جبکہ طلبہ اور اساتذہ بھی جانی نقصان سے دوچار ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں





