امریکا شرائط مانے تو چھٹے روز آبنائے ہرمز کھلے گا، ساتویں روز مذاکرات ہونگے: ایران

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کو پیش کی گئی ایران کی سات روزہ تجویز اب بھی برقرار ہے۔ امریکی شرائط تسلیم کرنے کی صورت میں آبنائے ہرمز چھٹے روز کھول دی جائے گی جبکہ ساتویں روز مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔
بغداد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے 52ویں اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کو تنازعات کے حل میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یمن سے متعلق او آئی سی اجلاس میں سنجیدہ بات چیت ہوئی، جس میں سعودی عرب سمیت مختلف ممالک نے اپنے مؤقف پیش کیے۔ ایران نے یمن سے متعلق قرارداد میں منصفانہ اور متوازن مؤقف اپنانے پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی غیر متوازن قرارداد کی توثیق نہیں کرسکے گا۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی صورت دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا اور اپنے دفاع کے لیے پہلے سے زیادہ تیار ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے عراقی وزیراعظم علی الزیدی سے ملاقات بھی کی، جس میں سعودی عرب اور یمن تنازع سمیت خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے یمن کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور علاقائی کشیدگی کم کرنے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی۔ عباس عراقچی نے کہا کہ مغربی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ اسرائیل کا قبضہ اور توسیع پسندانہ پالیسیاں ہیں۔





