جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسرائیل نے غذائی قلت سے جاں بحق 17 سالہ فلسطینی نوجوان کی میت ڈیڑھ سال بعد اہلخانہ کے حوالے کردی


اسرائیلی حکام نے 17 سالہ فلسطینی نوجوان ولید احمد کی میت ڈیڑھ سال بعد اس کے اہل خانہ کے حوالے کردی۔ فلسطینی نوجوان ولید احمد مارچ 2025 میں میگیدو جیل میں شدید غذائی قلت کے باعث شہید ہوگیا تھا۔ اسرائیلی حکام نے اس کی میت ڈیڑھ سال سے زائد عرصے تک تحویل میں رکھی، حالانکہ موت کی تحقیقات کے لیے اسے مزید اپنے پاس رکھنے کی ضرورت نہیں تھی۔

ولید احمد کی موت کے فوراً بعد تل ابیب کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فارنزک میڈیسن میں پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا، جس کی رپورٹ ایک سال سے زائد عرصہ قبل عدالت میں جمع کروائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق نوجوان شدید غذائی قلت، آنتوں کی بیماری اور خارش میں مبتلا تھا۔ آنتوں کی بیماری کے باعث اس کے جسم میں انفیکشن پھیل گیا تھا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کا وزن غیر معمولی حد تک کم ہوچکا تھا۔ ولید کی خراب جسمانی حالت کے باعث مدافعتی نظام بھی ممکنہ طور پر ناکارہ ہوگیا تھا۔ تاہم پوسٹ مارٹم سے موت کی حتمی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔

رپورٹ کے خلاصے میں کہا گیا کہ آنتوں کی بیماری سے پیدا ہونے والے انفیکشن کے نتیجے میں سوزش ہوئی، جس کے باعث ممکنہ طور پر جسم کے اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا۔

برازیل کی شہریت رکھنے والے ولید احمد کو موت سے تقریباً چھ ماہ قبل مبینہ طور پر آتش گیر مواد سے بھری بوتلیں پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ان کے والد خالد احمد کا کہنا ہے کہ گرفتاری سے پہلے ان کا بیٹا صحت مند تھا، باقاعدگی سے کھیلوں میں حصہ لیتا تھا اور اسے کوئی طبی مسئلہ درپیش نہیں تھا۔ حیدرا کی مجسٹریٹ عدالت کے جج ایہود کپلن، جو نوجوان کی موت کی تحقیقات کی نگرانی کررہے تھے، نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ ’’اس حقیقت کو چھپایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی چھپانا چاہیے کہ ممکنہ طور پر اسے بھوکا رکھا گیا۔‘‘

اس کے باوجود جج نے گزشتہ دسمبر میں تحقیقات بند کردی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم میں ولید احمد کی خراب جسمانی حالت، کم وزن، خارش اور انفیکشن کے درمیان موت سے براہ راست تعلق ثابت نہیں ہوسکا۔ جج کے مطابق، ’’ان حالات میں تحقیقات اپنی حد تک پہنچ چکی ہیں۔‘‘

اسرائیلی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ معاملے کی تحقیقات اب بھی جاری ہیں، تاہم اہل خانہ کی وکیل نادیہ کا کہنا ہے کہ انہیں ایسی کسی تحقیقات کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔