پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اضطراب زدہ نسل، تحریر:پروفیسر عامر زریں

نقطہ نظر

ہم ایک ایسے عہد میں سانس لے رہے ہیں جہاں دُنیا کی تمام تر معلومات انسان کی انگلیوں کی جنبش سے وابستہ ہو چکی ہیں۔ چند لمحوں میں ہم ہزاروں میل دور کسی واقعے سے آگاہ ہو سکتے ہیں، دُنیا کے کسی بھی خطے میں موجود شخص سے رابطہ کر سکتے ہیں اور علم و تحقیق کے وسیع ذخیرے تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ بلاشبہ یہ انسانی ترقی کا ایک حیرت انگیز باب ہے، لیکن اس ترقی کے ساتھ ایک ایسا خاموش بحران بھی جنم لے رہا ہے جس کا تعلق ہماری نئی نسل کی ذہنی صحت، شخصیت کی تعمیر اور سماجی زندگی سے ہے۔


معروف امریکی ماہرِ نفسیات جوناتھن ہیڈٹ نے اپنی کتاب”The Anxious Generation“میں اسی بحران کو موضوع بنایا گیاہے۔ مصنف کے نزدیک جدید نسل کے اضطراب، تنہائی اور ذہنی دباؤ کی ایک اہم وجہ بچپن کا حقیقی دُنیا سے ڈیجیٹل دُنیا کی طرف منتقل ہونا ہے۔ ان کا استدلال ہے کہ ہم نے بچوں کو حقیقی زندگی کے خطرات سے بچانے کے لیے ان کے گرد حفاظتی حصار تو قائم کر دیا، لیکن انہیں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی پیچیدہ دُنیا میں مناسب تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے۔


کچھ دہائیاں پہلے تک بچپن کی شناخت کھیل کے میدانوں، گلیوں، دوستوں کی محفلوں اور آزادانہ سرگرمیوں سے ہوتی تھی۔ بچے سائیکل چلاتے، درختوں پر چڑھتے، کھیل میں ہارتے جیتتے، معمولی جھگڑوں کے بعد دوبارہ دوستی کر لیتے اور اپنی غلطیوں سے سیکھتے تھے۔ ان سرگرمیوں میں بظاہر کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی، مگر درحقیقت یہی تجربات ان کی شخصیت کی بنیاد بناتے تھے۔ لیکن ……آج صورتِ حال مختلف ہے۔ بچوں کی ایک بڑی تعداد اپنا فارغ وقت موبائل فون، ویڈیو گیمز اور سوشل میڈیا پر صرف کرتی ہے۔ کھیل کے میدانوں کی جگہ ڈیجیٹل اسکرینوں نے لے لی ہے۔ اب دوستی کا اظہار بالمشافہ ملاقات کے بجائے پیغامات، ایموجیز اور آن لائن سرگرمیوں سے ہونے لگا ہے۔ہیڈٹ اس تبدیلی کو کھیل پر مبنی بچپن سے فون پر مبنی بچپن کی طرف منتقلی قرار دیتے ہیں۔ ان کے خیال میں اس تبدیلی نے بچوں کی سماجی اور نفسیاتی نشوونما کو متاثر کیا ہے۔


سوشل میڈیا کی دُنیا بظاہر خوشیوں، کامیابیوں اور خوبصورت مناظر سے بھری ہوئی ہے۔ ہر شخص اپنی زندگی کا بہترین پہلو دوسروں کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ کسی کی خوبصورت تصویر، کسی کی کامیابی، کسی کی مہنگی گاڑی اور کسی کی پُرتعیش زندگی دیکھ کر نوجوان لاشعوری طور پر اپنا موازنہ کرنے لگتے ہیں۔یہ موازنہ بعض اوقات احساسِ کمتری، عدم اطمینان اور ذہنی دباؤ کا سبب بنتا ہے۔ نوجوان یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ ان کی زندگی دوسروں سے کمتر ہے، ان کی شخصیت میں کوئی کمی ہے یا وہ معاشرتی طور پر مطلوبہ مقام حاصل نہیں کر سکے۔بالخصوص نوجوان لڑکیوں کے لیے ظاہری حسن، جسمانی ساخت اور آن لائن مقبولیت کے معیارات اضافی نفسیاتی دباؤ پیدا کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف لڑکوں میں ڈیجیٹل سرگرمیوں، ویڈیو گیمز اور حقیقی سماجی روابط سے دوری کے مسائل بھی زیرِ بحث آتے ہیں۔یہاں ہمیں سمجھنا ہوگا کہ سوشل میڈیا پر دکھائی دینے والی زندگی ہمیشہ حقیقی زندگی کا مکمل عکس نہیں ہوتی۔


بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ محبت، نگرانی اور تحفظ یقیناً ضروری ہیں، لیکن ضرورت سے زیادہ پابندیاں بھی بچے کی شخصیت کو محدود کر سکتی ہیں۔اگر ہم بچے کو ہر مشکل سے بچائیں گے، ہر مسئلے کا حل خود فراہم کریں گے اور اسے آزادانہ فیصلے کرنے کا موقع نہیں دیں گے تو ممکن ہے وہ عملی زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار نہ ہو۔

بچے کو عمر اور حالات کے مطابق آزادی دینا، چھوٹی ذمہ داریاں سونپنا، دوستوں کے ساتھ کھیلنے دینا اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کا موقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ خود اعتمادی محض نصیحتوں سے پیدا نہیں ہوتی بلکہ عملی تجربات سے پروان چڑھتی ہے۔اسی طرح والدین کو اپنے رویوں کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ اگر گھر کے بڑے خود ہر وقت موبائل فون میں مصروف رہیں تو بچوں سے ڈیجیٹل نظم و ضبط کی توقع کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔تعلیمی ادارے صرف نصابی تعلیم فراہم کرنے کے مراکز نہیں بلکہ شخصیت سازی کے اہم مقامات بھی ہیں۔ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ میں تنقیدی شعور، سماجی ذمہ داری، برداشت اور حقیقی انسانی تعلقات کی اہمیت اُجاگر کریں۔اسکولوں میں موبائل فون کے استعمال کے حوالے سے واضح اور متوازن ضابطے ہونے چاہئیں۔ کھیلوں، مباحثوں، ادبی سرگرمیوں، سائنسی تجربات اور گروہی منصوبوں کو فروغ دیا جائے تاکہ طلبہ اپنی صلاحیتوں کو حقیقی ماحول میں آزما سکیں۔


پاکستان جیسے معاشرے میں یہ مسئلہ مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے جہاں تعلیمی وسائل کی کمی، معاشی دباؤ اور ڈیجیٹل سہولتوں تک غیر مساوی رسائی بھی بچوں کی زندگیوں پر اثرانداز ہوتی ہے۔ ہمیں ہر بچے کے لیے یکساں حالات فرض کرنے کے بجائے اس کے سماجی اور معاشی پس منظر کو بھی پیشِ نظر رکھنا ہوگا۔


یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ ہر اسمارٹ فون یا ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ ٹیکنالوجی تعلیم، تخلیقی صلاحیتوں، معلومات اور رابطے کے بے شمار مواقع فراہم کرتی ہے۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب اس کا استعمال غیر متوازن ہو جائے اور انسانی زندگی کے بنیادی تقاضے پس منظر میں چلے جائیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کو ڈیجیٹل خواندگی سکھائی جائے۔ انہیں بتایا جائے کہ آن لائن معلومات کی تصدیق کیسے کی جاتی ہے، سائبر ہراسانی سے کیسے بچا جاتا ہے، ذاتی معلومات کی حفاظت کیوں ضروری ہے اور ڈیجیٹل مواد کے نفسیاتی اثرات کو کیسے سمجھا جا سکتا ہے۔

ٹیکنالوجی کمپنیوں، والدین، اساتذہ اور ریاست کو بھی مشترکہ ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔ بچوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل محض انفرادی خاندانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ اجتماعی سماجی ذمہ داری ہے۔


جوناتھن ہیڈٹ کی کتاب ہمیں ایک اہم سوال کی طرف متوجہ کرتی ہے: کیا ہم اپنی نئی نسل کو ایک ایسی دُنیا کے لیے تیار کر رہے ہیں جہاں وہ حقیقی زندگی کے مسائل کا سامنا کرنے کے بجائے صرف اسکرینوں کے ذریعے زندگی کو سمجھنے کی کوشش کرے گی؟ بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے محروم کرنا حل نہیں، لیکن انہیں اس کا اسیر بنا دینا بھی دانش مندی نہیں۔ ہمیں ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں علم کے ساتھ کردار، آزادی کے ساتھ ذمہ داری، اور ڈیجیٹل رابطوں کے ساتھ حقیقی انسانی تعلقات بھی فروغ پائیں۔


یاد رکھیے، ایک صحت مند نسل صرف جدید آلات کی محتاج نہیں ہوتی؛ اسے محبت، اعتماد، کھیل، مکالمے، رہنمائی اور زندگی کے حقیقی تجربات کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ہمیں اپنے بچوں کے ہاتھوں میں موبائل فون دینے سے پہلے ان کے ذہنوں میں شعور، دلوں میں احساس اور شخصیت میں خود اعتمادی پیدا کرنے کی فکر کرنی چاہیے۔ کیونکہ مستقبل کی مضبوط عمارت آج کے صحت مند بچپن ہی کی بنیاد پر تعمیر ہو سکتی ہے۔