منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جب دل کو اللہ کی ناراضگی کا خوف ہو،تحریر:نورین قادر

نقطہ نظر

فاطمہ نماز ادا کرنے اور قرآنِ پاک کی تلاوت مکمل کرنے کے بعد کافی دیر سے نور العین کو دیکھ رہی تھی۔ وہ محسوس کر رہی تھی کہ آج نور العین کچھ خاموش ہے۔ اس کے چہرے پر ایک عجیب سی اداسی تھی، جیسے دل میں کوئی بات چھپا رکھی ہو، مگر زبان پر لانے کی ہمت نہ ہو۔ آخرکار فاطمہ سے رہا نہ گیا۔ اس نے نرمی سے پوچھ ہی لیا۔ ’’نور العین! کیا بات ہے؟ آج اتنی خاموش کیوں ہو؟ کوئی پریشانی ہے تو مجھ سے کہہ سکتی ہو۔‘‘

نور العین نے نظریں اٹھا کر فاطمہ کو دیکھا۔ کچھ لمحے خاموش رہی، پھر دھیمی آواز میں بولی۔ ’’فاطمہ آپی! ایک بات پوچھوں؟‘‘

’’ہاں، پوچھو!‘‘ فاطمہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔

’’آپی! اگر ہم انسانوں سے کوئی گناہ ہو جائے تو کیا اللہ ہم سے ناراض ہو جاتے ہیں؟ اور اگر وہ ہم سے ناراض ہو جائیں تو ہمیں کیسے پتا چلتا ہے؟‘‘

فاطمہ نے اس کی بات غور سے سنی، پھر قرآنِ پاک کو احترام سے ایک طرف رکھتے ہوئے بولی۔ ’’نور العین! انسان خطا کا پتلا ہے۔ ہم سے جانے انجانے میں غلطیاں ہوتی ہیں۔ کبھی نفس کے ہاتھوں، کبھی خواہشات کے پیچھے چلتے ہوئے اور کبھی دنیا کی چمک دمک میں اپنے رب کو بھول کر۔ لیکن ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا: گناہ ہو جانا اور گناہ پر اَڑ جانا، دونوں میں فرق ہے۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے۔ وہ اپنے بندے کے لیے توبہ کا دروازہ کھلا رکھتا ہے۔‘‘

نور العین نے فوراً سوال کیا۔ ’’تو فاطمہ آپی! ہمیں کیسے معلوم ہو کہ اللہ ہم سے راضی ہیں یا ناراض؟‘‘

فاطمہ نے اس کے سر پر ہاتھ رکھا اور کہا۔ ’’دیکھو! یہ فیصلہ کرنا ہمارے اختیار میں نہیں کہ فلاں شخص سے اللہ راضی ہے یا ناراض۔ البتہ جب انسان کو اپنی غلطی کا احساس ہونے لگے، گناہ کے بعد دل بے چین ہو، نماز کی طرف لوٹنے کی خواہش پیدا ہو اور اپنے رب کے سامنے جھکنے کو دل چاہے تو یہ اللہ کی طرف سے ملنے والی بڑی نعمت ہے۔ سجدے کی توفیق کو معمولی مت سمجھنا۔ ہمیں ہر حال میں اپنے رب سے اس توفیق کی دعا مانگنی چاہیے۔‘‘

نور العین نے کچھ سوچتے ہوئے پوچھا۔ ’’آپی! پھر ہم اللہ کو کیسے راضی کر سکتے ہیں؟ کیا صرف نماز پڑھنے سے اللہ راضی ہو جاتے ہیں؟‘‘ فاطمہ مسکرائی۔ ’’نماز تو اللہ سے تعلق جوڑنے کا سب سے خوبصورت ذریعہ ہے، لیکن اللہ کی رضا کے لیے صرف نماز ہی نہیں، اپنے معاملات بھی درست کرنے پڑتے ہیں۔ کسی کا دل دکھایا ہے تو معافی مانگو، کسی کا حق دبایا ہے تو واپس کرو، کسی کے ساتھ ناانصافی کی ہے تو اس کی تلافی کرو۔ گناہ چھوڑو، سچے دل سے توبہ کرو اور دوبارہ اس راستے پر نہ جانے کا پختہ ارادہ کرو۔ یاد رکھو، اللہ کی محبت کا دعویٰ صرف زبان سے نہیں، عمل سے بھی ثابت ہوتا ہے۔‘‘

نور العین کی آنکھوں میں نمی اتر آئی۔ ’’آپی! کبھی کبھی مجھے اپنے گزرے ہوئے وقت سے بہت ڈر لگتا ہے۔ سوچتی ہوں کہ میں نے کتنی غلطیاں کی ہیں، کتنی مرتبہ اللہ کے حکم کو نظر انداز کیا ہے۔ کیا میرا رب مجھے معاف کر دے گا؟‘‘ فاطمہ نے اس کے ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لے لیے۔ ’’نور العین! کبھی اپنے گناہوں کو اللہ کی رحمت سے بڑا مت سمجھنا۔ ندامت کے آنسو قیمتی ہوتے ہیں، مگر صرف رونا کافی نہیں؛ اپنی اصلاح کی کوشش بھی ضروری ہے۔ سچی توبہ وہ ہے جس میں انسان اپنے گناہ پر شرمندہ ہو، اسے چھوڑ دے اور دوبارہ نہ کرنے کا پختہ ارادہ کرے۔ اور اگر کسی انسان کا حق مارا ہے تو اسے ادا کرے۔ اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس مت ہونا۔‘‘

نور العین نے فاطمہ کی طرف دیکھا۔ ’’آپی! آپ تو اتنی نمازیں پڑھتی ہیں، قرآنِ پاک کی تلاوت کرتی ہیں۔ کیا آپ کو کبھی اپنے گناہوں کا خوف نہیں آتا؟‘‘ فاطمہ کے چہرے سے مسکراہٹ کچھ دیر کے لیے غائب ہو گئی۔ اس نے گہری سانس لی اور بولی۔ ’’نور العین! تمہیں لگتا ہے کہ میں بہت نیکوکار ہوں؟ ایسا بالکل نہیں ہے۔ میں بھی تمہاری طرح ایک عام انسان ہوں۔ مجھ سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں، میں بھی اپنے نفس سے لڑتی ہوں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ میں نے کوشش نہیں چھوڑی۔ میں چاہتی ہوں کہ میری زندگی کا ہر آنے والا دن مجھے اللہ کے قریب لے جائے۔ میں مکمل نہیں ہوں، لیکن بہتر بننے کی کوشش ضرور کر رہی ہوں۔‘‘ وہ چند لمحے رکی، پھر بولی۔ ’’جانتی ہو، نور العین! جس دل میں اللہ کا خوف زندہ ہو، وہ دل گناہ کے بعد بے حس نہیں رہتا۔ اسے اپنی غلطی چبھتی ہے، وہ اپنے رب کے سامنے جواب دہی سے ڈرتا ہے۔ لیکن اس خوف کو مایوسی نہیں بننے دینا چاہیے، بلکہ اسے اپنی اصلاح کا ذریعہ بنانا چاہیے۔‘‘

نور العین خاموشی سے سنتی رہی۔ فاطمہ نے مزید کہا۔ ’’ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا، لوگوں کو خوش کرنے کے لیے کبھی ایسا کام مت کرنا جس سے اللہ ناراض ہو۔ دنیا کے لوگ تمہاری ظاہری زندگی دیکھتے ہیں، تمہارے لباس، تمہاری حیثیت اور تمہاری کامیابیوں کو پرکھتے ہیں، لیکن اللہ تمہارے دلوں کے حال اور تمہارے اعمال سے خوب واقف ہے۔ اگر کسی کو خوش کرنے کے لیے تمہیں اپنے رب کی نافرمانی کرنی پڑے تو ایسی خوشی سے بہتر ہے کہ تم تنہا رہ لو۔‘‘

’’لیکن آپی! اگر لوگ ہم سے ناراض ہو جائیں تو؟‘‘ نور العین نے معصومیت سے پوچھا۔ فاطمہ نے محبت سے جواب دیا۔ ’’ہر انسان کو خوش رکھنا ممکن نہیں، نور العین! تم کتنی ہی اچھی کیوں نہ بن جاؤ، کسی نہ کسی کو تم سے شکایت ضرور ہوگی۔ اس لیے اپنی زندگی لوگوں کی پسند اور ناپسند کے مطابق مت گزارو۔ البتہ کسی کا دل جان بوجھ کر مت دکھاؤ، اپنے اخلاق اچھے رکھو، سب کے حقوق ادا کرو، لیکن اپنے رب کے حکم پر سمجھوتہ مت کرو۔ لوگ تمہارے ساتھ ہمیشہ نہیں رہیں گے، مگر تمہیں ہر حال میں اپنے اللہ کے سامنے حاضر ہونا ہے۔‘‘

یہ کہتے ہوئے فاطمہ نے نور العین کے آنسو صاف کیے۔ ’’بس، خود کو اللہ سے جوڑ لو۔ جب دل پریشان ہو تو اس سے بات کرو، جب کوئی راستہ سمجھ نہ آئے تو اس سے رہنمائی مانگو اور جب گناہ ہو جائے تو اس کے سامنے جھک جاؤ۔ اپنے رب سے دور مت بھاگنا، کیونکہ تمہاری واپسی کا راستہ اسی کی رحمت سے روشن ہوتا ہے۔‘‘

نور العین نے فاطمہ کے کندھے پر سر رکھ دیا۔ ’’آپی! آج مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ میں نے لوگوں کو خوش رکھنے کی کوشش میں خود کو کتنا تھکا لیا تھا۔ شاید میں بھول گئی تھی کہ میرا اصل سہارا تو اللہ ہے۔‘‘

فاطمہ نے اس کے ماتھے پر بوسہ دیا۔ ’’تو پھر آج سے ایک نیا سفر شروع کرو۔ ایسا سفر جس میں تمہیں لوگوں کی تعریف سے زیادہ اللہ کی رضا عزیز ہو۔ یاد رکھنا، ہدایت مل جانا ہی کافی نہیں، اس پر قائم رہنے کے لیے بھی ہر روز دعا اور کوشش کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘

نور العین نے اپنے ہاتھ دعا کے لیے اٹھا دیے۔ اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے اور لبوں پر ایک ہی دعا تھی:

’’یا اللہ! میں نے بہت کوتاہیاں کی ہیں، مگر اب تیرے در سے کہیں اور نہیں جانا چاہتی۔ مجھے معاف فرما دے، میرے دل کو ہدایت پر قائم رکھ اور مجھے کبھی اپنی رحمت سے محروم نہ کرنا۔‘‘

فاطمہ بھی اس کے ساتھ دعا میں شامل ہو گئی۔ کمرے میں خاموشی تھی، مگر اس خاموشی میں ایک نئی امید جنم لے چکی تھی۔ آج نور العین نے یہ سمجھ لیا تھا کہ اللہ کی طرف لوٹنے کے لیے کسی خاص دن، خاص عمر یا کسی خاص موقع کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ جب احساسِ ندامت دل میں جاگ جائے، وہی واپسی کا بہترین لمحہ ہے۔

انسان کی زندگی میں سب سے بڑی محرومی یہ نہیں کہ اس سے گناہ ہو گیا، بلکہ سب سے بڑی محرومی یہ ہے کہ گناہ کے بعد اسے اپنی غلطی کا احساس ہی نہ ہو۔ اپنے رب سے تعلق کبھی مت توڑیے، کیونکہ دنیا کے دروازے بند ہو سکتے ہیں، لوگ ساتھ چھوڑ سکتے ہیں، مگر اللہ کی رحمت کا دروازہ سچی توبہ کرنے والوں کے لیے ہمیشہ کھلا ہے۔ لوگوں کی نظروں میں اچھا بننے سے پہلے اپنے اعمال کو اللہ کی رضا کے مطابق بنانے کی کوشش کیجیے، کیونکہ آخرکار ہمیں لوگوں کے سامنے نہیں، اپنے رب کے سامنے جواب دینا ہے۔