Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جماعت اسلامی، کسانوں اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ، ریڈ زون مکمل سیل کرنے کی تیاریاں تیز


جماعت اسلامی، کسانوں اور تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کے ریڈ زون اور توسیع شدہ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جبکہ ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام پانچ راستوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریڈ زون کی طرف جانے والے پانچوں راستوں پر کنٹینرز کی دو، دو تہیں قائم کی جائیں گی اور سیکیورٹی کے لیے بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ توسیع شدہ ریڈ زون کو بھی سیل کردیا جائے گا اور اسے صرف ہنگامی صورتحال میں کھولا جائے گا۔ احتجاج اور لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرلز پولیس سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد کی سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور لانگ مارچ کو ہر صورت روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے بعد ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی مزید کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کی نفری کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے اور پولیس اہلکاروں کی آج سے اگلے ماہ کی 10 تاریخ تک ہر قسم کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی اور تعیناتی کی جگہوں پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ احتجاج اور لانگ مارچ کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا جاسکے۔ حکام کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات اور داخلی راستوں پر سیکیورٹی اقدامات مزید بڑھائے جارہے ہیں، جبکہ ریڈ زون اور توسیع شدہ زون کی نگرانی کے لیے بھی اضافی انتظامات کیے جارہے ہیں۔